• Tue, 31 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انڈین پریمیر لیگ کے فائنل میں بارش کا رخنہ

Updated: May 29, 2023, 3:05 PM IST | Ahmedabad

تیز بارش کی وجہ سے ٹاس میں بھی تاخیر ۔اختتامی تقریب کا انعقاد بھی نہیں کیا جاسکا۔ شائقین نے بارش کے رُکنے کا انتظار کیا

The Narendra Modi Stadium pitch can be seen covered with a cover. (PTI)
نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ کو کور سے ڈھکا ہوا دیکھا جاسکتاہے۔(پی ٹی آئی )

 انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۳ء کا فائنل میچ اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنس اور۴؍بار کی چمپئن چنئی سپرکنگز کے درمیان کھیلا جانے والا تھا۔ اس میچ میں ٹاس کا وقت شام۷؍ بجے تھا، لیکن احمد آباد میں اس وقت بارش ہو رہی تھی اور گراؤنڈ پر کور ڈال دیئے گئے تھے۔ فائنل میچ میں بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔خبر لکھے جانے تک بھی بارش جاری تھی اور کرک انفو کے مطابق ۹؍بجکر ۳۵؍ منٹ تک میچ کے شروع ہونے کا وقت دیا گیا تھا۔ ا گر اس وقت بھی میچ نہیں شروع ہوتا تو ۱۲؍بجکر ۶؍منٹ پر ۵۔۵؍اوور کے فائنل کی بات کہی جارہی تھی ۔ اگر بارش نہیں رُکتی تو اس فائنل میچ کو ۲۹؍مئی کی رات میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حالانکہ بی سی سی آئی نے ریزرو ڈے کی تصدیق نہیں کی تھی۔ 
 فائنل میچ کیلئے اضافی وقت رکھا گیا تھا۔ بغیر کسی اوور کو کم کئے مکمل۲۰؍ اوورس کا میچ رات ۱۰؍بجکر ۱۰؍ منٹ پر شروع ہو سکتا تھا۔ اگر اس اضافی وقت میں بھی میچ شروع نہیں ہوتا ہے تو اس کے بعد۵۔۵؍ اوورس کا کھیل کروانے کی کوشش کی جائے گی۔ دوسری طرف اگر آئی پی ایل ۲۰۲۳ء کا فائنل میچ ۲۸؍ مئی کو نہیں ہوتا ہے تو فائنل میچ کیلئے ریزرو ڈے رکھا گیا تھا۔ اگر کسی وجہ سے ریزرو ڈے پر بھی میچ ممکن نہ ہوسکا تو پوائنٹس ٹیبل پر  رینکنگ کی بنیاد پر گجرات ٹائٹنس کی ٹیم چمپئن بن جائے گی۔
 چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنس نے آئی پی ایل میں اب تک ایک دوسرے کے خلاف۴؍ میچ کھیلے ہیں اور گجرات کو۱۔۳؍سے سبقت حاصل ہے۔ گزشتہ آئی پی ایل میں اپنا پہلا سیزن کھیلنے والی گجرات ٹائٹنس چنئی سپر کنگز سے کبھی نہیں ہاری تھی لیکن آئی پی ایل۲۰۲۳ء کے پہلے کوالیفائر میچ میں چنئی سپر کنگز نے اس ٹیم کے خلاف آئی پی ایل میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی۔ 
 احمد آباد میں پچھلے کچھ دنوں سے شام کے وقت موسم خراب ہو جاتا ہے۔ دو دن پہلے ممبئی اور گجرات کے درمیان کھیلے جانےوالے دوسرے کوالیفائر سے پہلے ہی بارش ہوئی تھی۔ پھر وہ میچ دیر سے شروع ہواتھا تاہم میچ شروع ہونے کے بعد کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔
 آئی پی ایل فائنل کو یادگار بنانے کیلئے کئی مشہور شخصیات اختتامی تقریب میں شرکت کرنے والی تھیں۔ ریپر ڈیوائن، کینیڈین پلے بیک سنگر جونیتا گاندھی اور برطانوی گلوکار ایش کنگ موجود رہنے والے تھے لیکن بارش کی وجہ سے اختتامی تقریب کا انعقاد بھی نہیں ہوسکا تھا۔ احمد آباد کے کرکٹ شائقین شام ہی سے اسٹیڈیم پہنچ رہے تھے اور انہیں فائنل دیکھنے کیلئے بہت انتظار کرنا پڑا۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی تھی ۔ 

ipl Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK