• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پاکستانی اسپنرس نعمان علی اور ساجد خان نے انگلش بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا

Updated: October 27, 2024, 10:58 AM IST | Rawalpindi

پاکستان نے تیسرا ٹیسٹ ۹؍وکٹ سے جیت کر سیریز پر ۱۔ ۲؍سے قبضہ کرلیا۔ انگلینڈ کے کھلاڑی نعمان اور ساجد کی گیندیں سمجھنے میں ناکام رہے۔

Pakistan also captured the series by winning 2 consecutive Test matches against England. Photo: INN.
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف مسلسل ۲؍ ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز پر بھی قبضہ کرلیا۔ تصویر: آئی این این۔

نعمان علی اور ساجد خان کی اسپن جوڑی کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سنیچر کو ۹؍ وکٹ سے شکست دے کر سیریز۱۔ ۲؍ سے جیت لی۔ پاکستان کی اس اسپن جوڑی نے ملتان میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جو راولپنڈی میں بھی جاری رہا۔ فروری۲۰۲۱ء کے بعد یہ پاکستان کی پہلی ہوم سیریز جیت ہے۔ انگلینڈ نومبر۲۰۱۵ء کے بعد پہلی بار پاکستان سے ٹیسٹ سیریز ہارا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور۴۷؍ رن سے بڑی شکست کے بعد میزبان ٹیم نے مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کی ہے جس کی وجہ سے پاکستان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ۲۰۲۵ء کے ٹیبل میں ایک درجہ ترقی کر کے ساتویں نمبر پر آ گیا ہے، جو کہ انگلینڈ سے بالکل نیچے چھٹی پوزیشن ہے۔ ساجد خان نے۱۲۸؍ رن کے عوض ۶؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ نعمان علی نے ۸۸؍ رن کے عوض ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ 
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے آئی انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف۲۶۷؍ رن بنا سکی۔ لوور آرڈر میں جیمی اسمتھ (۸۹؍رن) اور گس ایٹکنسن (۳۹؍ رن) کی نصف سنچری شراکت کے علاوہ مہمان ٹیم کے کسی اور کھلاڑی نے رن کی بھوک نہیں دکھائی۔ جواب میں پاکستان کے سعود شکیل (۱۳۴؍رن) کی شاندار سنچری سے میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں ۷۷؍ رن کی آرام دہ برتری مل گئی۔ 
اس کے بعد اسپنر نعمان علی اور ساجد خان نے مل کر انگلینڈ کی دوسری اننگز کو پٹری سے اتار دیا۔ انگلش ٹیم کا کوئی بھی بلے باز ٹک نہ سکا جس کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ کے ۳؍ وکٹ گر چکے تھے۔ اگلی صبح وہ مزید صرف۸۸؍ رن کا اضافہ کر سکے اور انگلینڈ کی ٹیم ۱۱۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہو گئی، جو ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف اس کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ میزبان اسپنرس نے ایک بار پھر پچھلے میچ کی طرح تمام۲۰؍ وکٹ حاصل کئے۔ گزشتہ ۲؍ ٹیسٹ میچوں میں ان دونوں نے۴۰؍ میں سے۳۹؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ یہ بھی پہلا موقع تھا کہ پاکستان کے تیز گیند بازوں نے ٹیسٹ میں ایک بھی گیند نہیں ڈالی۔ اسپن گیندباز اس سیریز پر حاوی رہے۔ 
ساجد خان کا کارنامہ 
پاکستانی ٹیم کے آف اسپنر ساجد خان نے راولپنڈی ٹیسٹ میں ۱۰؍ وکٹ لے کر تاریخ رقم کردی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو۹؍ وکٹ سے ہرا کر سیریز۱۔ ۲؍ سے اپنے نام کی، یہ گرین شرٹس کی ٹیم تقریباً ساڑھے۳؍ سال بعد ہوم گراؤنڈ پر سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ 
مجموعی طور پر آف اسپنر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ۱۰؍ وکٹ لینے والے تیسرے گیندباز بننے کا اعزاز حاصل کیا، انہوں نے پہلی اننگز میں ۶؍ جبکہ دوسری اننگز میں ۴؍ وکٹ اپنے نام کئے۔ ساجد خان نے مجموعی طور پر۱۹۷؍ رن کے عوض۱۰؍ وکٹ لئے۔ ساجد خان نے انگلینڈ کیخلاف ۲؍ ٹیسٹ میچوں میں ۲۱ء۱۱؍ کے اوسط سے۱۹؍ وکٹ لینے میں کامیابی حاصل کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK