آج پیرس اولمپکس کا افتتاح ۔ کھیلوں کی ’عالمی جنگ‘ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان تمغوں کی تعداد دہرے ہندسہ میں پہنچانے کی کوشش کرےگا،ٹوکیو المپکس میں کھلاڑیوں نے ۷؍تمغے جیتے تھے۔
EPAPER
Updated: July 26, 2024, 1:11 PM IST | Agency | Paris
آج پیرس اولمپکس کا افتتاح ۔ کھیلوں کی ’عالمی جنگ‘ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان تمغوں کی تعداد دہرے ہندسہ میں پہنچانے کی کوشش کرےگا،ٹوکیو المپکس میں کھلاڑیوں نے ۷؍تمغے جیتے تھے۔
آج سے شروع ہونے والا پیرس اولمپکس ہندوستان کیلئے کافی اہمیت کا حامل ہے۔ پیرس اولمپک گیمز کے لیے شائقین کا جوش وخروش عروج پر ہے۔ دنیا بھر سے کھیلوں کے شائقین کی نظریں اس وقت کھیلوں کے اس ’مہا کمبھ‘ پر مرکوز ہیں۔ یہ اولمپکس ہندوستان کے لیے بہت خاص ہے۔ ہندوستان کو پیرس اولمپکس میں اپنے اسٹار کھلاڑیوں سے بڑی امیدیں ہیں۔ ہندوستان نے اولمپک کی تاریخ میں کبھی ۲؍ گولڈ میڈل نہیں جیتے ہیں لیکن اس بار ہندوستانی ٹیم میں کچھ ایسے کھلاڑی ہیں جو اس خواب کو پورا کرسکتے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں تجربہ اور نوجوان دونوں کا امتزاج ہے، جو بڑے اور نامور کھلاڑیوں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس اولمپک میں ہندوستانی ایتھلیٹس کی بہتر کارکردگی ۲۰۳۶ء کے اولمپکس کی میزبانی کیلئے ہندوستان کے دعوے کو مضبوط کرسکتی ہے۔ ہندوستان کے۱۱۷؍رکنی دستے میں ۴۷؍ کھلاڑی ایسے ہیں جنہیں ایک یا زیادہ اولمپکس کھیلنے کا تجربہ ہے۔ ان میں مردوں کی ہاکی ٹیم سمیت پانچ تمغے جیتنے والے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ۷۰؍ کھلاڑی پہلی بار اولمپکس میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔ بلاشبہ یہ کھلاڑی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوں یا نہ ہوں لیکن اپنی بہترین کارکردگی سے وہ دنیا کو اپنا تعارف کرانے کیلئے تیار ہیں۔
ہندوستان کا پہلا ہدف پیرس میں اولمپک اسٹیج پر اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ ہندوستان نے ٹوکیو اولمپکس میں ۷؍ تمغوں کے ساتھ اپنا ریکارڈ بنایا تھا لیکن اب ان اعداد و شمار کو دوہرے ہندسے میں تبدیل کرنا ہندوستانی کھلاڑیوں کا پہلا ہدف ہے۔ نیرج چوپڑا (جیولین تھرو)، پی وی سندھو (بیڈمنٹن)، ساتوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی (بیڈمنٹن) کی جوڑی، نکہت زرین (باکسنگ)، آنند پنگھل (کشتی) اور نوجوان شوٹر کور سمرا اس ہدف کو حاصل کرنے میں تعاون دے سکتے ہیں۔ ہندوستان کے پاس اسے سچ کرنے کی طاقت ہے۔ پیرس میں تمغوں کی تعداد میں بہتری سے ایک ’ اسپورٹس نیشن‘ کے طور پر ہندوستان کے پروفائل میں بہتری آئے گی اور مستقبل میں اولمپکس کی میزبانی کرنے کی ہندوستان کے دعوؤں کو یقینی طورپر مضبوطی ملے گی۔ ہندوستان کے۱۱۷؍ ایتھلیٹ ملک کے تمغوں کی تعداد بڑھانے کے لیے پورے دل سے تیاری کر رہے ہیں۔ ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان نے۷؍ تمغے جیتے تھے جو اس کی اب تک کی بہترین کارکردگی رہی تھی۔ اس بار یہ دیکھتے ہوئے کہ ملک ۲۰۳۶ء میں اولمپکس کے انعقادکیلئے پُرعزم ہے اور حکومت بھی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے بجٹ مختص کررہی ہے، دوہرے ہندسے کے تمغوں کی امید اور بھی بڑھ گئی ہے۔ ہندوستان اولمپکس۲۰۳۶ء کی میزبانی کے لیے بولی لگانے کے لیے تیار ہے۔ حکومت ہند کھیلوں کی میزبانی کیلئے انڈین اولمپک ایسوسی ایشن(آئی او اے) کی بولی کی حمایت کرے گی۔ اس مشن کے حوالے سے کوآرڈی نیشن ہو، انفراسٹرکچر سے متعلق ڈھانچہ ہو یا کوئی بھی اہم پہلو، ہر چیز پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ ہندوستان کی امیدیں نہ صرف اس کے کھلاڑیوں سے ہے کہ وہ تمغے جیتیں گے بلکہ مشن۲۰۳۶ء کے لیے اپنا دعویٰ بھی مضبوط کریں گے۔ ہندوستانی دستہ کے پیرس روانہ ہونے سے پہلے وزیر اعظم مودی نے کھلاڑیوں کے ساتھ ذاتی طورپر اورآن لائن بھی بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے کھلاڑیوں کو اولمپکس۲۰۳۶ء کی میزبانی کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم نے کھلاڑیوں پر بھی زور دیا کہ وہ پیرس میں ہونے والے انتظامات کے بارے میں اپنا تجربہ شیئر کریں تاکہ اس دعوے کو مضبوط کرنے کیلئے اور بھی کام کیا جاسکے۔ یہ تمام چیزیں اس بات کی گواہ ہیں کہ پیرس اولمپکس ۲۰۲۴ء ہندوستان کے لیے کتنا اہم ہے۔
پیرس اولمپکس :بیڈمنٹن میں برطانیہ کی اینا ہرسی سےمانیکا بترا کا پہلامقابلہ
آج سے شروع ہورہے پیرس اولمپکس کے لیے ٹیبل ٹینس ایونٹ کے ڈراز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑی ۲۹؍ سالہ مانیکا بترا کا مقابلہ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میں برطانیہ کی۱۸؍ سالہ اینا ہرسی سے ہوگا۔ بترا، اولمپکس۲۰۲۴ء کی ۱۸؍ ویں سیڈ نے ٹو کیو ۲۰۲۰ء میں خواتین کے سنگلز میں تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی۔ ریو۲۰۱۶ء میں ڈیبیو کرنے کے بعد یہ ان کا تیسرا اولمپکس ہوگا۔ اینا ہرسی اولمپکس میں اپنا ڈیبیو کریں گی۔ عالمی نمبر۲۸؍بترا اسٹینڈنگ میں ہرسی سے آگے ہیں جو۱۰۳؍ ویں نمبر پر ہیں۔ مردوں کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں ہندوستان کے اسٹار پیڈلر شرت کمال کا مقابلہ سلووینیا کے ڈینی کوزول سے ہوگا۔ کوجول نے ٹوکیواولمپک میں حصہ لیا تھا، جبکہ یہ شرت کمل کا پانچواں اولمپکس ہوگا۔
مردوں کے ٹیم ایونٹ میں ہندوستان کو سخت چیلنج کا سامنا ہے۔ ٹیم کا مقابلہ ابتدائی راؤنڈ میں چار بار گولڈ میڈل جیتنے والی چین کی ٹیم سے ہوگا۔ ہرمیت دیسائی اپنی مردوں کے سنگلز مہم کا آغاز ابتدائی راؤنڈ سے کریں گے۔ دیسائی کا مقابلہ۲۷؍ جولائی کو اردن کے زید ابو یامان سے ہوگا۔