• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اس بار ہندوستانی ہاکی ٹیم سے گولڈ میڈل کی امید

Updated: July 19, 2024, 11:40 AM IST | Agency | New Delhi

اولمپکس میں ہندوستانی ہاکی ٹیم کی سنہری تاریخ رہی ہے،ٹیم نے ۸؍مرتبہ سونےکا تمغہ جیتا ہے، آخری بار ۱۹۸۰ء میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔

India has won gold medal 8 times in Olympic Games. This time the team is expected to win gold medal. Photo: INN
ہندوستان نے اولمپک کھیلوں میں کُل ۸؍مرتبہ طلائی تمغہ جیتا ہے۔اس بار ٹیم سے گولڈ میڈل کی امید کی جا رہی ہے۔ تصویر : آئی این این

اولمپک کھیلوں میں ہندوستانی ہاکی کی سنہری تاریخ رہی ہے۔ ہندوستان کو پہلی بار ۱۹۲۸ء میں اولمپکس میں ہاکی کھیلنے کا موقع ملا اور ٹیم نے دھیان چند کے ۱۴؍گولوں کی بنیاد پر پہلی بار طلائی تمغہ جیتا تھا۔ یہاں سے اولمپکس میں ہاکی انڈیا کے سنہرے دور کی کہانی شروع ہوئی تھی۔ اس کے بعد اس ٹیم نے ۱۹۳۲ءاور ۱۹۳۶ء کے اولمپکس میں بھی ہاکی میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد اولمپک کھیلوں کی واپسی ہوئی اور ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ۱۹۴۸ء، ۱۹۵۲ء اور ۱۹۵۶ءمیں لگاتار ۳؍ سونے کے تمغے جیتے تھے۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اس کے بعد ۱۹۶۴ء اور ۱۹۸۰ءمیں بھی گولڈ میڈل پر قبضہ کیا تھا۔ حالانکہ اس کے بعد سے ہاکی ٹیم اولمپکس میں گولڈ نہیں جیت سکی ہے۔ 
تاہم موجودہ ٹیم نے جس طرح سے ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیت کر ہاکی میں ملک کے جذبے کو زندہ کیا ہے، اس کے بعد سے سونے کے تمغے کے امکانات اور عزائم دونوں بڑھ گئے ہیں۔ اس بار ہندوستانی ہاکی ٹیم کی حالیہ فارم زیادہ اچھی نہ ہونے کے باوجود ٹیم سے پیرس اولمپکس میں شاندار کارکردگی کی توقع ہے۔ اس کی وجہ نہ صرف کھلاڑیوں کی سخت تربیت، محنت اور جوش ہے بلکہ یہ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے بلکہ بڑے اسٹیج پر اس کا ریکارڈ بھی کافی اچھا رہا ہے۔ ہندوستان نے ایشین گیمز کے فائنل میں جاپان کو ایک کے مقابلے ۵؍گول سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد ہاکی ٹیم نے ٹوکیو اولمپکس میں جرمنی جیسی مضبوط ٹیم کو بھی شکست دی تھی۔ 
اس بار ہندوستانی ٹیم کوورون کمار کی کمی محسوس ہو گی لیکن ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا اچھا امتزاج ہے۔ گول کیپر پی آر سریجیش اور مڈفیلڈر من پریت سنگھ اپنا چوتھا اولمپک کھیلنے کے لئے تیار ہیں جبکہ ڈیفنڈر جرمن پریت سنگھ اور فارورڈ ابھیشیک ایسے کھلاڑی ہیں جو بالکل نئے ہیں۔ ٹیم کا یہ کمبی نیشن فیلڈ پرفارمنس میں بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ 
 ہندوستانی ہاکی ٹیم اولمپک میں ایسے پول میں ہے جس میں بلجیم، ارجنٹائنا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ جیسی ٹیمیں شامل ہیں۔ اگرچہ بلجیم اور آسٹریلیا جیسی ٹیمیں آسان حریف نہیں ہیں لیکن ہندوستان نیوزی لینڈ، آئرلینڈ اور ارجنٹائنا جیسے حریفوں کے خلاف سازگار نتائج کی توقع کر سکتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ہندوستان کو پہلے ۳؍ میچ نیوزی لینڈ، ارجنٹائنا اور آئرلینڈ کے خلاف کھیلنے ہیں۔ ہندوستان توقع کے مطابق کارکردگی دکھا کر یہ میچ جیت سکتا ہے۔ ان میچوں میں ۳؍ جیت ہندوستان کے اگلے راؤنڈ میں داخل ہونے میں بہت اہم کردار ادا کرے گی۔ اس کے بعد وہ بلجیم اور آسٹریلیا کے خلاف بقیہ ۲؍ میچ بلند حوصلے کے ساتھ کھیل سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK