• Thu, 19 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بارش نے رخنہ ڈالا، برسبین ٹیسٹ ڈرا

Updated: December 19, 2024, 1:07 PM IST | Brisbane

ہندوستان اور آسٹریلیا کی ۵؍میچوں کی ٹیسٹ سیریز ۱۔ ۱؍ سے برابری پر۔ دوسری اننگز میں ہندوستانی گیندبازوں کا جلوہ ۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

بارش کی وجہ سے بار بار روکا جانے والا برسبین ٹیسٹ بدھ کو پانچویں روز بالآخر ڈرا پر ختم ہو گیا، جس کی وجہ سے ہندوستان نے سکون کا سانس لیا ہوگا اور ۵؍ میچوں کی سیریز اب ۱۔ ۱؍ سے برابر ہو گئی ہے۔ 
پانچویں دن بدھ کو ہندوستان ۹؍ وکٹوں پر ۲۵۲؍ رن سے آگے تھا اور اس نے۲۴؍ گیندوں پر مزید۸؍رن جوڑے۔ اس کے بعد آسٹریلیا نے دوسری اننگز۷؍وکٹوں پر۸۹؍ رن پر ڈکلیئر کرنے کا اہم فیصلہ کیا اور ہندوستان کو۲۷۵؍ رن کا ہدف دیا۔ بارش کے باعث صبح کے سیشن میں کھیل نہیں ہوسکا اور نتیجہ آنے کے لیے کافی وقت نہیں بچا، آسٹریلوی بلے بازوں نے وکٹ کی فکر کیے بغیر جارحانہ بیٹنگ کی۔ آسٹریلیا نے۱۸؍ اوور کھیلے اور صرف ایلکس کیری (۲۰؍ گیندوں پر۲۰؍ رن)، پیٹ کمنس (۱۰؍ گیندوں پر ۲۲؍ رن) اور ٹریوس ہیڈ (۱۹؍ گیندوں پر ۱۷؍ رن) ہی دُہرے ہندسے میں پہنچ سکے۔ ہندوستان نے دوسری اننگز میں ۲ء۱؍ اوور میں بغیر کسی نقصان کے ۸؍رن بنائے تھے جب بارش کی وجہ سے چائے کا وقفہ جلد کرنا پڑا۔ اس کے بعد بارش بڑھ گئی اور کوئی کھیل نہیں ہو سکا۔ اس سے قبل چوتھے دن، ہندوستان نے ۵۱/۴؍ پر کھیلنا شروع کیا اور کے ایل راہل (۸۴؍ رن) اور رویندر جڈیجا کی نصف سنچریوں کی بدولت ۲۵۲/۹؍ اسکور کیا۔ جسپریت بمراہ اور آکاش دیپ نے ثابت قدم اننگز کھیل کر ہندوستان کو فالو آن سے بچایا لیکن ٹیم ابھی بھی۱۹۳؍ رن پیچھے تھی۔ خراب روشنی کے باعث میچ روکے جانے کے بعد دن کا کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جڈیجا (۱۰۹؍ گیندوں میں ناٹ آؤٹ۶۵؍رن) نے ساتویں وکٹ کے لیے نتیش کمار ریڈی (۶۱؍ گیندوں میں ۱۶؍ رن) کے ساتھ۵۳؍ رن جوڑے۔ اس سے قبل کے ایل راہل سنچری بنانے سے محروم رہے اور ۸۴؍رن کے اسکور پر ناتھن لاین کی گیند پر پہلی سلپ پر اسٹیو اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ 
جڈیجا کو آر اشون اور واشنگٹن سندر پر ترجیح دیئے جانے پر بہت سے افراد نے سوالات کئے تھے لیکن اس آل راؤنڈر نے اپنی افادیت ثابت کی۔ آسٹریلیا میں جڈیجا لا اوسط اب۵۴؍ ہے اور یہاں پچھلی ۴؍ اننگز میں انہوں نے ناٹ آؤٹ ۶۵؍رن، ناٹ آؤٹ ۲۸؍رن، ۵۷؍ اور۸۱؍ رن بنائے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ۲۲؍ویں نصف سنچری ۸۹؍گیندوں پر مکمل کی۔ نتیش نے ان کا خوب ساتھ دیا لیکن زیادہ دیر تک اپنا وکٹ نہیں بچا سکے اور پیٹ کمنس کی اچھلتی گیند ان کے اسٹمپ سے ٹکرا گئی۔ 
روہت نے پجارا کی واپسی کا اشارہ دیا 
گابا میں برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سنسنی خیز میچ کے بعد ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ چتیشور پجارا اور اجنکیا رہانے جیسے کھلاڑیوں کے لیے طویل ترین فارمیٹ میں قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔ روہت نے میچ کے بعد کہاکہ ان کے پاس بہت تجربہ ہے، انہوں نے ہندوستان کے لیے بہت سے میچ جیتے ہیں۔ لہٰذا اگر آپ اپنے بائیں یا دائیں طرف دیکھیں تو یہ لوگ وہاں نہیں ہوں گے۔ ویسے اجنکیا رہانے ریٹائرڈ نہیں ہوئے ہیں۔ پجارا اور اجنکیا رہانے کے لیے ٹیسٹ فارم میں واپسی کے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK