ٹیم انڈیاکے اوپنرس یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل کی زبردست ساجھیداری سے ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف ۲۱۸؍رن کی سبقت حاصل کی۔
EPAPER
Updated: November 24, 2024, 3:32 PM IST | Perth
ٹیم انڈیاکے اوپنرس یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل کی زبردست ساجھیداری سے ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف ۲۱۸؍رن کی سبقت حاصل کی۔
سلامی بلے باز یشسوی جیسوال ( ناٹ آؤٹ ۹۰؍رن) اور کے ایل راہل (ناٹ آؤٹ۶۲؍رن ) کے درمیان ۱۷۲؍ رن کی ناٹ آؤٹ شراکت کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سنیچر کو اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے۱۷۲؍رن بنالئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ہندوستان کی مجموعی برتری ۲۱۸؍ رن ہو چکی ہے۔
اسٹار بلےبازجیسوال نے اپنے مانوس انداز میں آسٹریلیائی گیند بازوں کا ہمت سے سامنا کیا۔ اب تک وہ اپنی اننگز میں ۷؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگا چکے ہیں اور یادگار سنچری کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ کے ایل راہل نے زبردست صبر کا مظاہرہ کیا اور کمزور گیندوں کو درستگی کے ساتھ مار کر شراکت کو آگے بڑھایا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کیا لیکن ہندوستان کی پہلی اننگز کے۱۵۰؍ رن کے جواب میں اس کے بلے باز صرف ۱۰۴؍رن پر آؤٹ ہو گئے جس کی وجہ سے مہمان ٹیم ہندوستان کو۴۶؍ رن کی اہم برتری حاصل ہوگئی۔
فاسٹ بولنگ میں جسپریت بمراہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۳۰؍ رن کے عوض ۵؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ آغاز کرنے والے ہرشیت رانا نے۴۸؍ رن کے عوض ۳؍ وکٹ لے کر متاثر کیا۔ میزبان ٹیم کے آخری ۵؍ وکٹ صرف ۲۳؍ رن کا اضافہ کر سکے۔ یہ ۲۰۱۰ء کے بعد آسٹریلیا میں کسی مہمان ٹیم کی پہلی ۱۵۰؍ رن سے زائد کی اوپننگ شراکت تھی اور اس صدی میں یہ صرف چوتھی بار ہے کہ کسی ہندوستانی جوڑی جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ۵۰؍ اوور تک ٹکی رہی۔
آسٹریلیا کے تیز گیندباز پیٹ کمنس اور جوش ہیزل ووڈ نے جیسوال اور راہل کے لئے ہر زاویے اور رفتار سے گیند بازی کی، تاہم، دونوں نے چیلنج کا صبر کے ساتھ سامنا کیا اور طوفان کا مقابلہ کیا۔ یشسوی جیسوال کو بعض اوقات ہاتھ کے درد کے علاج، پانی کی کمی سے نمٹنے کے لئے پانی پینے کی ضرورت ہوتی تھی، لیکن ان کا عزم اٹل رہا۔ نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کی کوششوں کے باوجود آسٹریلیا کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ مشیل سٹارک اور ناتھن لاین کے علاوہ پیٹ کمنس کبھی کبھار تیز باؤنس لینے میں کامیاب رہے اس کے باوجود ہندوستان کے بلے بازوں نے مایوس نہیں کیا۔ اس دوران جیسوال نے برینڈن میکولم کا ایک کیلنڈر سال میں ۳۳؍ چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا۔
جیسوال اور راہل کا کارنامہ
پرتھ ٹیسٹ میں کے ایل راہل اور یشسوی جیسوال نے اپنی دلکشی برقرار رکھی ہے۔ راہل نے دوسری اننگز میں ۶۲؍رن اور جیسوال ۹۰؍رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں بلے بازوں نے۱۷۲؍ رن کی شراکت کی۔ یہ۲۰۰۴ء کے ایس سی جی ٹیسٹ کے بعد آسٹریلیا میں ٹیسٹ میں ہندوستان کی سب سے زیادہ اوپننگ شراکت ہے، جہاں وریندر سہواگ اور آکاش چوپڑا نے ۱۲۳؍ رن جوڑے۔ سب سے بڑی شراکت سنیل گاوسکر اور شری کانت کے درمیان ہے۔