• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اولمپک میں ۹؍ دن باقی، ہندوستان کے۱۱۷؍ ایتھلیٹ تیار

Updated: July 18, 2024, 11:27 AM IST | New Delhi

پیرس تیسری مرتبہ اولمپک کی میزبانی کیلئے پوری طرح تیار، ۹۰؍ لاکھ ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں، دنیا بھر سے ۱۰؍ ہزار ۵۰۰؍ ایتھلیٹ میدان میں ۔

The opening ceremony of the Paris Olympics will be held on July 26. Photo: INN.
پیرس اولمپک کی افتتاحی تقریب ۲۶؍ جولائی کو ہوگی۔ تصویر: آئی این این۔

پیرس اولمپکس شروع ہونے میں ۹؍ دن باقی ہیں۔ پیرس۳؍ اولمپکس کی میزبانی کرنے والا دوسرا شہر ہوگا۔ اس سے پہلے لندن میں ۳؍ اولمپکس منعقد ہو چکے ہیں۔ ۱۹۰۰ء اور۱۹۲۴ء میں ۲؍ اولمپکس پیرس میں ہو چکے ہیں جبکہ لندن اولمپک کھیلوں کی میزبانی ۱۹۰۸ء، ۱۹۴۸ء اور۲۰۱۲ء میں کر چکا ہے۔ پیرس میں ۱۰۰؍ سال بعد اولمپک کھیلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا نعرہ ہے’گیمز وائیڈ اوپن‘‘ یعنی یہ گیمز بڑے، مختلف اور زیادہ کھلے ہوئے ہیں جو اسٹیڈیم کے بجائے دریا کے کنارے منعقد ہوں گے۔ ۲؍ لاکھ ۲۲؍ ہزار ٹکٹ مفت بانٹے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب کو دنیا بھر میں ۱۵۰؍ کروڑشائقین ٹی وی پر دیکھیں گے۔ ۱۷؍دن کے ایونٹ کیلئے کم وبیش ۹۰؍ لاکھ ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ 
ہندوستانی ٹیم اورعملہ ۲۵۶؍ اراکین پر مشتمل 
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن(آئی او اے) نے ۲۵۶؍ اراکین مشتمل ہندوستانی دستے کا اعلان کیا ہے جن میں ۱۱۷؍ ایتھلیٹ جبکہ ۱۴۰؍اسپورٹس اسٹاف شامل ہے جبکہ دنیا بھر سے۱۰؍ ہزار ۵۰۰؍ ایتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں ۔ اس ٹیم میں ’شاٹ پٹر‘ آبھا کھٹوا کا نام شامل نہیں ہے۔ آبھا نے عالمی رینکنگ کوٹے کے ذریعے اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا تھالیکن اولمپکس کی عالمی ایتھلیٹ فہرست میں ان کا نام نہیں تھا۔ اس کے بعد انہیں ہندوستانی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔ ہندوستان نے ٹوکیو اولمپکس یعنی آخری اولمپکس میں ۱۱۹؍ اراکین کی ٹیم بھیجی تھی۔ ہندوستان نے اس اولمپکس میں اب تک سب سے زیا دہ ۷؍ تمغے جیتے تھے۔ ان میں سے ایک نیرج چوپڑا کا گولڈ میڈل تھا۔ 
ٹارچ کاتین مہینے کا سفر، ۱۲؍ ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گا
اولمپک ٹارچ ریلے کا آغاز۱۶؍ اپریل سے ہوا۔ اولمپک مشعل یونان کے اولمپیا میں روشن ہونے کے بعد ۲۶؍اپریل کو ایتھنز پہنچی۔ پھر۹؍مئی کو مارسیلے پہنچی۔ اس کے بعد موناکو میں مختصر قیام کے بعد فرانس میں گشت شروع ہوا۔ یہ ۲۶؍جولائی کو افتتاحی تقریب کے دوران اولمپک کولڈرون کو روشن کرے گا۔ کم وبیش تین مہینے کی مدت میں اولمپک مشعل ۱۲؍ ہزار کلومیٹر کاسفرکرچکی ہے۔ 
اولمپک میڈلز میں ایفل ٹاور کی دھات بھی شامل 
پیرس کی ایک لگژری جویلری فرم نے گیمز کیلئے۵۰۸۴؍ میڈلز بنائے ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہےکہ ایفل ٹاور سے ۱۸؍ گرام دھات بھی ہر تمغے میں شامل کی گئی ہے۔ اس تمغے میں یونانی دیوی نائکی، ۱۸۹۶ میں پہلے اولمپکس کی میزبانی کرنے والے اسٹیڈیم اور ایفل ٹاور کو دکھایا گیا ہے۔ تمغوں کا وزن۴۵۵؍ سے ۵۲۹؍ گرام تک ہے۔ 
پیرس سمیت ۱۶؍ شہروں میں گیمز، ۱۵؍ ہزار کلومیٹر دور سرفنگ
اولمپکس۲۰۲۴ء رقبے کے لحاظ سے بھی سب سے بڑے اولمپکس ہوں گے۔ اس کے کھیل پیرس سمیت دیگر۱۶؍شہروں میں بھی کھیلے جائیں گے۔ اس کے کچھ مقامات میزبان شہر پیرس سے ۱۰؍کلومیٹر سے ۷۰۰؍کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔ اولمپکس کی تاریخ میں پہلی بار افتتاحی تقریب کسی ا سٹیڈیم میں نہیں بلکہ دریا کنارے منعقد کی جائے گی۔ تقریباً۳؍گھنٹے کی تقریب میں ۳؍ ہزار فنکار پرفارم کریں گے۔ پیرس گیمز کا آغاز۲۶؍جولائی کو دریائے سین کے نیچے کشتی پریڈ کے ساتھ ہوگا۔ پیرس کے مرکز سے تقریباً۶؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے تقریباً۱۱؍ ہزار کھلاڑی، کوچز، لیڈر، عملہ جارڈین ڈیس پلانٹس کے قریب آسٹرلِٹز بریج سے شروع ہو کر ٹروکاڈرو میں ایفل ٹاور کے سامنے اینا بریج پرختم ہوگا۔ سیکوریٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے پلان بی اور سی پر بھی عمل کیا جاسکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK