آج ہندوستان کی خواتین ٹیم اور نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کے درمیان یکروزہ میچ۔ اسٹار بلے باز ہرمن پریت کور کی کپتانی داؤ پرلگی ۔
EPAPER
Updated: October 24, 2024, 12:26 PM IST | Ahmedabad
آج ہندوستان کی خواتین ٹیم اور نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کے درمیان یکروزہ میچ۔ اسٹار بلے باز ہرمن پریت کور کی کپتانی داؤ پرلگی ۔
ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کی مایوس کن کارکردگی کو بھول کر ہندوستانی خواتین ٹیم اگلے سال ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا آغاز جمعرات سے نیوزی لینڈ کے خلاف ۳؍ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کے ساتھ کرے گی، جس میں ہرمن پریت کور کی کپتانی داؤ پر لگی ہوگی۔
یہ سیریز ہرمن پریت کیلئے بہت اہم ہے کیونکہ یو اے ای میں کھیلے جانےوالے حالیہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ان کی کپتانی پر کافی تنقید کی گئی تھی، حالانکہ انہوں نے ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ رن بنائے تھے۔ ہندوستان اس ٹورنامنٹ میں گروپ مرحلے سے باہر ہو گیا تھا۔ جہاں ہندوستانی ٹیم ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کی مایوسی کو بھلا کر نئے سرے سے شروعات کرنے کی کوشش کرے گی وہیں نیوزی لینڈ کی ٹیم اس سے متاثر ہو کر اپنی جیت کی مہم جاری رکھنا چاہے گی۔
کیوی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطاب اپنے نام کیا۔ ۳۵؍ سالہ ہرمن پریت کی کپتانی پر حال ہی میں کافی تنقید ہوئی تھی اس کے باوجود انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔ اب انہیں نیوزی لینڈ کی جانب سے سخت چیلنج کا سامنا ہے جس میں انہیں وکٹ کیپر بلے باز رِچا گھوش کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو ۱۲؍ویں کے امتحان میں شرکت کی وجہ سے اس سیریز میں نہیں کھیل سکیں گی۔ تجربہ کار آل راؤنڈر آشا شوبھنا بھی انجری کے باعث سلیکشن کے لئے دستیاب نہیں ہوں گی جب کہ فاسٹ بولر پوجا وستراکر ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے دوران زخمی ہوگئی تھیں اس لئے انہیں اس سیریز سے آرام دیا گیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم میں تیجل ہسبنیس، صائمہ ٹھاکر اور پریا مشرا کی شکل میں کچھ نئے چہرے بھی شامل کئے گئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کی کامیابی کا زیادہ تر انحصار شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی کی کارکردگی پر ہوگا۔ اس جوڑی نے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اگلے سال ہندوستان میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی میں تسلسل پیدا کرنا ہوگا۔
ہندوستانی خواتین ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور اور بلے بازجمائمہ روڈریگیز کو ہمیشہ کی طرح مڈل آرڈر میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کی ذمہ داری اس لئے بھی بڑھ جاتی ہے کہ ہندوستان کو رچا گھوش کی کمی محسوس ہوگی جو اپنی جارحانہ بلے بازی سے میچ کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ سیریز کے تینوں میچ احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ہندوستان: ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)، شیفالی ورما، ، ڈی ہیم لتا، دپتی شرما، جمائمہ روڈریگیز، یستیکا بھاٹیہ (وکٹ کیپر )، اوما چھیتری (وکٹ کیپر)، سیالی ستگارے، اروندھتی ریڈی، رینوکا سنگھ ٹھاکر، تیجل ہسبنیس، صائمہ ٹھاکر، پریا مشرا، رادھا یادو، شریانکا پاٹل۔ نیوزی لینڈ: سوفی ڈیوائن (کپتان)، سوزی بیٹس، ایڈن کارسن، لارین ڈاؤن، ایزی گیز (وکٹ کیپر)، میڈی گرین، بروک ہالیڈے، پولی انگلیس (وکٹ کیپر)، فران جونس، جیس کیر، میلی کیر، مولی پین فولڈ، جارجیا پلمر، حنا روو اور لی تاہوہو۔