• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دھرم بیر نے کلب تھرو میں گولڈ جیتا، پرنو کی بھی چاندی

Updated: September 06, 2024, 10:45 AM IST | Agency | Paris

ہندوستانی ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ پیرس پیرا اولمپکس میں اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Dharambir. Photo: INN
دھرم بیر۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ پیرس پیرا اولمپکس میں اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بدھ کی دیر رات مردوں کے کلب تھرو ایف۔ ۵۱؍ایونٹ میں دھر م بیر نے ایشیائی ریکارڈ توڑ کر طلائی تمغہ جیتا جبکہ پرنو سورما نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ایتھلیٹکس میں یہ ہندوستان کا ۱۳؍ واں تمغہ ہے اور اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے پیرس میں کُل ۲۵؍تمغے جیت لئے ہیں۔ ہندوستان کے پاس ۵؍ سونے، ۹؍ چاندی اور ۱۱؍کانسے کے تمغے ہیں۔ 
  عالمی چمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے سونی پت کے ۳۵؍سالہ دھرم بیر پہلے میدان میں اترے۔ پہلی ۴؍ کوششوں میں فاؤل کرنے کے بعد انہوں نے پانچویں کوشش میں کلب کو ۳۴ء۹۲؍میٹر کے فاصلے پر پھینکا اور پھر پورے ایونٹ میں ٹاپ پر رہے۔ پرنو نے اپنی پہلی ہی کوشش میں ۳۴ء۵۹؍میٹر کی تھرو کی لیکن اس کے باوجود فرید آباد کے ۲۹؍سالہ کھلاڑی دھرم بیر کو پیچھے نہیں چھوڑ سکے۔ سربیا کے فلپ گروواک نے اپنی دوسری کوشش میں ۳۴ء۱۸؍میٹر کی تھرو کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ اسی ایونٹ میں حصہ لینے والے ایک اور ہندوستانی اور ۲۰۱۷ءورلڈ چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے امیت کمار سروہا، ۲۳ء۹۶؍میٹر کی کوشش کے ساتھ ۱۰؍ ویں اور آخری نمبر پر رہے۔ واضح رہے کہ ایف۔ ۵۱؍کلب تھرو ایونٹ اُن کھلاڑیوں کے لئے ہے جن کے دھڑ، ٹانگوں اور بازوؤں کی حرکت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ تمام حریف بیٹھ کر مقابلہ کرتے ہیں اور طاقت پیدا کرنے کیلئے اپنے کندھوں اور بازوؤں پر بھروسہ کرتے ہیں۔ ہرویندر نے لوکاس سیزیک کو شکست دے کر تیر اندازی کا طلائی تمغہ جیتا۔
ہرویندر کا تاریخی کارنامہ
 ہندوستانی تیر انداز ہرویندر سنگھ نے لگاتار میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیرس پیرا اولمپک گیمز میں لوکاس سیزیک کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ فائنل میچ میں ہرویندر نے پولینڈ کے لوکاس سیزیک کو ۶۔ صفرسے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ اس کارنامے کے ساتھ، ہرویندر پیرا اولمپکس اور اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے اور پیراولمپکس کے لگاتار ۲؍ ایڈیشن میں تمغہ جیتنے والے پہلے اور واحد ہندوستانی تیر انداز بن گئے ہیں۔ 
 اس سے قبل ہرویندر نے ایران کے محمد امیری کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ انہوں نے سیمی فائنل میچ میں ایران کے محمد امیری کو ۳۔ ۷؍سے ہرایا تھا۔ اس جیت کے ساتھ ہی انہوں نے پیرا اولمپکس ۲۰۲۴ءمیں پیرا آرچری کےلئے ہندوستان کا دوسرا تمغہ یقینی بنایا تھا۔ 
 ہرویندر نے کوارٹر فائنل میچ میں کولمبیا کے جولیو رامیرز ہیکٹر کو ۲۔ ۶؍سے شکست دی اور مسلسل دوسری بار سیمی فائنل میں پہنچے۔ اس سے قبل ہندوستانی کھلاڑی نے انڈونیشیا کے سیٹیوان کو شکست دے کر مردوں کے انفرادی ریکرو اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK