ہندوستانی بلےباز کو یکروزہ درجہ بندی میں پاکستان کے بابر اعظم پر سبقت، روہت شرما تیسرے اور وراٹ چھٹے مقام پر ہیں۔
EPAPER
Updated: February 20, 2025, 12:57 PM IST | Agency | Dubai
ہندوستانی بلےباز کو یکروزہ درجہ بندی میں پاکستان کے بابر اعظم پر سبقت، روہت شرما تیسرے اور وراٹ چھٹے مقام پر ہیں۔
ہندوستان کے اسٹار بلے باز شبھمن گل۷۹۶؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے نمبر ایک ون ڈے بلے باز بن گئے ہیں۔دریں اثنا سری لنکا کے مہیش تھیکشنا۱۱؍پوائنٹس کی چھلانگ لگا کر بولنگ رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔بدھ کو یہاں جاری تازہ ترین درجہ بندی کے مطابق ،یک روزہ میں ٹاپ ۱۰؍بلے بازوں میں ۴؍ ہندوستانی کھلاڑی شامل ہیں ۔ اس میں گل کے علاوہ روہت شرما ۷۶۱؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، وراٹ کوہلی ۷۲۷؍پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور شریاس ایر ۶۷۹؍ پوائنٹس کے ساتھ ۹؍ویں نمبر پر ہیں۔ شریاس کو بھی ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے۔ گل کی ریٹنگ۷۹۶؍ ہے جب کہ بابر اعظم کی ۷۷۳؍ ہے۔ روہت کے ریٹنگ پوائنٹس ۷۶۱؍ہیں۔ جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن۷۵۶؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل ۷۴۰؍پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
گل نے انگلینڈ کے خلاف گھریلو یک روزہ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہندوستان نے یہ سیریز۰-۳؍سے جیت لی جس میں گل نے ۸۷؍ ،۶۰؍ اور۱۱۲؍ رن بنائے۔ وہ سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی تھے، انہوں نے ۸۶ء۳۳؍ کے اوسط اور۱۰۳ء۶۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۲۵۹؍ رن بنائے۔ ان کے بعدسب سے زیادہ اسکور کرنے والے شریاس ایئر تھے جنہوں نے ۱۸۱؍ رن بناکر گل سے ۷۸؍رن پیچھے تھے۔ انگلینڈ کے خلاف ۲؍ میچوں کی ون ڈے سیریز کے بعد سری لنکا کے کپتان چارتھ اسالنکا ۸؍ درجے ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ آئرلینڈ کے ہیری ٹییکٹر۷۱۳؍ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ ۶۷۲؍ پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔
بولنگ رینکنگ میں سری لنکا کے مہیش تھیکشنا۶۸۰؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کے راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ راشد خان ۶۷۹؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہیں ۔ بولنگ رینکنگ کے ٹاپ۱۰؍میں دو ہندوستانی کلدیپ یادو اور محمد سراج ہیں۔ کلدیپ کو ایک درجے کے فائدہ ہوا ہے۔ وہ ۶۵۲؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور محمد سراج ۶۲۴؍ پوائنٹس کے ساتھ ۱۰؍ویں نمبر پر ہیں۔ نمیبیا کے برنارڈ شولز۶۶۲؍پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ۶۴۶؍ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج ۶۴۲؍ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ۶۳۹؍ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری ۶۳۲؍پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں اورویسٹ انڈیز کے گڈاکیش موتی ۶۳۲؍ پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔