Inquilab Logo Happiest Places to Work

وراٹ اور پڈیکل کے سامنے پنجاب کنگز بےکل

Updated: April 21, 2025, 10:52 AM IST | Agency | Malanpur

آئی پی ایل کے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پنجاب کنگز کو ۷؍وکٹ سے زیر کردیا۔ وراٹ کوہلی نے ناٹ آؤٹ ۷۳؍رن بنائے۔

Virat Kohl. Picture: INN
وراٹ کوہلی۔ تصویر: آئی این این

کرونال پانڈیا اور سویاش شرما کی شاندار گیند بازی کے بعد وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ ۷۳؍ رن) اور دیودت پڈیکل (۶۱؍رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور نے انڈین پریمیر لیگ ( آئی پی ایل )۲۰۲۵ء کے اتوار کو۳۷؍ ویں میچ میں پنجاب کنگز کو ۷؍ گیندیں باقی رہتے ۷؍ وکٹ سے شکست دے دی۔
  ۱۵۸؍رن کے ہدف کے تعاقب میں رائل چیلنجرز بنگلور کی شروعات خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں فل سالٹ (ایک) گنوا دیا۔ انہیں عرشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد دیودت پڈیکل بیٹنگ کیلئے آئے اور وراٹ کوہلی کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے  وکٹ کیلئے ۱۰۳؍رن کی شراکت ہوئی۔ ہرپریت برار نے ۱۳؍ویں اوور میں دیودت پڈیکل کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ دیودت پڈیکل نے۳۵؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۶۱؍ رن بنائے۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آئے کپتان رجت پاٹیدار ۱۲ ؍ رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اس دوران وراٹ کوہلی ایک کنارے کو سنبھالے رہے اور  رن بناتے رہے۔  وراٹ کوہلی نے ۵۴؍ گیندوں پر  ۷؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۷۳؍ رن (ناٹ آؤٹ) کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ جیتیش شرما  ۱۱؍رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور نے۱۸ء۵؍ اوور میں ۳؍ وکٹ پر۱۵۹؍ رن بنا کر ۷؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ ۸؍ میچوں میں یہ آر سی بی کی پانچویں جیت ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پنجاب کنگز کی جانب سےعرشدیپ سنگھ، ہرپریت برار اور یزویندر چہل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
  اس سے قبل پربھسمرن سنگھ (۳۳)، ششانک سنگھ ( ناٹ آؤٹ ۳۱؍رن) اور جوش انگلس (۲۹؍ رن) کی اننگز کی بدولت پنجاب کنگز نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۵ء کے ۳۷؍ویں میچ میں اتوار کو رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کو جیت  کیلئے  ۱۵۸؍ رن کا ہدف دیا۔
 اتوار کورائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان رجت پاٹیدار نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے آتے ہوئے پربھسمرن سنگھ اور پریانش آریہ کی اوپننگ جوڑی نے پنجاب کنگز کیئے پہلے وکٹ کیلئے ۴۲؍ رن جوڑے۔ پانچویں اوور میں کرونال پانڈیا کی گیند پر پریانش آریہ آگے نکل کر لانگ آف کے اوپر مارنے کی کوشش میں مڈ آف پر ٹم ڈیوڈ کو آسان کیچ دے بیٹھے۔ پریانش نے۱۵؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے  ۲۲؍رن بنائے۔ اس کے بعد ۷؍ ویں اوور میں کرونال نے پربھسمرن سنگھ کو ڈیوڈ کے ہاتھوں کیچ کروا کر پنجاب کنگز کو دوسرا جھٹکا دیا۔ پربھسمرن سنگھ  نے  ۱۷؍گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۳۳؍ رن بنائے۔ کپتان شریاس ایّر (۶؍رن) کو روماریو شیفرڈ نے اپنا شکار بنایا۔ نہال وڈھیرا  ۵  ؍رن پر آؤٹ ہوئے۔ جوش انگلس ۱۷؍ گیندوں پر ۲۹؍رن اور مارکس اسٹوئنس  ایک رن کو سویاش شرما نے آؤٹ کیا۔ پنجاب کنگز نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں۶؍ وکٹ پر۱۵۷؍  رن بنائے۔ ششانک سنگھ ۳۱؍رن  اور مارکو جانسن  ۲۵؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آر سی بی کی جانب سے کرونال پانڈیا اور سویاش شرما نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ روماریو شیفرڈ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔بنگلور کی ٹیم کو اس فتح سے ۲؍پوائنٹس ملے۔ 

آئی پی ایل میں وراٹ کا ایک اور ریکارڈ 
رائل چیلنجرز بنگلور کے دھماکہ خیز بلے باز وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کے خلاف ملاں پور میں کھیلے گئے میچ میں نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ کوہلی آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ ۵۰؍ پلس اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ کوہلی نے اس معاملے میں دھماکہ خیز اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بنگلور کے اسٹار کوہلی نے پنجاب کے خلاف مارکو جانسن کی۱۵؍ویں اوور کی پانچویں گیند پر ایک رن  لے کر آئی پی ایل میں اپنی۵۹؍ویں نصف سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ وہ۶۷؍ویں مرتبہ۵۰؍ پلس اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے اسٹار ڈیوڈ وارنر۶۶؍ مرتبہ ایسا کر چکے ہیں۔ ان کے بعد شکھر دھون (۵۳؍مرتبہ)، روہت شرما (۴۵؍مرتبہ) اور کے ایل راہل (۴۳؍مرتبہ) ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK