Inquilab Logo Happiest Places to Work

پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو ۱۰۲؍ رن سےہرایا

Updated: April 16, 2025, 10:41 AM IST | Agency | Rawalpindi

اسلام آباد نے صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ سنچری کی بدولت مقررہ ۲۰؍ اوور میں۲۴۳؍رن بنائے جس کے جواب میں پشاور۱۴۱؍ رن پرآل آؤٹ ہوگئی۔

Islamabad United players celebrating. Photo: INN
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی جشن مناتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو ۱۰۲؍ رن سے شکست دے دی۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ سنچری کی بدولت مقررہ ۲۰؍ اوورز میں۵؍وکٹوں کے نقصان پر۲۴۳؍رن بنائے جو رواں سیزن کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم ۱۴۱؍ رن پر سمٹ گئی۔ محمد حارث کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی نہ دکھاسکا۔
 پشاور زلمی مسلسل دوسرے میچ میں متاثر کن آغاز فراہم نہ کرسکی اور ٹیم کو دوسرے ہی اوور میں کپتان بابراعظم کی صورت میں دھچکا لگا جو۴؍رن کے مجموعی اسکور پر صرف ایک رن بنانے کے بعد لوٹ گئے ۔پہلے میچ میں نصف سنچری بنانے والے صائم ایوب بھی ۶؍ رن کے مہمان ثابت ہوئے، مچل اوون کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے بھیجا گیا لیکن  وہ صرف ۱۰؍ رن ہی بناسکے۔
 ٹام کوہلر کیڈ مور۸، حسین طلعت۱۳، جارج لینڈے صفر، الزاری جوزف۲،، سفیان مقیم ایک اور محمد علی۳؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد حارث نے بھرپور مزاحمت دکھائی اور وہ آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے تاہم ان کا ساتھ دینے کیلئے کوئی دوسرا کھلاڑی ٹک نہ سکا۔  اس سے قبل، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے  بلے بازی  کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز کرنے والے اینڈریز گوس کھاتہ کھولے بغیر ہی رن آؤٹ ہوگئے۔تاہم صاحبزادہ فرحان اور کولن منرو نے دوسرے وکٹ کیلئے ۱۴۴؍ رن کی اہم شراکت داری قائم کی، اس دوران فرحان نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری بھی اسکور کی تاہم دونوں الزاری جوزف کے اوور میں اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے ۔ صاحبزادہ فرحان۵۲؍ گیندوں پر۱۰۶؍ رن کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں۵؍ چھکے اور۱۳؍ چوکے شامل تھے جبکہ کولن منرو۴۰؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی کی جانب سے حسین طلعت اور الزاری جوزف نے ۲-۲؍وکٹیں  لیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK