ہندوستان نے پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو ۵۳۴؍رن کا ہدف دیا۔ دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے ۳؍کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
EPAPER
Updated: November 25, 2024, 11:27 AM IST | Perth
ہندوستان نے پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو ۵۳۴؍رن کا ہدف دیا۔ دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے ۳؍کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
یشسوی جیسوال(۱۶۱؍رن) اور وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ۱۰۰؍رن)، کے ایل راہل (۷۷؍رن) کی شاندار اننگز کی بنیاد پر ہندوستان نے اتوار کو تیسرے دن دوسری اننگز میں ۶؍ وکٹ پر۴۸۷؍ رن بنائے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز ڈکلیئر کرنے کے بعد آسٹریلیا کو جیت کیلئے ۵۳۴؍ رن کا بڑا ہدف دیا گیا۔ آسٹریلوی بلے بازوں کو دوسری اننگز میں بھی جسپریت بمراہ اور محمد سراجکے قہر کا سامنا کرنا پڑا۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا ۱۲؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوانے کے بعد مشکل میں تھا۔ عثمان خواجہ ( ناٹ آؤٹ ۳؍رن) کریز پر موجود ہیں۔
اتوار کو پرتھ ٹیسٹ میں چائے کے بعد ہندوستان نے ۵؍ وکٹ پر۳۵۹؍ رن سے کھیلنا شروع کیا۔ وراٹ کوہلی اور نتیش کمار ریڈی نے اس دوران تیزی سے رن بنائے۔ وراٹ کوہلی نے ۱۴۳؍ گیندوں پر۸؍ چوکے اور ۲؍ چھکے مار کر سنچری (ناٹ آؤٹ۱۰۰؍رن) کھیلی۔ نتیش کمار ریڈی نے ۲۷؍ گیندوں پر ۳؍ چوکے اور۲؍چھکے لگا کر رن (ناٹ آؤٹ۳۸؍رن) بنائے۔ وراٹ کوہلی کی سنچری کی بدولت ہندوستان نے۱۳۴ء۳؍اوورس میں ۶؍ وکٹ کے نقصان پر۴۸۷؍ رن پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔
اس کے بعد دوسری اننگز میں بلے بازی کیلئے آنے والی آسٹریلیا ٹیم کو ایک بار پھر بمراہ کے قہر کا سامنا کرنا پڑا۔ بمراہ نے پہلے ہی اوور میں ناتھن میک سوینی (صفر) کو آؤٹ کرکے آسٹریلیا کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد چوتھے اوور میں کپتان پیٹ کمنس (۲؍رن) کو محمد سراج نے وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اگلے ہی اوور میں بمراہ نے آسٹریلیا کو تیسرا دھچکا مارنس لبوشین (۳؍ رن) کے ذریعے ایل بی ڈبلیو دیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا کے ۳؍ وکٹ ۱۲؍ رن پر گر چکی تھیں۔ عثمان خواجہ ( ناٹ آؤٹ ۳؍رن) کریز پر موجود ہیں۔
اس سے قبل لنچ کے بعد دیودت پڈیکل (۲۵؍ رن ) دوسرے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے یشسوی کے ساتھ۷۴؍ رن کی شراکت کی۔ مشیل مارش نے۹۴؍ویں اوور میں یشسوی کو آؤٹ کیا۔ یشسوی نے۲۹۷؍ گیندوں پر ۱۵؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگا کر۱۶۱؍ رن بنائے۔ ہندوستان نے ۳۱۳؍رن کے اسکور پر ۲؍ وکٹ گنوا دیئے تھے۔ لیکن اس کے بعد ہندوستان نے۳۲۱؍رن کے اسکور تک ۵؍ وکٹ گنوا دیئے تھے۔ رشبھ پنت اور دھرو جوریل ایک ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ چائے کے وقت تک ہندوستان نے ۵؍ وکٹ پر ۳۵۹؍ رن بنا لئے ہیں۔
ہندوستان نے سنیچر کے۱۷۲؍رن کے اسکور سے اتوار کو صبح کھیلنا شروع کیا۔ اسکور میں ابھی ۲۹؍ رن کا اضافہ ہوا تھا کہ مشیل اسٹارک نے کے ایل راہل (۷۷؍رن) کو وکٹ کیپر کیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر۲۰۱؍ رن کی شراکت توڑ دی۔ اس دوران یشسوی جیسوال نے اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی سنچری مکمل کرنے کیلئے ۲۰۵؍ گیندیں کھیلیں۔ اس کے ساتھ وہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آئے دیو دت پڈیکل نے جیسوال کے ساتھ محتاط انداز میں کھیل کر اسکور کو آگے بڑھایا۔ کھانے کے وقت تک ہندوستان نے ایک وکٹ پر۲۷۵؍ رن بنا لئے تھے اور اس کی برتری ۳۲۱؍ رن تک پہنچ گئی ہے۔ لنچ کے وقت یشسوی جیسوال ناٹ آؤٹ ۱۴۱؍رن اور دیودت پڈیکل ناٹ آؤٹ ۲۵؍ رن بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لاین نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ مشیل اسٹارک، پیٹ کمنس، جوش ہیزل ووڈ اور مشیل اسٹارک نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ہندوستان کی پہلی اننگز۵۸ء۳؍ اوور میں ۱۵۰؍رن پر سمٹ گئی۔ نتیش ریڈی نے ۴۱؍رن کی اننگز کھیلی، پنت نے ۳۷؍ رن کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے ۲۹؍ رن کے عوض ۴؍ اور مشیل اسٹارک نے۱۴؍ رن کے عوض ۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ آسٹریلیا پہلی اننگز میں ۵۱ء۲؍ اوورس میں ۱۰۴؍ رن پر ڈھیر ہو گیا۔