ویسٹ انڈیز کو ۱۲۷؍رن سے مات دی۔ساجد خان (۵؍ وکٹ) اور ابرار احمد (۴؍وکٹ) کی خطرناک گیندبازی
EPAPER
Updated: January 19, 2025, 10:11 PM IST | Multan
ویسٹ انڈیز کو ۱۲۷؍رن سے مات دی۔ساجد خان (۵؍ وکٹ) اور ابرار احمد (۴؍وکٹ) کی خطرناک گیندبازی
کپتان شان مسعود(۵۲) کی نصف سنچری کے بعد ساجد خان (۵؍ وکٹ) اور ابرار احمد (۴؍وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کی بدولت پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن اتوار کو ویسٹ انڈیز کو دوسری اننگز میں۱۲۳؍ پر ڈھیر کرتے ہوئے ٹیسٹ میچ۱۲۷؍ رن نے جیت لیا۔ میچ میں کل ۹؍ وکٹ لینے والے ساجد خان کو `پلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا۔
۲۵۱؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ویسٹ انڈیز پاکستانی بولنگ اٹیک کا سامنا زیادہ دیر تک نہ کرسکی اور پوری ٹیم۳۶ء۳؍ اوورس میں ۱۲۳؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کے ایلک ایتھنیز نے سب سے زیادہ ۵۵؍رن کی اننگز کھیلی۔ ٹیون املاچ ۱۴، مائیکل لیوس۱۳، کریگ بریتھویٹ۱۲؍ اور کیون سنکلیئر۱۰؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جومل واریکن (۳۲؍رن پر ۷؍ وکٹ) کی مہلک گیند بازی کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن اتوار کو دوسری اننگز میں پاکستان کو۱۵۷؍رن کے اسکور پر آؤٹ کر دیا۔ ویسٹ انڈیز کو جیت کےلئے ۲۵۱؍ رن کا ہدف ملا۔ اتوار کو پاکستان نے دوسری اننگز میں ۳؍ وکٹ سے۱۰۹؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں سعود شکیل۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ واریکن نے انہیں گریویز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ اس کے بعد واریکن نے محمد رضوان (۲؍رن) کو بھی اپنا شکار بنایا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والے آغا سلمان نے کامران غلام کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔۳۸؍ویں اوور میں واریکن نے کامران غلام (۲۷؍رن) کو آؤٹ کر کے پاکستان کو چھٹا جھٹکا دیا۔ نعمان علی (۲)، ساجد خان (۵)، خرم شہزاد (صفر) بھی جلد آؤٹ ہوئے۔ ۴۷؍ویں اوور میں گڈاکیش موتی نے آغا سلمان (۱۴؍رن) کو آؤٹ کر کے پاکستان کی دوسری اننگز ۱۵۷؍رن کے اسکور پر سمیٹ دی۔ پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے۲۵۱؍ رن کا ہدف ملا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے ۱۸؍اوورس میں۳۲؍ رن دے کر ۷؍ وکٹ حاصل کئے۔