• Mon, 25 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پلے آف میں جگہ یقینی کرنا راجستھان رائلز کاہدف

Updated: May 15, 2024, 12:54 PM IST | Agency | Guwahati

آج آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کا مقابلہ پنجاب کنگز سے۔ سنجوسیمسن سے ایک اور کپتانی اننگز اور بٹلر سے بھی جارح بلے بازی کی امید۔

Rajasthan team captain Sanju Samson. Photo: INN
راجستھان کی ٹیم کے کپتان سنجو سیمسن۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کی شمال مشرقی ریاستوں کے سب سے بااثر کرکٹ ٹیلنٹ میں سے ایک ریان پراگ اپنے گھریلو شائقین کی جانب سے شاندار استقبال کی توقع کر رہے ہیں۔ گوہاٹی میں راجستھان رائلز کی ٹیم بدھ کو پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے والے پنجاب کنگز کا سامنا کرے گی۔ راجستھان کی ٹیم ناک آؤٹ میں اپنی جگہ یقینی بنانے کیلئے کھیلے گی۔ 
 راجستھان رائلزجو ۱۶؍ پوائنٹس کے ساتھ ۱۰؍ ٹیموں کے ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے، کو آخری ۴؍ میں جگہ بنانے کیلئے گوہاٹی میں اپنے اگلے ۲؍ `گھریلو میچوں میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پلے آف میں جگہ بنانی ہے۔ 
 گوہاٹی پچھلے کچھ برسوں سے رائلز کا دوسرا ہوم گراؤنڈ رہا ہے اور یہ پراگ کی صلاحیتوں پر ۶؍ سال کی سرمایہ کاری کو مدنظر رکھتے ہوئے فرنچائزی کا ایک اسٹریٹجک اقدام تھا۔ اس سال کی وطن واپسی پراگ کیلئے خاص ہے، جنہیں اپنی کارکردگی میں مستقل مزاجی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر پسند کیا جارہا ہےکیونکہ اوپننگ بلے باز نہ ہونے کے باوجود انہوں نے۱۵۳؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۴۸۳؍ رن بنا کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔ اس کارکردگی نے پراگ کو اگلی ٹی۲۰؍سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے کا مضبوط دعویدار بنا دیا ہے جہاں ان کے بین الاقوامی سطح پر آغاز کرنے کی امید ہے۔ جب بھی ایسا ہوگا، پراگ شمال مشرق کے پہلے کرکٹر بن جائیں گے جو سینئر ٹیم کی مشہور نیلی جرسی پہنیں گے۔ یہاں ۲۲؍ سالہ نوجوان کی حمایت فطری ہوگی اور پنجاب کنگز کے خلاف سنجو سیمسن اور ان کی ٹیم کو بھی مدد ملے گی۔ ششانک سنگھ اور آشوتوش شرما نے موجودہ سیزن میں پنجاب کنگز کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ٹیم ایک ساتھ موثر کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہی۔ 
 زیادہ تر سیزن میں انجری کی وجہ سے کپتان شکھر دھون کی غیر موجودگی نے معاملات کو مزید خراب کر دیا کیونکہ اسٹینڈ ان کپتان سیم کیورن ٹیم کی کپتانی کرتے ہوئے موثر نظر نہیں آئے۔ دوسری طرف سیمسن کا کپتان کی حیثیت سے قد بڑھا ہے اور موجودہ سیزن میں ایک بلے باز کے طور پر ان کا بہترین سیزن ہونے کی امید ہے۔ وہ پہلے ہی ۴۸۶؍ رن کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ 
 یشسوی جیسوال (۳۴۴؍ رن) اور جوس بٹلر (۳۵۹؍ رن) کے معیار کو دیکھتے ہوئے موجودہ سیزن اوپننگ جوڑی کے لئے اوسط درجہ کا رہا ہے لیکن پراگ اور سیمسن نے چنئی سپر کنگز کے خلاف کم اسکور والے میچ میں بیٹنگ کو ٹھوس اور مستقل مزاجی سے یقینی بنایا ہے۔ راجستھان رائلز کا سب سے مضبوط پہلو اس کا بولنگ یونٹ ہے جس نے تقریباً پورے سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سندیپ شرما کا ڈیتھ اوورس میں ۸ء۰۷؍ کا اکنامی ریٹ اور ابتدائی اوورس میں ٹرینٹ بولٹ کا اکنامی ریٹ۸ء۳۸؍ ٹیم کے لئے متاثر کن رہا ہے۔ روی چندرن اشون اور یزویندر چہل کی اسپن جوڑی نے بھی متاثر کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK