• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پیرس اولمپکس سے لوٹنے کے بعد ونیش پھوگاٹ کا ایئر پورٹ پر شاندار استقبال

Updated: August 17, 2024, 4:17 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

ونیش پھوگاٹ کو پیرس اولمپکس میں خواتین کے ۵۰؍ کلوگرام فائنل زمرے میں ۱۰۰؍گرام زیادہ وزن ہونے کی وجہ سےنااہل قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے کھیل کی ثالثی عدالت میں مشترکہ چاندی کے تمغہ کیلئے اپیل کی تھی جسے ۱۴؍ اگست کو خارج کردیا گیا۔

 Wrestler Vinesh Phogat with Bajrang Punia being welcomed on her arrival after Paris Olympics. Photo: Agency
پہلوان ونیش پھوگاٹ بجرنگ پونیا کے ساتھ پیرس اولمپکس کے بعد ان کی آمد پر ان کا استقبال کیا جا رہا ہے۔تصویر: ایجنسی

ونیش پھوگاٹ کیلئے پچھلے۱۰؍ دن ناقابل تصور حد تک مشکل رہے ہیں۔ وہ ہرممکن حالات اور اس سے آگےایک ایسی آزمائش سے گزری ہیں جس کے بارے میں کوئی دوسرا کھلاڑی سوچ بھی نہیں سکتا۔  ونیش پھوگاٹ ایک چمپئن تھیں، ایک چمپئن ہیں، اور ہمیشہ چمپئن رہیں گی، اس کا احساس اس وقت مزید بڑھ گیا جب  آج صبح پیرس سے لوٹنے پر نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ہزاروں کی تعداد میں موجود شائقین نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:بنگلہ دیش نے شیخ حسینہ کے مقرر کردہ سفیروں کوواپس بلانا شروع کردیا

ونیش کے قومی راجدھانی میں لینڈ ہوتے ہی کافی سخت سیکورٹی تعینات کی گئی تھی۔ سیکڑوں مداحوں کو  اپنے نام کے ساتھ خیر مقدم کرتے دیکھ کر وہ اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ  پائیں اور رو پڑیں۔  انہیں ایئرپورٹ لینے پہنچے ان کے ساتھی ریسلر بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک نے انہیں تسلی دی۔


ونیش نےکھلی جیپ میں سوار ہوکر سبھی حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نےہاتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ’’میں پورے ملک کی شکر گزار ہوں۔ ‘‘واضح رہے کہ ونیش پھوگاٹ ایئرپورٹ سے سیدھا اپنے گاؤں ’’بالالی‘‘ جائیں گی۔


ونیش کو  پیرس اولمپکس میں خواتین کے ۵۰؍ کلوگرام فائنل کے زمرے میں۷؍اگست کو ۱۰۰؍گرام زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے قوانین کے مطابق  نااہل قرار دے دیا گیا تھا، حالانکہ ونیش نے اس سے پہلے راؤنڈ میں چار بارکی عالمی دفاعی چمپئن جاپان کی سیڈ یوئی سوساکی کے خلاف ناممکن جیت حاصل کی تھی۔ ونیش نے نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کے بعد کھیل کی ثالثی عدالت میں مشترکہ چاندی کے تمغہ کیلئے اپیل کی تھی جسے ۱۴؍ اگست کو خارج کردیا گیا تھا۔
لندن اولمپکس میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والے شوٹر گگن نارنگ جو پیرس میں ہندوستانی دستے کے چیف ڈی مشن تھے، نے پیرس کے ایئرپورٹ پر پھوگاٹ کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہیں چمپئن قرار دیا۔ یہ دونوں ایک ہی فلائٹ میں دہلی جارہے تھے۔انہوں نے ایکس پرلکھا کہ’’کھیلوں کے گاؤں سے پہلے دن سے وہ چمپئن ہیں، اور ہمیشہ رہیں گی۔ کبھی کبھی کسی کو اربوں خوابوں کی ترغیب دینے کیلئے ولمپک تمغے کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ ونیش آپ نے نسلوں کو متاثر کیا ہے۔ آپ کی ہمت کو سلام۔ ‘‘

ونیش کے بھائی ہرویندر پھوگاٹ نے کہا کہ ’’ ونیش  ملک میں واپس آگئی ہیں۔ ان کے مداح یہاں ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کرنے کے لئے موجود ہیں جبکہ  گاؤں میں بھی لوگ ان کا خیرمقدم کرنے کیلئے بیتاب ہیں۔ لوگ ونیش سے ملنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے پرجوش ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK