بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کھیلتے ہوئے انہوں نے کارنامہ انجام دیا۔ پاکستانی بلے باز نے ۲۰؍ اننگز میں سنگ میل عبور کیا۔
EPAPER
Updated: August 22, 2024, 11:41 AM IST | Rawalpindi
بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کھیلتے ہوئے انہوں نے کارنامہ انجام دیا۔ پاکستانی بلے باز نے ۲۰؍ اننگز میں سنگ میل عبور کیا۔
پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رن مکمل کرلئے۔ راولپنڈی میں بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں سعود شکیل نے طویل فارمیٹ میں ہزار رن کا سنگ میل عبور کیا۔ سعود شکیل سعید احمد کے ساتھ مشترکہ طور پر پاکستان کی طرف سے تیز ترین ایک ہزار رن بنانے والے بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ۲۰؍ اننگز میں مکمل کیا، پاکستان کی جانب سے سعید احمد نے بھی۲۰؍ اننگز میں ایک ہزار رن بنائے تھے۔
پاکستان نے ۱۵۸؍رن بنائے
راولپنڈی ٹیسٹ میں بدھ کو پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے ۴؍ وکٹ گنواکر۱۵۸؍رن بنالئے۔ پہلی اننگز میں ۱۶؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوانے کے بعد پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف کھیل میں واپس آگئی۔ صائم ایوب اور سعود شکیل نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرس بنگلہ دیشی گیندبازوں کو کھیلنے میں ناکام رہے۔ اوپنر عبداللہ شفیق۲؍رن ، کپتان شان مسعود ۶؍رن اور بابراعظم صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
۳؍ وکٹ جلد گنوانے کے بعد اوپنر صائم ایوب اور نائب کپتان سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور۸۱؍ رن تک پہنچا دیا۔ تجربہ کار بلے باز بابراعظم ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ۱۱۴؍ کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب۵۶؍ رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے ۴۱؍اوورس میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۵۸؍ رن بنائے، سعود شکیل ۵۷؍رن اور محمد رضوان ۲۴؍ رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ قبل ازیں بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور ان کے گیندبازوں نے شروعات میں اسے درست ثابت کردیا۔