• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پیرس پیرالمپکس : نتیش کمارنے ہندوستان کو دوسرا گولڈ میڈل دلایا

Updated: September 03, 2024, 1:36 PM IST | Agency | Paris

بیڈمنٹن میں مردوں کے سنگلز کے ایس ایل ۳؍ زمرے کا فائنل جیت لیا، یوگیش کتھونیا کو ڈسکس تھرو میںچاندی کا تمغہ، ہندوستان کوکُل۱۱؍ تمغے مل چکے ہیں۔

Athlete Nitish Kumar with the gold medal in the middle on the podium. Photo: INN
پوڈیم پر درمیان میں طلائی تمغے کے ساتھ کھلاڑی نتیش کمار۔ تصویر : آئی این این

پیرس پیرالمپکس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی شاندارکارکردگی کاسلسلہ جاری ہے۔ ملک نے پیرس پیرالمپکس میں دوسرا گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ نتیش کمار نے بیڈمنٹن مردوں کے سنگلز کے ایس ایل ۳؍ زمرے میں فائنل جیت لیا۔ انہوں نے برطانیہ کے ڈینیل بیتھل کو ۱۴-۲۱؍، ۲۱-۱۸؍ اور۲۱-۲۳؍ سے شکست دی۔ ان سے پہلے یوگیش کتھونیا نے ڈسکس تھرو میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ ہندوستان نے اب تک پیرا اولمپکس میں ۱۱؍ میڈل جیت چکے ہیں جن میں ۲؍ گولڈ، ۴؍ سلور اور۵؍ برونز شامل ہیں۔ 
پیرس پیرالمپکس میں ہندوستان نے یہ دوسرا طلائی تمغہ جیتا ہے۔ نتیش کمار کی تاریخی کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے میڈل ٹیلی میں ۸؍مقام کی زبردست چھلانگ لگائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان میڈل ٹیلی میں ۲۲؍ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ واضح رہےکہ پیرا شوٹر اونی لکھیرا نے ان کھیلوں میں ہندوستان کیلئے پہلا طلائی تمغہ جیتا تھا۔ 
 نتیش کمار نےبرطانیہ کے ڈینیل بیتھل کو شکست دی۔ نتیش کمار اور ڈینیل بیتھل کے درمیان ایک ایک پوائنٹ کیلئے سخت مقابلہ ہوا۔ نتیش نے میچ کا پہلا گیم جیتا اور دوسرا گیم ڈینیل نے جیتا۔ تیسرے اور فیصلہ کن گیم میں ایک موقع پر اسکور ۱۹-۱۹؍ ہوگیا۔ اس کے بعد نتیش نے ۲۰؍ واں پوائنٹ حاصل کرلیا۔ ان کے پاس میچ پوائنٹ تھا لیکن فائدہ نہ اٹھا سکے۔ دوسری جانب ڈینیل نے لگاتار دو پوائنٹس حاصل کر کے میچ میں ۲۰-۲۱؍کی برتری حاصل کر لی۔ نتیش نے واپسی کی اور ایک پوائنٹ جیت کر اسکور۲۱-۲۱؍ کر دیا۔ اس کے بعد نتیش نے ایک اور پوائنٹ جیت کر میچ پوائنٹ حاصل کر لیا۔ اس کے بعد انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی اور گیم اور میچ۲۱-۲۳؍سے جیت لیا۔ پیرالمپکس میں نتیش کا یہ پہلا گولڈ ہے۔ 
نتیا سری اورشیوراجن کی جوڑی کو شکست 
 اس دوران پیرا بیڈمنٹن مکسڈ ایس ایچ ۶؍ ایونٹ میں ہندوستان کے نتیا سری سیون اور شیوراجن سولائی مالائی کانسے کے تمغے کا مقابلہ ہار گئے۔ انہیں انڈونیشیا کے سبحان اور مرلینا نے ۱۷-۲۱؍ اور۱۲-۲۱؍ سے شکست دی۔ اب سنگلز میں نتیا سری سیون کانسے کے تمغے کیلئے انڈونیشیا کی رینا مرلینا کے خلاف کھیلیں گی۔ 
یوگیش نے ۴۲ء۲۲؍ میٹر کی تھرو کے ساتھ تمغہ جیتا
 پیرس پیرالمپکس کےپانچویں دن یوگیش نے مردوں کے ڈسکس تھرو ایف ۵۶؍کے فائنل میں اپنے پہلے تھرو میں ۴۲ء۲۲؍ میٹر کا اسکور کیا۔ یہ ان کا سیزن کا بہترین تھرو تھا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ ایف ۵۶؍ زمرے میں کھلاڑی معذوری کی وجہ سے بیٹھ کر فیلڈ ایونٹس میں حصہ لیتے ہیں۔ 
جیولین تھرووَرسُمیت فائنل کھیلیں گے
 پیرالمپکس میں دوسری بار ملک کی نمائندگی کرنے والے سمیت انٹیل جیولین ایف ۶۴؍ کا فائنل کھیلیں گے۔ سمیت کے علاوہ ملک کے سنجے سندیپ اور سندیپ بھی اس گیم میں حصہ لیں گے۔ سمیت نے ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ انہوں نے چین کے شہر ہانگزو میں ہونے والے ایشین پیرا گیمز میں ۷۳ء۲۹؍ میٹر جیولن پھینک کر نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔ 
نشاد نے بھی ہندوستان کو نقرئی تمغہ دلایا 
 ہند وستان نے اس کے علاوہ پیرس پیرالمپکس کے چوتھے دن تاخیر سے۲؍تمغے جیتے۔ نشاد کمار نے رات ایک بجے ہائی جمپ مقابلے میں ہندوستان کو چاندی کا تمغہ دلایا۔ وہ ۲ء۰۴؍ میٹر کی سیزن کی بہترین چھلانگ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ ان سے پہلے پریتی پال نے خواتین کی ۲۰۰؍میٹر دوڑ میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ اس سے قبل پریتی نے۱۰۰؍میٹر ریس میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ وہ ٹریک ایونٹس میں ہندوستان کیلئے ۲؍ پیرا لمپکس تمغے جیتنے والی پہلی کھلاڑی ہیں۔ پریتی ٹی ۳۵؍ زمرے میں کھیلتی ہیں، جس میں وہ کھلاڑی شامل ہیں جو ہائپرٹونیا، ایٹیکسیا اور ایتھیٹوسس جیسی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK