جنوبی افریقہ کا اسی کے گھر میں مکمل صفایا کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی،صائم ایوب کی سنچری۔
EPAPER
Updated: December 24, 2024, 11:59 AM IST | Agency | Johnsburg
جنوبی افریقہ کا اسی کے گھر میں مکمل صفایا کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی،صائم ایوب کی سنچری۔
صائم ایوب (۱۰۱) کی سنچری، بابر اعظم (۵۲) اور کپتان محمد رضوان (۵۳) کی نصف سنچریوں کے بعد سفیان مقیم کی شاندار گیند بازی کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو بارش سے متاثر ہ میچ تیسرے ون ڈے میں ڈک ورتھ لوئس اصول کی بنیاد پر ۳۶؍رنوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ۳؍ میچوں کی سیریز تین صفرسے جیت لی۔
پاکستان نے یکروزہ سیریز میں جنوبی افریقہ کا مکمل صفایا کردیا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ہرانے کے بعد پاکستان نےجنوبی افریقہ کو انہی کی گھر میں شکست دے دی۔ پہلی بار پاکستان نے جنوبی افریقہ کو اس کے گھر میں کسی سیریز میں ہرایا ہےاور اس کے ساتھ ہی پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف یکروزہ سیریز میں مکمل صفایا کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
۳۰۹؍رنوں کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ۷؍ اوور میں ۴۴؍رن پر اپنی وکٹیں گنوا دیں۔ کپتان ٹیمبا باؤما (۸) اور ٹونی ڈی جارج (۲۶) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رسی وان ڈیر ڈوسن (۳۵) اور ایڈن مارکرم (۱۹) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ افریقہ کی جانب سے ہینرک کلاسن نے طوفانی انداز میں بیٹنگ کی اور ۲۹؍گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کلاسن نے ۴۳؍گیندوں میں ۱۲؍چوکے اور ۲؍چھکے لگا کر ۸۱؍رن بنائے۔ افریقہ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ مارکو جانسن (۲۶) اور کگیسو ربادا ۱۴؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کورین بوش نے ۴۰؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ ۴۲؍ اوور میں ۲۷۱؍ رن بنا سکا اور اسے ڈک ورتھ لوئس اصول کی بنیاد پر ۳۶؍ رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس میچ میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سفیان مقیم نے سب سے زیادہ ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ۲۔ ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ محمد حسنین اور صائم ایوب نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ یہ میچ جیت کر پاکستان جنوبی افریقہ کو اسی کے گھر پر کلین سویپ کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی۔ پاکستان کے صائم ایوب کو ان کی شاندار بلے بازی پر `پلیئر آف دی میچ اور `پلیئر آف سیریز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے۳۰۹؍ رنوں کا ہدف دیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث میچ کو ۴۷؍ اوور تک محدود کر دیا گیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے پاکستان کا آغاز انتہائی خراب رہا اور پہلے ہی اوور میں عبداللہ شفیق (صفر) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے آنے والے بابر اعظم نے صائم ایوب کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کیلئے۱۱۴؍رنوں کی شراکت ہوئی۔ ۲۳؍ویں اوور میں وینا مفاکا نے بابر اعظم (۵۲) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد کپتان محمد رضوان نے صائم کا اچھا ساتھ دیا۔ ۳۵؍ویں اوور میں کوربن بوش نے صائم ایوب کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو تیسری کامیابی دلائی۔ ایوب نے ۹۴؍گیندوں میں ۱۳؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۱۰۱؍ رن بنائے۔
محمد رضوان نے ۵۲؍گیندوں میں ۵؍چوکے اور ایک چھکا لگا کر۵۳؍ رن بنائے۔ آغا سلمان نے ۳۳؍گیندوں میں ۳؍ چوکے اور۲؍ چھکے لگا کر ۴۸؍ رن بنائے۔ طیب طاہر۲۸؍ اور محمد حسنین ۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں کو مارکو یانسن نے آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ پانچ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے ۴۷؍ اوور میں ۹؍ وکٹوں پر ۳۰۸؍رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے ۳؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ بورن فورٹن اور مارکو جانسن نے ۲۔ ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ وائنا مفاکا اور کوربن بوش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔