• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

پاکستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ہرادیا

Updated: September 20, 2024, 12:41 PM IST | Agency | Islamabad

میزبان ٹیم نے ٹی۔۲۰؍ کرکٹ میں اپنا بہترین اسکور بنایا۔ منیبہ علی اور فاطمہ ثنا کی شاندار بلے بازی ۔ سیریز میں ایک ایک سے برابری حاصل کر لی۔

Pakistan players can be seen congratulating each other after defeating South Africa. Photo: INN
پاکستان کی کھلاڑی جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد ایک دوسرے کو مبارکباد دیتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔ تصویر : آئی این این

پاکستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ٹی۔ ۲۰؍ سیریز کے دوسرے میچ میں ۱۳؍رنوں سے شکست دے کر ۳؍میچوں کی سیریز میں ایک ایک سے برابر ی حاصل کرلی۔ ٹی۔ ۲۰؍بین الاقوامی تاریخ میں پاکستان کی خاتون ٹیم نے اپنا سب سے بڑا ا اسکور ۱۸۱؍ بنایا جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۶۸؍رن ہی بناسکی۔ اس سے قبل وومینز ٹی۔ ۲۰؍ انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور۵؍وکٹ پر ۱۷۷؍رن تھا جو انہوں نے جون ۲۰۱۸ء میں ملائیشیا کے خلاف کوالالمپور میں بنایا تھا۔ 
 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی جس نے مقررہ۲۰؍اوور میں ۴؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۸۱؍رن بنائے۔ منیبہ علی اور گل فیروزہ نے پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا، گل فیروزہ ۲؍ چوکوں کی مدد سے۱۰؍رن بناکر آؤٹ ہوگئیں، منیبہ علی نے مثبت اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی تاہم ڈیرکسن نے ان کی ۳۴؍گیندوں پر ۴۵؍رنوں کی عمدہ اننگز کا خاتمہ کردیا جس میں ۶؍چوکے اور ۲؍چھکے شامل تھے۔ سدرہ امین ۳؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۸؍رن بناکر سونے لیز کی گیند پر بولڈ ہوگئیں، ندا ڈار اور کپتان فاطمہ ثنا چوتھی وکٹ کی شراکت میں ۶۰؍قیمتی رنوں کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہیں، ندا ڈار نے ۲۹؍رن بنائے جن میں ۴؍چوکے شامل تھے۔ 
 فاطمہ ثنا نے۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۷؍رن ابنائے جبکہ عالیہ ریاض نے ۷؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکے اور ۲؍ چوکوں کی مدد سے ۱۷؍رنوں کی جارحانہ اننگز کھیلی اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔ 
 جنوبی افریقہ کی اننگز میں سونے لیز ۶؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۵۳؍رن ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں، کلوئے ٹراؤن نے ۳۰؍رن بنائے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہیں۔ ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ۸۰؍رنوں کا اضافہ کیا، کپتان لارا وولوارٹ نے ۳۶؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے ۲۔ ۲؍وکٹیں حاصل کیں۔ تیز گیندباز تسمیہ رباب کپتان فاطمہ ثنا کی جگہ کنکشن کھلاڑی کے طور پر فیلڈ میں آئیں۔ یاد رہے کہ فاطمہ ثنا کے چہرے پر فیلڈنگ کے دوران گیند لگی تھی۔ ان کی غیرموجودگی میں منیبہ علی نے قیادت کی ذمہ داری نبھائی۔ پلیئر آف دی میچ ایوارڈ بھی منیبہ علی کے نام رہا۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK