• Fri, 10 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اولمپکس: آج سے ہندوستانی پہلوانوں کی آزمائش

Updated: August 05, 2024, 1:29 PM IST | Agency | Paris

پیرس میں ہندوستان کی جانب سے ۶؍پہلوانوں کی شرکت۔ ۵؍خواتین الگ الگ زمروں میں مقابلہ کریں گی ۔ ونیش فوگاٹ پر سبھی کی نظر۔

Pehlwan Antam Pinghal. Photo: INN
پہلوان انتم پنگھل۔ تصویر : آئی این این

اگر ہندوستان اولمپک گیمز کے ریسلنگ مقابلے میں تمغے جیتنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہے تو ونیش فوگاٹ سمیت تمام ۶؍ پہلوانوں کو یہاں پیر سے شروع ہونے والے میچوں میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنی ہوگی۔ خیال رہے کہ ہندوستان نے۲۰۰۸ء میں بیجنگ اولمپکس کے بعد سے ہر اولمپک کھیلوں میں کشتی میں تمغے جیتے ہیں۔ ایسے میں سبھی کی نظریں تجربہ کار پہلوان ونیش پر ہوں گی، جن کے پچھلے کچھ سال ہنگامہ آرائی میں گزرے ہیں۔
ونیش نے عالمی چمپئن شپ میں ۲، دولت مشترکہ کھیلوں میں ۳؍ اور ایشیائی چمپئن شپ میں ۸؍ تمغے جیتے ہیں لیکن وہ ابھی تک اولمپکس تمغہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔ ونیش کو اولمپکس سے پہلے پریکٹس کرنے کا کافی موقع نہیں ملا۔ وہ ان نمایاں کھلاڑیوں میں شامل تھیں جنہوں نے جنسی ہراسانی کے الزامات پر ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن کے سابق صدر کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ ونیش کے چیلنجز یہیں ختم نہیں ہوئے۔ وہ عالمی چمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکیں۔
 انتم پنگھل نے اپنے۵۳؍ کلوگرام وزن کے زمرے میں کوٹہ حاصل کیاتھا۔ اس وجہ سے ونیش کو۵۰؍ کلوگرام وزن کے زمرے میں اپنا چیلنج پیش کرنا ہے۔ وہ غیر سیڈیڈ ہیں  جس کا مطلب ہے کہ ان کا سفر آسان نہیں ہوگا۔ ونیش کے وزن کے زمرے میں کئی  مضبوط  پہلوان شامل ہیں، جن میں ۴؍بار کی عالمی چمپئن یوئی سوساکی، ۴؍ بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی ماریا اسٹڈنک، ٹوکیو گیمز کی کانسہ کا تمغہ جیتنے والی سارہ ہلڈبرینڈ اور دو بار کی عالمی تمغہ جیتنے والی ڈولگورزاوین اوٹگونجرگل شامل ہیں۔
 انشو ملک (خواتین کے۵۷؍ کلوگرام) اور امن سہراوت (مردوں کے۵۷؍ کلوگرام) بھی تمغے کے دعویداروں میں شامل ہیں۔ تاہم، انشو کی فٹنیس کے بارے میں شکوک و شبہات ہیں کیونکہ پریکٹس کے دوران انہیں گردن میں درد ہوا تھا۔ انتم پنگھل کی تیاریاں بھی  اچھی نہیں ہیں۔ انہیں گزشتہ سال ایشین گیمز کے بعد مقابلوں میں کسی سخت چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 

اولمپکس کشتی میں ہندوستان کی تاریخ 
کے ڈی جادھو نے ہیلسنکی  ۱۹۵۲ء اولمپکس  میں مردوں کے فری اسٹائل ۵۷؍ کلوگرام مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔ سشیل کمار نے بیجنگ۲۰۰۸ء میں کانسہ کا تمغہ اور لندن۲۰۱۲ء میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ یوگیشور دت (مردوں کے فری اسٹائل۶۰؍کلوگرام) اور خاتون پہلوان ساکشی ملک (خواتین کے۵۸؍ کلوگرام) نے بھی بالترتیب لندن۲۰۱۲ء اور ریو۲۰۱۶ء  اولمپکس میں کانسہ کے تمغے جیتے تھے۔

ہندوستانی پہلوان اور ان کے زمرے 
مردوں کا  فری اسٹائل
امن سہراوت : مردوں کے ۵۷؍ کلوگرام میں مقابلہ کریں گے 
خواتین کی فری اسٹائل 
ونیش فوگاٹ : خواتین کے   ۵۰؍کلوگرام زمرے میں کھیلیں گی
انتم پنگھل : خواتین کے ۵۳؍ کلوگرام زمرے میں شرکت کریں گی
انشو ملک : خواتین کے ۵۷؍ کلوگرام زمرے میں مقابلہ کریں گی
نیشا دہیا : خواتین کے ۶۸؍ کلوگرام میں مقابلہ کریں گی
رتیکا ہڈا : خواتین کے ۷۶؍ کلوگرام میں کھیلیں گی

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK