• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پریمیر لیگ: ایورٹن نے لیورپول کی امیدوں کو جھٹکا دیا

Updated: April 26, 2024, 11:49 AM IST | Agency | Liverpool

یکطرفہ مقابلے میں ایورٹن نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی،برانتھویٹ اور ڈومینک کالورٹ نے گول کئے۔

Jared Branthwaite scored a goal for Everton against Liverpool. Photo: INN
ایورٹن کےلئے جیراڈ برانتھویٹ نے لیورپول کے خلاف ایک گول کیا۔ تصویر : آئی این این

ایورٹن سے دو صفر سے ہارنے کے بعد لیورپول کی پریمیر لیگ فٹبال خطاب جیتنے کی امیدوں کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ ٹیم کے ساتھ ساتھ کوچ جرگین کلوپ کی خطاب کے ساتھ وداع ہونے کی امیدوں کو بھی جھٹکا لگا ہے۔ ایورٹن کی جانب سے جیراڈ برانتھویٹ نے پہلے ہاف میں ۲۷؍ویں منٹ میں گول کیا جبکہ دوسرے ہاف میں ڈومینک کالورٹ لیون نے کھیل کے ۵۸؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی برتری کو دوگنی کردیا۔ 
لیورپول کے اسٹرائیکرز نے پورے میچ میں کئی مواقع گنوائے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ٹیم کو کرسٹل پیلس کے خلاف ایک صفر سے شکست کے بعد پہلا جھٹکا لگا تھا تاہم اس کے بعد آرسنل کو بھی آسٹن ولا کے خلاف دو صفرسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ اب اس شکست کے بعد لیورپول کی امیدوں کو دوہرا دھچکا لگا ہے۔ شکست کے بعد کلوپ نے کہا’’ `میں اس شکست پر صرف معافی مانگ سکتا ہوں۔ ہم بہتر کھیل سکتے تھے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا اور اسی وجہ سے ہم ہار گئے۔ ‘‘
  اس شکست کے ساتھ ہی لیورپول اب دوسرے نمبر پر ہے جو ٹاپ پوزیشن پر قابض آرسنل سے ۳؍ پوائنٹ پیچھے ہے۔ موجودہ چمپئن مانچسٹر سٹی صرف ایک پوائنٹ سے لیورپول سے پیچھے ہے۔ 
 اس کے ساتھ ہی ایک اور میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے شیفیلڈ یونائیٹڈ کو ۲؍کے مقابلے ۴؍گول سے شکست دی۔ یونائیٹڈ اب ٹیبل میں چھٹے نمبر پر ہے۔ 
ژاوی بارسلونا کے ساتھ رہیں گے
بارسلونا کے کوچ ژاوی ہرنانڈیز نے سیزن کے اختتام پر ٹیم چھوڑنے کا اپنا فیصلہ بدل دیا ہے۔ بدھ کو ہسپانوی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ ژاوی نے بارسلونا کے اسپورٹس ڈائریکٹر ڈیکو اور صدر جوآن لاپورٹا سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے ٹیم نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم بارسلونا کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رئیل میڈرڈ کے خلاف شکست سے ٹیم کی ٹائٹل جیتنے کی امیدوں کو دھچکا لگنے کے بعد ژاوی نے بطور کوچ ہٹنے کا فیصلہ کیا تھا جسے انہوں نے اب بدل دیا ہے اور وہ ٹیم کے ساتھ بنے رہیں گے۔ اس شکست کے ساتھ اب بارسلونا پوائنٹس ٹیبل میں ریئل میڈرڈ سے ۱۱؍پوائنٹس پیچھے ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK