• Thu, 07 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پیٹ کمنس کی آل راؤنڈکارکردگی، آسٹریلیا کی پاکستان پر فتح

Updated: November 05, 2024, 11:25 AM IST | Melbourne

پہلے یکروزہ میچ میں آسٹریلیا کی ۲؍وکٹ سے جیت۔ کمنس نے ۳۲؍رن بنائے اور ۲؍وکٹ لئے۔

Australian captain Pat Cummins. Photo: INN.
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنس۔ تصویر: آئی این این۔

گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد جوش انگلس(۴۹؍رن)، اسٹیو اسمتھ (۴۴؍رن)اور کپتان پیٹ کمنس (ناٹ آؤٹ۳۲؍رن) کی مدد سے آسٹریلیا نے پیر کو پہلے ون ڈے میں پاکستان کو۹۹؍ گیندیں باقی رہتے ۲؍ وکٹ سے شکست دے دی۔  
۲۰۴؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہیں رہا اور تیسرے ہی اوور میں میتھیو شارٹ (ایک رن) کا وکٹ گنوا بیٹھا۔ ۲۸؍رن کے اسکور پر جیک فریزر میک گرک (۱۶؍رن) دوسرے وکٹ کیلئے نسیم شاہ کا شکار بنے۔ اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور جوش انگلس نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے تیزی سے رن بنائے۔ اسمتھ اور انگلس کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے ۸۵؍ رن کی شراکت ہوئی۔ 
حارث رؤف نے۱۷؍ویں اوور میں اسٹیو اسمتھ (۴۴؍رن )کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ ۲۰؍ویں اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے جوش انگلس کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو چوتھا جھٹکا دیا۔ جوش انگلس نے۴۲؍ گیندوں پر۴۹؍ رن کی اننگز کھیلی جس میں ۴؍ چوکے اور ۳؍ چھکے شامل تھے۔ مارنس لبوشین (۱۶؍رن)، ایرون ہارڈی (۱۰؍رن)، گلین میکسویل (صفر) اور شان ایبٹ (۱۳؍رن) آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے وکٹ گرتے رہے لیکن انہوں نے رن کی رفتار کو کم نہیں ہونے دیا۔ کپتان پیٹ کمنس ایک کنارے پر جمے رہے اور ٹیم کو فاتح بناکر ہی دم لیا۔ کمنس نے ۳۱؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۳۲؍ رن بنائے۔ مشیل اسٹارک ۲؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا نے ۳۳ء۳؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ پر۲۰۴؍ رن بنائے اور میچ ۲؍ وکٹ سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ تیز گیندباز شاہین شاہ آفریدی نے ۲؍ وکٹ لئے۔ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل مشیل اسٹارک (۳؍وکٹ ) اور گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو۲۰۳؍رن کے اسکور پر سمیٹ دیا تھا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے پاکستان کا آغاز خراب رہا اور۲۴؍رن کے اسکور پر اس کے ۲؍ وکٹ گر گئے۔ تیسرے اوور میں مشیل اسٹارک نے صائم ایوب (ایک) کو بولڈ کر کے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ ان کا اگلا شکار عبداللہ شفیق (۱۲؍رن) تھے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے تیسرے وکٹ کیلئے ۳۹؍ رن جوڑے۔ ایڈم زمپا نے بابر اعظم (۳۷؍رن)کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اگلے ہی اوور میں پیٹ کمنس نے کامران غلام (۵؍ رن) کو پویلین بھیج دیا۔ آغا سلمان ۱۲، عرفان خان ۲۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے سب سے زیادہ ۴۴؍ رن کی اننگز کھیلی۔ شاہین شاہ آفریدی ۲۴؍ اور حارث رؤف صفر رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نسیم شاہ نے۴۰؍ رن کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ۴؍ چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ پاکستان کی پوری ٹیم۴۶ء۴؍ اوورس میں ۲۰۳؍رن کے اسکور پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مشیل اسٹارک نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ پیٹ کمنس اور ایڈم زمپا نے ۲۔ ۲؍ وکٹ لئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK