جنوبی افریقہ کے سابق گیندباز نے کہا کہ آسٹریلیا میں ناتھن لیون ہندوستانی بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 15, 2024, 1:29 PM IST | Agency | New Delhi
جنوبی افریقہ کے سابق گیندباز نے کہا کہ آسٹریلیا میں ناتھن لیون ہندوستانی بلے بازوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے سابق گیندباز پال ایڈمز نے گزشتہ روز کہا کہ تجربہ کار آسٹریلیائی آف اسپنر ناتھن لیون ہندوستان کے روی چندرن اشون سے زیادہ ’مکمل‘ گیندباز ہیں۔ توقع ہے کہ لیون ہندوستان کے خلاف آئندہ ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی بارڈر۔گاوسکر سیریز میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔۵۳۰؍ٹیسٹ وکٹوں کے ساتھ ناتھن لیون اور ۵۳۶؍وکٹوں کے ساتھ آر اشون دنیا کے ۲؍ سب سے مہلک اسپن گیندباز ہیں۔ لیکن ایڈمز، جو اپنے غیر روایتی بولنگ ایکشن کیلئے مشہور ہیں، نے کہا کہ آسٹریلوی گیندباز دنیا بھر کی پچوں پر بلے بازوں کو پریشان کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ پال ایڈمز نے جنوبی افریقہ کیلئے ۴۵؍ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد ۱۳۴؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اشون اور لیون میں سے کس کے پاس پوری دنیا میں کامیابی حاصل کرنے کی مکمل حکمت عملی ہے تو انہوں نے کہا’’میں اب بھی سمجھتا ہوں کہ برصغیر، آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ میں مقابلہ کرنے کے معاملے میں ناتھن لیون میں اشون سے زیادہ ٹیلنٹ ہے اور وہ اشون سے زیادہ مکمل گیندباز ہیں۔‘‘
پال ایڈمز نے کہا کہ اشون کے پاس کیرم بال ہے جو گیند کو مخالف سمتوں میں سوئنگ کر سکتی ہے۔ لیکن لیون ایک ایسے گیندباز ہیں جنہوں نے بہت زیادہ اوور اسپن بولنگ کی ہے۔ اس سے بلے بازوں کو چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہندوستان کے اہم تیز گیند باز محمد سمیع آسٹریلیا میں بارڈر گاوسکر سیریز میں کھیلنے والی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اور ایڈمز کو لگتا ہے کہ ان کی بہت کمی محسوس کی جائے گی۔ ایڈمز نے کہا’’ مجھے لگتا ہے کہ آسٹریلیا کے حالات کو دیکھتے ہوئے سمیع کو بہت یاد کیا جائے گا۔ اگر سمیع کو ٹیم میں شامل کیا جاتا تو آسٹریلیا میں تیز اور باؤنسی وکٹ سے ہندوستان کو غلبہ حاصل کرنے میں مدد ملتی۔ لیکن ابھی وہ پوری طرح سے شاید فٹ نہیں ہیں۔