• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سال کے پہلے ہی دن وارنرنے مداحوں کو اُداس کردیا

Updated: January 02, 2024, 11:24 AM IST | Agency | Melbourne

آسٹریلیا کے سابق کپتان کا یکروزہ کرکٹ سےریٹائرمنٹ کا اعلان۔

David Warner. Photo: INN
ڈیوڈ وارنر۔ تصویر : آئی این این

آسٹریلیائی سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر نے نئے سال کے پہلے ہی دن اپنے مداحوں کو اداس کردیا ۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ ساتھ یکروزہ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔آسٹریلیا کے سابق کپتان نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ ۲۰۲۵ء کی چمپئن ٹرافی کیلئے ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں ۔وارنر نے پیر کو اپنے ہوم گراؤنڈ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں کہا’’میں یک روزہ کرکٹ سے بھی ریٹائر ہو رہا ہوں ۔ میں نے ورلڈ کپ کے دوران اس کے بارے میں سوچاتھا۔ ہندوستان میں پورا ورلڈ کپ کھیلنا اور جیتنا ایک بڑی حصولیابی تھی۔ میں نے اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مجھے دنیا بھر کی ٹی ۲۰؍ لیگز میں کھیلنے کا وقت مل سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ کچھ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی ہماری ون ڈے ٹیم میں موقع ملے گا۔میں جانتا ہوں کہ چمپئن ٹرافی آنے والی ہے۔ اگر میں اگلے دو سال میں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہوں اور ٹیم کو میری ضرورت پڑتی ہے تو میں دستیاب رہوں گا۔
 انہوں نے کہا کہ ’’یہ ایک ایسا فیصلہ تھا جس سے میں بہت مطمئن تھا۔ہندوستان میں ہم نے یکروزہ عالمی کپ میں جس طرح سے واپسی کرتے ہوئے ٹرافی جیتی وہ حیرت انگیز تھا۔ جب ہم ہندوستان میں لگاتار دو میچ ہارے تو ٹیم میں ہمارا ایک دوسرے کے ساتھ رشتہ مزید مضبوط ہو گیا۔ تاہم فائنل جیتنا کوئی اتفاق نہیں تھا۔ گلین میکسویل کی شاندار اننگ، کمنز کی شاندار کپتانی میں ہم نے جس طرح فائنل کھیلا وہ بے مثال تھا۔ اس کے علاوہ ہم نے سیمی فائنل میں جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف تھا۔‘‘
  وارنر نے مزیدکہا ’’میں نے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ سےپہلے انگلینڈ میں اس کے بارے میں واضح طور پر گفتگو کی تھی۔اس وقت میں لوگ میرےاور میرے فارم کے بارے میں ہی بات کررہے تھے ۔عثمان خواجہ کے ساتھ میری شراکت داری ٹھیک نہیں چل رہی تھی۔ تاہم اس کے بعد ہم نے ایک ساتھ کچھ اچھی اننگز کھیلیں ۔ میں نے کبھی بھی انگلینڈ میں سنچری نہیں بنائی تھی اور میں ہمیشہ وہاں سنچری اسکور کرنا چاہتا تھا۔ اس سیریز کے دوران ہم نے ایک ٹیم کے طور پر بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔‘‘
 ڈیوڈ وارنر کے مطابق ’’میں ٹیم یا سلیکٹروں کو ایسی صورتحال میں نہیں ڈالنا چاہتا تھا جہاں انہیں میرے بارے میں بہت زیادہ سوچنا پڑے۔ میرا کریئر بہت اچھا رہا ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اگر وارنر دو سال بعد ون ڈے کرکٹ میں واپس نہیں آتے ہیں توسمجھ لیاجائے گا کہ احمد آباد میں ہندوستان کے خلاف کھیلا جانے والا ورلڈ کپ فائنل ان کا آخری یکروزہ میچ تھا۔اس فارمیٹ میں وارنر نے۲۲؍ سنچریوں کے ساتھ۴۵ء۳۰؍ کے اوسط سے۶۹۳۲؍رن بنائے۔ وہ یک روزہ میچوں میں آسٹریلیا کے چھٹے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں اور سنچری کی فہرست میں رکی پونٹنگ کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں ۔۳؍سے۷؍ جنوری تک سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والا پاکستان کے خلاف میچ ڈیوڈ وارنر کا آخری ٹیسٹ ہوگا، آسٹریلیا کو تین میچوں کی سیریز میں ۰-۲؍کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
ڈیوڈوارنر کے ریٹائرمنٹ کے اعلان سے سوشل میڈیا پران کے مداحوں میں مایوسی پھیل گئی۔مداحوں کو یہ توقع نہیں تھی۔ کچھ یوزرس نے ایکس پر پوچھا کہ ’’سر آپ نے تو کہا تھا کہ آپ کا کھیل ابھی ختم نہیں ہوا ہےپھر آپ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیوں کیا؟۔کچھ صارفین نے یکروزہ کرکٹ میں ان کے ریکارڈ اور اعدادوشمارپوسٹ کرتے ہوئےانہیں عظیم کھلاڑی قراردیا۔ کچھ مداحوں نے یہ بھی کہا کہ وراٹ کوہلی کے بعدوارنر ہی وہ کھلاڑی ہیں جن میں ہر فارمیٹ میں کھیلنے کی صلاحیت موجودہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK