ہندوستان کے شطرنج گرینڈ ماسٹر پرگیانندا کا کہنا ہے کہ مقابلہ کہاں ہورہا ہے اس بات کو وہ اہمیت نہیں دیتے بلکہ اپنے کھیل پر توجہ رکھتے ہیں۔
EPAPER
Updated: May 24, 2024, 9:10 AM IST | Agency | Chennai
ہندوستان کے شطرنج گرینڈ ماسٹر پرگیانندا کا کہنا ہے کہ مقابلہ کہاں ہورہا ہے اس بات کو وہ اہمیت نہیں دیتے بلکہ اپنے کھیل پر توجہ رکھتے ہیں۔
میگنس کارلسن کو کئی بار شکست دینے کے بعدنوجوان ہندوستانی گرینڈ ماسٹر آر پرگیا نندا کو لگتا ہے کہ جب وہ۲۷؍مئی سے شروع ہونے والے ناروے شطرنج ٹورنامنٹ میں کئی مرتبہ کےعالمی چمپئن شطرنج کھلاڑی کا ان کے ہی ملک میں سامنا کریں گے تو ان پر کوئی دباؤ نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ پرگنانندا نے۳۳؍ سالہ کارلسن کو اسی مہینے کی شروعات میں وارسا میں گرینڈ چیس ٹور کے سپربیٹ ریپڈ اینڈ بلٹز ٹورنامنٹ میں شکست دی تھی۔ پرگیانندا کے ساتھ ان کی بہن ویشالی بھی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ ویشالی پہلی بار ناروے شطرنج خواتین ٹورنامنٹ میں کھیلیں گی۔
پرگیانندا نے کہا’’مجھے نہیں لگتا کہ میگنس کارلسن کے خلاف ان کے ہی ملک میں کھیلنا میرے لئے کوئی چیلنج ہوگا۔ ٹھیک ہے، یہ اپنے ملک میں کھیلنے والے کھلاڑی کیلئے اہمیت رکھتا ہے لیکن میرے لئے نہیں۔ ‘‘واضح رہے کہ ۱۱؍دنوں تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں گھریلو دعویدار کارلسن کے علاوہ عالمی عالمی چمپئن ڈِنگ لیرن اور ہیکارو ناکامورا جیسے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے۔ گزشتہ سال فیڈے( FIDE )ورلڈ کپ میں کارلسن کے ساتھ اپنے مقابلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ہندوستانی گرینڈ ماسٹر نے کہا کہ وہاں کا تجربہ مستقبل کے مقابلوں میں ان کی مدد کرے گا۔ پرگیانندا نے ناروے شطرنج کی جانب سے جاری ایک ریلیز میں کہا کہ’’ میں ہمیشہ ایک اچھے چیلنج سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ پچھلے سال ورلڈ کپ کے بعد ان کے ساتھ یہ میرا پہلا کلاسیکل مقابلہ ہوگا۔ میں ان کے ساتھ کھیلنے کے لئے بہت پُرجوش ہوں اور دیگر کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کے لئے بے قرار ہوں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہاں کا تجربہ مستقبل کے ٹورنامنٹ میں میری مدد کرے گا۔ ‘‘
۱۸؍ سالہ ہندوستانی کھلاڑی نے کہا کہ’’ میں ناروے شطرنج میں کھیلنے کے لئے بہت پُرجوش ہوں۔ ٹورنامنٹ میں کئی مضبوط دعویدار کھیل رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ میں نے اب تک جتنے بھی ٹورنامنٹ کھیلے ہیں ان میں شاید یہ سب سے مضبوط حریف کھلاڑی ہیں۔ یہ میرے لئے ایک اچھا موقع ہے اور میں ان کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہوں گا۔ ‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ اس سال کا پروگرام بہت مصروف ہے۔ ناروے شطرنج کے بعد میں شطرنج اولمپیاڈ کے لئے بڈاپیسٹ جاؤں گا۔ میں اس سال کے آخر میں گلوبل چیس لیگ میں بھی کھیلوں گا۔ ایسی دلچسپ لیگ کا ہونا واقعی اچھی بات ہے جو یقینی طور پر کھیل کو بڑھنے میں مدد دے گی۔ اس وقت میری توجہ ناروے شطرنج ٹورنامنٹ پر ہے اور میں جسمانی اور ذہنی طور پر اپنی بہترین کارکردگی کیلئے تیار ہوں۔ ‘‘ پرگیانندا نے کہا کہ وہ خواتین کے زمرے میں اپنی بہن ویشالی کی کارکردگی پر بھی نظر رکھیں گے۔ ہندوستان کے شطرنج گرینڈماسٹر نے کہا ’’ناروے شطرنج میں خواتین کا ٹورنامنٹ شروع کرنا اچھا ہے۔ یہ ایک اچھا اقدام ہے کیونکہ خواتین کیلئےزیادہ ٹورنامنٹ نہیں ہیں۔ اس سے دیگر منتظمین کو خواتین کے ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی ترغیب ملے گی۔ میری بہن بھی اس میں کھیلے گی۔ میں اپنی بہن کی کارکردگی پر نظر رکھوں گا۔