• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مجھے رافیل ندال کا حریف کہلانے پر فخر اور خوشی محسوس ہوتی ہے: نوواک جوکووچ

Updated: November 22, 2024, 1:09 PM IST | Agency | Málaga/Spain

ہسپانوی کھلاڑی کے ریٹائرمنٹ پر موجودہ اور سابق ٹینس کھلاڑیوں نے انہیں کھیل کاسفیر کہتے ہوئے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔

Serena Williams. Photo: INN
سرینا ولیمز۔تصویر : آئی این این

ہسپانوی ٹینس کھلاڑی رافیل ندال نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ گزشتہ روز اسپین کے لئے انہوں نے ڈیوس کپ میں اپنے کریئر کا آخری میچ کھیلا۔ حالانکہ انہیں اس مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے ریٹائر منٹ پر موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے ۲۲؍ گرینڈ سلیم خطاب جیتنے والے شاندار کھلاڑی کو مبارکباد دیں اور آئندہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کھلاڑیوں میں سیرینا ولیمز، نوواک جوکووچ سے لے کر آئیگا سواتک اور ٹیلر فریٹز ہ دیگر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ 
’’آپ کی لگن، آپ کا لڑنے کا جذبہ، آپ کی توانائی طاقت، ایسی چیزیں ہیں جن کا مطالعہ کیا جائے گا اوریہ آنے والی بہت سی نسلوں میں منتقل ہوں گی۔ مجھے آپ کا حریف کہلانے پر فخر اور خوشی ہے۔ ٹینس کی دنیا اور کھیل کی دنیا آپ کی لائی ہوئی ناقابل یقین توانائی کو یاد رکھے گی۔ ‘‘
 نوواک جوکووچ
’’آپ نے جس جذبے اور شدت کے ساتھ کھیلا ہے وہ ایسی چیز ہے جس کی تمام ٹینس کھلاڑی خواہش رکھتے ہیں ۔ تمام ٹینس فین آپ کو یاد کریں گے۔ آپ کو دیکھنا حیرت انگیز رہا ہے۔ 
 اینڈی مرے
’’وہ نوجوان ٹینس کھلاڑیوں، بچوں کیلئے مثالی رول ماڈل ہیں۔ اور ان کے ساتھ کھیلنے اور کسی ایسے شخص کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملنا ایک اعزاز کی بات ہے جنہیں کھیلتے ہوئےدیکھ کر میں بڑا ہوا ہوں ۔ یہ بڑاعجیب احساس ہے۔ میرے خیال سے ایک دور کا اختتام ہے۔ کھیل کے تئیں ان کے جذبہ کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ 
 ٹیلر فریٹز
’’مجھے ان کے ساتھ کورٹ پر اور اس سے باہر لمحات کا تجربہ کرنے میں بہت خوشی ہوئی۔ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ میں ان کے ساتھ مزید وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ ‘‘
 کارلوس الکاراز
’’ایمانداری سے کہوں تو وہ واحد کھلاڑی تھے جنہیں میں کھیلتے ہوئے دیکھنا پسند کرتی تھی۔ مجھے نہیں معلوم کہ اب میں ٹینس دیکھوں گی یا نہیں۔ ‘‘
 آئیگا سواتیک
’’انہیں کھیلتے ہوئے دیکھنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ میں ان کے میچوں کو دیکھنے گئی ہوں اور انہیں براہ راست دیکھا ہے۔ وہ ایک بہت خاص ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے مجھے ہر پوائنٹ کیلئے لڑنے کے لئے متاثر کیا اور تحریک دی۔ ان کا رویہ کچھ الگ قسم کا ہے، آئکونک۔ ‘‘
 ایلینا سوویتولینا
’’جہاں تک میں نے سنا ہے، کورٹ سے باہر، وہ کامیابی کے باوجود بالکل نہیں بدلے۔ اور یہ کچھ ایسا ہے جو کرنا آسان نہیں ہوتا۔ میں ان کی عزت کرتا ہوں۔ ‘‘
 ڈینیل میدویدیف
’’کورٹ پر ان کی توانائی جارحانہ حد تک ہوا کرتی تھی لیکن کورٹ سے باہر، وہ واقعی نرم مزاج اور اچھے شخص ہیں۔ وہ کسی کے لئے بھی ایک ناقابل یقین رول ماڈل ہیں اور ایسا کوئی نہیں ہے جو ان کی نقل کرنے کی کوشش نہیں کرتے حالانکہ یہ بہت مشکل ہے لیکن ان کی کچھ خاصیت حاصل کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ ‘‘
 یانک ہافمین
’’جس طرح وہ مقابلہ کرتے ہیں وہ ناقابل یقین ہوتا ہے۔ وہ میچ میں چاہے جتنا پچھڑ رہے ہوں پھر بھی وہ جیتنے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ وہ ان لوگوں میں سے ایک ہیں جن کے بارے میں آپ کبھی یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ ہار گئے ہیں۔ وہ ایک شاندار اور پُرجوش کھلاڑی ہیں۔ پہلی بار ان سے ملاقات کو میں کبھی بھلا نہیں سکوں گا۔ مجھے ان کے ساتھ چند مرتبہ مشق کرنے کا موقع ملا، جو میرے لئے حیرت انگیز تجربہ تھا۔ ظاہر ہے، مجھے ان کے خلاف کبھی نہیں کھیلنا پڑا۔ شاید خوش قسمت ہوں کہ مجھے کبھی ان کے خلاف کھیلنا نہیں پڑا۔ ‘‘
 بین شیلٹن
آپ کےکھیل سے مجھے تحریک اور ترغیب ملی:سیرینا ولیمز
۲۳؍گرینڈ سلیم خطاب جیت چکی امریکہ کی خاتون ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمز نے اپنے اسٹاگرام پر اپنا ایک ویڈیو شیئر کیا جس میں وہ رافیل ندال کی تصویر والی ٹی شرٹ پہنے ہوئی ہیں اور سر پر رافیل ندال کی دستخط شدہ ہیڈ بینڈ باندھے ہوئے نظر آرہی ہیں۔ سیرینا نے اپنے پیغام میں رافیل ندال کے تعلق سے لکھا’’اس شاندار کریئر کیلئے مبارکباد قبول کریں جس کے بارےمیں ہر کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ میں خوش نصیب ہوں کہ میں نے تمہیں کھیلتے ہوئے دیکھا ہے۔ تم نے مجھے ہمیشہ ایک بہتر کھلاڑی بننے میں، سخت محنت کرنے میں اور کبھی ہار نہ ماننے کی صلاحیت کی ترغیب دی ہے۔ کوئی بہانہ نہیں صرف اور صرف اپنے کھیل پر توجہ۔ آپ کی وراثت ہمیشہ زندہ رہےگی۔ شروع سے لے کر اب تک آپ کا کھیل دیکھا ہے۔ آپ ایک چمپئن ہیں۔ لانگ لیو رافا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK