• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنگلور میں برسات کے بعد وکٹوں کی بارش،ٹیم انڈیا ۴۶؍رنوں پر ڈھیر

Updated: October 18, 2024, 1:23 PM IST | Agency | Bengaluru

گھریلو سرزمین پر ہندوستان کا کم ترین اسکور۔۵؍بلے باز صفر پر آؤٹ۔نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری نے ۵؍جبکہ ولیم نے ۴؍وکٹیں حاصل کیں۔مہمان ٹیم نے ۳؍وکٹ پر۱۸۰؍رن بنالئے۔

Team India`s lions piled up for zero: Team India`s batsmen Virat Kohli, Sarfaraz Khan returned without scoring a run. Photo: INN
ٹیم انڈیا کے شیر صفر پر ہوئے ڈھیر:بغیر رن بنائے پویلین لوٹنے والے ٹیم انڈیا کے بلے باز وراٹ کوہلی،سرفراز خان۔ تصویر : آئی این این

میٹ ہنری (۵؍ وکٹ) اور ولیم اورورک (۴؍ وکٹ)کی مہلک گیندبازی کے بعد ڈیون کونوے (۹۱) کی نصف سنچری کی مدد سے نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعرات کو ۳؍ وکٹ پر ۱۸۰؍رن بناکر ہندستان پر پہلی اننگز کی بنیاد پر ۱۳۴؍رنوں کی اہم برتری حاصل کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہونے والی برسات کی وجہ سے کھیل نہیں ہوسکا تھا جبکہ دوسرے دن وکٹوں کی بارش ہوگئی۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں صرف ۴۶؍رنوں پر سمیٹنے کے بعد بلے بازی کیلئے آنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کے اوپنرز نے پہلی وکٹ کیلئے۶۷؍ رنوں کی شراکت داری کی۔ ۱۸؍ ویں اوور میں کلدیپ یادو نے ٹام لیتھم (۱۵) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔ 
   دوسری وکٹ کی شراکت میں کونوے اور ول ینگ نے ٹیم کے اسکور کو ۱۴۲؍رنوں تک پہنچایا جہاں رویندرجڈیجہ نے ول ینگ (۳۳) کو کلدیپ کے ہاتھوں کیچ کروا کر نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد اشون نے اپنی سنچری کی طرف بڑھ رہے ڈیون کونوے (۹۱) کو بولڈ کیا اور ٹیم کا تیسرا وکٹ لیا۔ کھیل کے اختتام پر راچن رویندرا (۲۲) اور ڈیرل مچل ۱۴؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے آر اشون، کلدیپ یادو اور رویندرا جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ 
  اس سے پہلے آج یہاں کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی شروعات بہت خراب رہی جب وہ بیٹنگ کیلئے آئے اور ساتویں اوور میں کپتان روہت شرما (۲) کو ٹم ساؤتھی نے بولڈ کرکے نیوزی لینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی(صفر) اور سرفراز خان (صفر) پویلین لوٹ گئے، اس دوران بارش کے باعث کھیل کچھ دیر کے لئے روک دیا گیا۔ وراٹ کو ولیم او رورک اور سرفراز کو میٹ ہنری نے آؤٹ کیا۔ 
  بارش رکنے کے بعد بلے بازی کے لئے آئے یشسوی جیسوال اور رشبھ پنت نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ۲۱؍ ویں اووروں میں ولیم اوورکے نے یشسوی جیسوال (۱۳) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد ہندوستان کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ ٹیم کے لئے رشبھ پنت نے سب سے زیادہ رن (۲۰) بنائے۔ صورتحال ایسی تھی کہ ۹؍ ہندوستانی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ پوری ہندوستانی ٹیم ۳۱ء۲؍اوور میں ۴۶؍کے اسکور پر سمٹ گئی۔ 
  اس کے ساتھ ہی ہوم پچ پر سب سے کم اسکور بنانے کا ۳۷؍ سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم ۱۹۸۷ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف دہلی ٹیسٹ میں ۷۵؍رن پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے ۱۵؍رنوں کے عوض ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ولیم او رورک نے ۲۲؍رن وں کے عوض ۴؍ بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ ٹم ساؤتھی نے بھی ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے ایک دو نہیں بلکہ ۵؍بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 
وراٹ نے دھونی کو پیچھے چھوڑا
 وراٹ کوہلی پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود سابق کپتان ایم ایس دھونی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تمام فارمیٹ میں ہندوستان کیلئے دوسرے سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے کرکٹر بن گئے ہیں۔ کوہلی نے جمعرات کو میدان پر اپنا۵۳۶؍ واں بین الاقوامی میچ کھیلنے کیلئے اترے تھے۔ دھونی نے اپنے کریئر میں ۵۳۵؍ بین الاقوامی میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ وراٹ کوہلی۱۱۵؍ ٹیسٹ، ۲۹۵؍یک روزہ اور۱۲۵؍ ٹی۔ ۲۰؍ میچوں کا حصہ رہے ہیں، جس میں انہوں ۲۷؍ہزار ۴۱؍رن بنائے ہیں۔ انہوں نے۲۱۳؍ میچوں میں ہندوستان کی کپتانی بھی کی ہے۔ 
ٹیم انڈیا کے ۵؍بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب ٹاپ۔ ۸؍بلے بازوں میں سے ۵؍بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل ۱۸۸۸ء میں آسٹریلیا کے ۵؍بلے باز انگلینڈ کے خلاف صفر پر پویلین لوٹے تھے۔ 
ہندوستان کی پوری ٹیم ۴۶؍رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ ایشیائی ممالک میں یہ سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم۱۹۸۶ء میں پاکستان کے خلاف فیصل آباد ٹیسٹ میں ۵۳؍رنوں پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ ۵۳؍رنوں پر ہی پاکستان کی پوری ٹیم ۲۰۰۲ء میں آسٹریلیا کے خلاف شارجہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پویلین لوٹ گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK