جارجیا کی سنچری اور سوزی بیٹس کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کو ۹۸؍رن سے مات دے دی
EPAPER
Updated: March 09, 2025, 6:38 PM IST | Nelson
جارجیا کی سنچری اور سوزی بیٹس کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کو ۹۸؍رن سے مات دے دی
جارجیا پلیمر(۱۱۲؍رن) کی سنچری اور کپتان سوزی بیٹس (۵۳؍رن) کی نصف سنچری اننگز کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کی خواتین نے اتوار کو دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو۹۸؍ رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۲؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔
۲۸۱؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی شروعات خراب رہی اور اس نے۵۷؍ رن پر ۴؍ وکٹ گنوا دیئے۔ وشمی گنارتنے (۶)، کپتان چماری اٹاپٹو (۵)، ہرشیتھا سماراویکرما (۸) کو جیس کیر نے آؤٹ کیا اور امیشا دولانی ۱۱؍رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد کاویشا دلہری اور نیلکشیکا سلوا نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ۵؍ویں وکٹ کیلئے ۴۶؍ رن کی شراکت ہوئی۔ بروک ہالیڈے نے۳۰؍ویں اوور میں کاویشا دلہری (۴۵؍رن) کو گولڈ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ انوشکا سنجیون ۲۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ۴۴؍ویں اوور میں ایڈن کارسن نے ایک کنارے پر مضبوطی سے کھڑی نیلکشیکا سلوا (۴۵؍ رن) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔ نیوزی لینڈ کے گیند بازوں نے شاندار گیند بازی کی اور سری لنکن بلے بازوں کو آزادانہ طور پر رن بنانے کا موقع نہیں دیا۔ نیوزی لینڈ کے بولنگ اٹیک کے سامنے سری لنکا کی پوری ٹیم۵۰؍ اوورس میں ۱۸۲؍رن کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔۲؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیس کیر اور فران جوناس نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ایڈن کارسن کو ۲؍ وکٹ ملے۔ بروک ہالیڈے اور میڈی گرین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل اتوار کو نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کرنے اتری جارجیا پلیمر اور کپتان سوزی بیٹس کی اوپننگ جوڑی نے شاندار آغاز کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۸؍رن جوڑے۔۲۲؍ ویں اوور میں سچن نسانسالا نے سوزی بیٹس کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ سوزی بیٹس نے۶۹؍ گیندوں پر۵۳؍ رن بنائے۔ ایما میکلیوڈ ۴؍ رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد بیٹنگ کرنے آئی بروک ہالیڈے نے پلیمر کا بخوبی ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے ۶۰؍ رن کی شراکت ہوئی۔۳۹؍ویں اوور میں سوگندھیکا کماری نے بروک ہالیڈے (۳۶؍رن) کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ ۴۵؍ویں اوور میں سوگندھیکا کماری نے سنچری بنانے والی جارجیا پلیمر کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ جارجیا پلیمر نے ۱۲۰؍ گیندوں پر ۸؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ۱۱۲؍ رن کی اہم اننگز کھیلی۔ ازابیلا گیج (۲۴؍رن) اور پولی انگلیس (۹؍رن)ناٹ آؤٹ رہیں۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ۵۰؍ اوور س میں ۶؍ وکٹ پر۲۸۰؍ رن بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے سوگندھیکا کماری نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ اچینی کلسوریا، چماری اٹاپٹو اور سچن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔