• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پیرالمپکس: جیولین میں نودیپ سنگھ کو گولڈ، اسپرنٹر سمرن کو برونز

Updated: September 08, 2024, 2:36 PM IST | Inquilab News Network | Paris

پیرالمپکس ۲۰۲۴ء میں ہندوستان کے نودیپ سنگھ نے جیولین تھرو میں طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے ۳۲ء۴۷؍ میٹر دور بھالا پھینک کر چین کے عالمی ریکارڈ ہولڈر کو شکست دے دی۔ بصارت سے محروم اسپرنٹر سمرن نے کانسہ جیتا۔

Navdeep Singh. Photo: INN
نودیپ سنگھ۔ تصویر : آئی این این

پیرا لمپک گیمز ۲۰۲۴ء میں ہندوستان کے ایتھلیٹس نے سنیچر کی شام ۲؍ تمغے جیتے۔ جیولین تھرو میں نودیپ سنگھ نے طلائی تمغہ جیتا، وہیں بصارت سے محروم اسپرنٹر سمرن نے خواتین کی ۲۰۰؍میٹر دوڑ میں کانسہ حاصل کیا۔ نودیپ، جو چھوٹے قد کے جیولین تھرو میں مقابلہ کرتے ہیں، انہیں ابتداء میں چاندی کا تمغہ دیا گیا۔ تاہم ، ایران کے صادق بیت صیح کو بار بار قابل اعتراض کارڈ دکھانے پر نا اہل قرار دیا گیا اور اس طرح نودیپ کو طلائی تمغے سے نوازا گیا۔ دینے کے بعد اسے بدلتے ہوئے بے مثا ل طلائی تمغہ میں تبدیل کردیا گیا۔ ایرانی کھلاڑی نے طلائی تمغہ جیت لیا تھا لیکن اپنی حرکت کی وجہ سے تمغہ سے محروم رہ گئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:لکھنؤ: منہدم عمارت سے مزید ۳؍ لاشیں برآمد، مرنے والوں کی تعداد ۸؍ ہوگئی

واضح رہے کہ بین الاقوامی پیرا اولمپک کمیٹی کے قوانین ایتھلیٹس کو ایونٹ میں کوئی بھی سیاسی اشارہ کرنے سے روکتے ہیں اور صادق کو غیر مناسب طرز عمل کی وجہ سے حتمی نتائج سے باہر کر دیا گیا۔ نودیپ کا تعلق پانی پت سے ہے۔ یہ اولمپکس میڈلسٹ نیرج چوپڑا کا بھی آبائی شہر ہے۔ نودیپ نے کہا کہ انہوں نے اس کھیل کا انتخاب نیرج چوپڑہ سے متاثر ہوکر کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ جب نیرج بھائی نے جونیئر ورلڈ ریکارڈ توڑا، تو میں نے سوچا، وہ بھی ہمارے شہر سے ہیں اور میں بھی ایسا کر سکتا ہوں۔‘‘
دریں اثناء، سمرن نے اپنے گائیڈ ابھے سنگھ کے ساتھ خواتین کے ۲۰۰میٹر (ٹی ۱۲) مقابلے میں ۷۵ء۲۴؍ سیکنڈ میں دوڑ مکمل کرکے کانسہ حاصل کیا۔ دہلی سے تعلق رکھنے والی ۲۴؍سالہ سمرن، جو قبل از وقت پیدائش بصارت سے محروم تھیں، اس ایونٹ میں موجودہ عالمی چیمپئن ہیں۔ مقابلوں کے آخری دن اِن دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی نے ہندوستان کے میڈلز کی تعداد ۲۹؍ کردی جن میں ۷؍ طلائی، ۹؍ نقرئی اور ۱۳؍ کانسے ہیں۔ مجموعی طور پر ہندوستان میڈلز ٹیبل پر ۱۵؍ ویں نمبر پر ہے۔ چین پہلے نمبر پر ہے جسے مجموعی طور پر ۲۰۸؍ تمغے (۹۰؍ طلائی) ملے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK