• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان کل سے پیرس اولمپکس میں مہم کا آغاز کرے گا

Updated: July 24, 2024, 11:54 AM IST | Agency | New Delhi

فرانس کے دارالحکومت میں اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب جمعہ کو ہوگی لیکن اس سے قبل چند مقابلوں کی شروعات ہوجائے گی۔ تیراندازی ٹیم رینکنگ مقابلے میں شرکت کرے گی۔

Gagan Narang welcomes the players to the sports village. Photo: INN
گگن نارنگ کھیل گاؤں میں کھلاڑیوں کا استقبال کررہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی دستہ۲۵؍ جولائی سے پیرس اولمپکس کیلئے اپنی مہم کا آغاز کرے گا جس میں ۱۱۲؍ ایتھلیٹس۱۶؍ کھیلوں کے ۶۹؍ تمغوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ نیرج چوپڑا کی قیادت میں ۲۹؍ رکنی ایتھلیٹکس ٹیم اولمپکس میں شرکت کرے گی اور فرانس جانے والے دستے کے ایک بڑے حصے کی نمائندگی کرے گی۔ ۲۱؍رکنی شوٹنگ کا بھی ایک بڑا دستہ ہوگا جو پیرس۲۰۲۴ء میں کسی بھی کھیل کیلئے ہندوستان کی جانب سے بھیجا جانے والا دوسرا سب سے بڑا دستہ ہوگا۔ 
اولمپکس کی ویب سائٹ کے مطابق ہندوستان کی جانب سے اولمپک کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا شوٹنگ دستہ بھیجا گیا ہے۔ اس سے قبل ٹوکیو۲۰۲۰ء اولمپکس کے دوران ۱۵؍ رکنی شوٹنگ ٹیم بھیجی گئی تھی۔ تیر اندازوں میں دپیکا کماری اور تروندیپ رائے جیسے ستارے بھی شامل ہیں ۔ وہ ۲۵؍ جولائی کو انفرادی رینکنگ راؤنڈ میں مقابلہ کریں گے اور اگلے دن افتتاحی تقریب سے پہلے مقابلہ کرنے والے پہلے ہندوستانی ہوں گے۔ ہندوستان کو ۲۷؍ جولائی ۲۰۲۴ء کو چیٹوروکس کے نیشنل شوٹنگ سینٹر میں ہونے والے مکسڈ ٹیم ایئر رائفل میڈل میچوں کے دوران تمغہ جیتنے کا پہلا موقع ملے گا۔ اس ایونٹ میں ۲؍ ہندوستانی ٹیمیں، سندیپ سنگھ/ ایلاوینل والاریون اور ارجن بابوتا/رمیتا جندال مقابلہ کریں گی۔ شوٹر منو بھاکر ۲؍ انفرادی پسٹل مقابلوں اور۱۰؍ میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں بھی حصہ لیں گی۔ 
شو کے اسٹار، موجودہ اولمپک اور عالمی چمپئن نیزہ پھینکنے والے نیرج چوپڑا اگست کے پہلے ہفتے میں ایکشن میں ہوں گے۔ مردوں کے جیولن تھرو ایونٹ کے کوالیفائرس۶؍اگست کو ہوں گے اور فائنل ۲؍ دن بعد ہوگا۔ دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو ۲۷؍ جولائی سے۵؍اگست تک ہونے والے بیڈمنٹن مقابلوں کے دوران تمغوں کی ہیٹ ٹرک کرنے کی کوشش کریں گی۔ 
ٹوکیو۲۰۲۰ء کی چاندی کا تمغہ جیتنے والی ویٹ لفٹر میرا بائی چانو ۷؍ اگست کو ہونے والے خواتین کے۴۹؍ کلوگرام زمرے میں حصہ لیں گی۔ ٹوکیو اولمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین ۲۷؍ جولائی سے شروع ہونے والے اور۱۰؍ اگست کو ختم ہونے والے باکسنگ مقابلوں کے دوران ایکشن میں ہوں گی۔ دریں اثنا، دو بار کی عالمی چمپئن نکہت زرین ٹیم انڈیا کے لئے طلائی تمغے کے امکان کے طور پر اپنا اولمپک آغاز کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ 
 ہندوستان پیرس ۲۰۲۴ء کے دوران تیر اندازی، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، گھڑ سواری، گولف، ہاکی، جوڈو، روئنگ، سیلنگ، شوٹنگ، تیراکی، ٹیبل ٹینس اور ٹینس میں مقابلہ کرے گا۔ اولمپکس۱۱؍ اگست ۲۰۲۴ءکو ختم ہوں گے۔ ہندوستان۲۰۲۰ء ٹوکیو اولمپکس کے اپنے ۷؍تمغوں کی تعداد کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کرے گا، جس میں ایک طلائی، ۲؍چاندی اور ۴؍کانسہ کے تمغے شامل ہیں۔ 

پیرس اولمپک گیمز۲۰۲۴ء: فٹبال ایونٹ کا آج  سے آغاز 
پیرس اولمپک گیمز۲۰۲۴ء کا باقاعدہ آغاز جمعہ کو ہوگا تاہم کھیلوں کے مقابلے ۲؍ روز قبل بدھ سے ہی شروع ہو جائیں گے۔ ۳۳؍ ویں اولمپک گیمز کا آغاز مردوں کے  فٹبال ٹورنامنٹ سے ہوگا، بدھ کی دوپہر بیک وقت۲؍ میچ کھیلے جائیں گے۔ گروپ بی میں ارجنٹائنا کا مقابلہ ماریشس سے ہوگا ، پہلی بار اولمپک میں شرکت کرنے والے ملک ازبکستان کی ٹیم گروپ سی میں اسپین کے خلاف میدان پر اترے گی۔گروپ بی میں عراق کا یوکرین، گروپ اے میں فرانس کا امریکہ جبکہ گروپ ڈی میں مالی کا اسرائیل سے میچ ہوگا،بدھ ہی  کورگبی مقابلوں کا بھی آغاز ہوجائے گا ، جمعرات کو ہینڈ بال، آرچری، رگبی اور فٹبال میچ  کھیلے جائیں گے۔ خیال رہے کہ جمعہ کو پیرس میں افتتاحی تقریب کے بعد اگلے دن اولمپکس میں دیگر کھیلوں کا آغاز ہوگا۔

پیرس اولمپکس میں امریکہ کے سب سے زیادہ میڈلس جیتنے کی پیش گوئی
پیرس اولمپکس۲۰۲۴ء میں امریکہ کے سب سے زیادہ میڈلس جیتنے کی پیش گوئی کر دی گئی۔ اسپورٹس گلوبل ڈیٹا نے پیرس اولمپکس میں سب سے زیادہ میڈلس جیتنے والے ممالک سے متعلق پیش گوئی کی ہے۔ پیش گوئی کے مطابق چین زیادہ گولڈ میڈلس جیت کر امریکہ کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔ اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکہ ۱۱۲؍ میڈلس  جیت سکتا ہے جس میں۳۹؍ گولڈ،۳۲؍ سلور اور۴۱؍ برونز میڈلس شامل ہوسکتے ہیں۔  چین کے ۸۶؍ میڈلس جیتنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جن میں ۳۴؍ گولڈ، ۲۷؍ نقرئی  اور۲۵؍ برونز میڈلس ہوسکتے ہیں۔ میڈلس کے لحاظ سے برطانیہ کے تیسرے، میزبان ملک فرانس کے چوتھے اور آسٹریلیا کے پانچویں نمبر پر رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ریو اولمپکس ۲۰۱۶ءمیں۳؍جڑواںبہنوں نے شرکت کی تھی 
اولمپک گیمز میں بھائیوں اور بہنوں کے کچھ جوڑے حصہ لے چکے ہیں لیکن برازیل کے شہر ریو ڈی جینیرو میں منعقدہ۲۰۱۶ء کے اولمپکس میں اس وقت تاریخ رقم ہوئی جب ۳؍ جڑواں بہنیں، یعنی ٹرپلیٹ بہنوں نے مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ یہ کسی ایک اولمپکس میں حصہ لینے والی ۳؍ جڑواں بہنوں کا انوکھا واقعہ تھا۔ ایستونیا سے تعلق رکھنے والی  لیلیٰ، لینا اور للی لوئک نے اولمپکس۲۰۱۶ء کی خواتین کی میراتھن میں ایک ساتھ حصہ لے کر تاریخ رقم کی تھی۔ یہی نہیں، اس ایونٹ میں  جڑواں بہنوں کے ۲؍جوڑے بھی  موضوعِ بحث تھے۔   اس مقابلے میں جرمنی کی جڑواں بہنوں اینا ہینر اور لیزا ہینر اور شمالی کوریا کی جڑواں بہنیں ہائے سونگ کم اور ہائے گیونگ کم موجود تھیں۔ یہ الگ بات ہے کہ۷؍ بہنوں کے اس گروپ میں سے کسی کو بھی پوڈیم پر آنے کا موقع نہیں ملا۔ کینیا کی جمائما جیلاگت سمگونگ نے اس ایونٹ کا گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ برونئی کی اینیس جیپکوروئی کروان نے نقرئی تمغہ   اور ایتھوپیا کی میئر دیبابا نے کانسہ کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK