راہل نے اتوار کی صبح تقریباً ۳؍ گھنٹے تک پریکٹس کی۔ دو دنوں کے میچ سمولیشن کے بعد، ہندوستانی کھلاڑیوں نے واکا کے مین وکٹ اور نیٹس پر اتوار کو بھی پریکٹس کی
EPAPER
Updated: November 17, 2024, 10:07 PM IST | Perth
راہل نے اتوار کی صبح تقریباً ۳؍ گھنٹے تک پریکٹس کی۔ دو دنوں کے میچ سمولیشن کے بعد، ہندوستانی کھلاڑیوں نے واکا کے مین وکٹ اور نیٹس پر اتوار کو بھی پریکٹس کی
ٹیسٹ میچ سیریز کھیلنے آسٹریلیا پہنچنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے زخمی بلے باز کے ایل راہل نے پریکٹس کی، وہیں شبھمن گل پریکٹس سیشن سے دور رہے۔راہل نے اتوار کی صبح تقریباً ۳؍ گھنٹے تک پریکٹس کی۔ دو دنوں کے میچ سمولیشن کے بعد، ہندوستانی کھلاڑیوں نے واکا کے مین وکٹ اور نیٹس پر اتوار کو بھی پریکٹس کی۔ میدان میں ایک گھنٹہ گزارنے کے بعد راہل نے نیٹس پر بھی پریکٹس کی اور ان کے کھیلنے کے انداز سے کوئی دقت نظر نہیں آرہی تھی تاہم، پریکٹس کے دوران ان کا وہ فلو نظر نہیں آیا، جوسمولیشن میچ کے دوران چوٹ لگنے سے پہلے نظر آیا تھا۔راہل اور گل دونوں ہندوستان کے انٹرا اسکواڈ سمولیشن میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے۔ جمعہ کو بلے بازی کے دوران راہل کی کہنی پرچوٹ لگی تھی اور انہیں ریٹائرڈ آؤٹ ہوکر میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔ اس کے بعد وہ میچ میں کبھی واپس نہیں آئے۔ سمولیشن میچ کے دوسرے دن سلپس میں فیلڈنگ کرتے ہوئے گل کو بائیں انگوٹھے میں چوٹ لگی تھی۔ انہوں نے اس میچ میں ۲۸؍ اور۴۲؍ ناٹ آؤٹ رن بنائے تھے۔ پرتھ ٹیسٹ میں ان کی دستیابی پر شک ہے۔
سیمولیشن میچ کے دوران معروف بلے باز وراٹ کوہلی نے بغیر کسی پریشانی کے بلے بازی کی اور۳۰؍رن ناٹ آؤٹ بنائے۔ تاہم انہیں شارٹ گیندوں پر جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ نائب کپتان جسپریت بمراہ کی قیادت میں ہندوستانی گیند بازوں نے بھی اتوار کو پریکٹس کی۔
بارڈر گاوسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹاپ آرڈر کے حوالے سے تذبذب بڑھ گئی ہے جب آج رات کے انٹرا اسکواڈ میچ کے دوسرے دن سلپ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے شبھمن گل کے ہاتھ میں چوٹ لگ گئی ہے۔گل کے بائیں ہاتھ میں چوٹ آئی جس کے بعد وہ پورا دن فیلڈنگ کیلئے نہیں آئے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس انجری کی وجہ سے۲۲؍ نومبر سے پرتھ میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں گل کے کھیلنے پر سوالات اٹھ سکتے ہیں یا نہیں۔
ایسی خبریں تھیں کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم وہائٹ واش کے بعد روہت نے پہلے ٹیم کے ساتھ پریکٹس کیلئے آسٹریلیا جانے اور پھر بچے کی پیدائش کے وقت ہندوستان واپس آنے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ اب پرتھ ٹیسٹ کھیلنے آسٹریلیا جائیں گے یا نہیں۔ کے ایل راہل، اننگز کا آغاز کرنے کے ایک اور دعویدار، میچ سمولیشن کے پہلے دن ایک شارٹ گیند پر کہنی کی چوٹ کا شکار ہوئے۔ اس کے بعد وہ بیٹنگ کیلئے نہیں آئے۔ وہ سنیچرکو بھی میدان پر نہیں اترے۔ ہندوستانی ٹیم کے پاس ٹاپ آرڈر میں ابھیمنیو ایشورن کی شکل میں ایک متبادل بھی ہے۔ جمعہ کو دو بار بیٹنگ کرنے والے گل نے پہلی اننگز میں۲۸؍ رن بنائے اور نودیپ سینی کی بیک آف لینتھ گیند پر گلی میں کیچ ہو گئے۔