کشمیری گیندباز نے میگھالیہ کے خلاف۱۰؍وکٹ لئے اور مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔ عابد مشتاق کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت کشمیری ٹیم نے شاندار مظاہرہ کیا۔
EPAPER
Updated: November 09, 2024, 10:38 AM IST | Shillong
کشمیری گیندباز نے میگھالیہ کے خلاف۱۰؍وکٹ لئے اور مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔ عابد مشتاق کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت کشمیری ٹیم نے شاندار مظاہرہ کیا۔
عاقب نبی (۱۰؍ وکٹ)، عابد مشتاق کی آل راؤنڈ کارکردگی اور ویوانت شرما (۳۲؍رن) کی اننگز کی بنیاد پر جمعہ کو جموں و کشمیر نے رنجی ٹرافی گروپ اے کے میچ میں میگھالیہ کو ۷؍ وکٹ سے شکست دے دی۔جموں و کشمیر نے دوسری اننگز میں ویوانت شرما (ناٹ آؤٹ ۳۲؍رن) اور پارس ڈوگرا ۱۵؍رن کی اننگز کے دم پرجمعہ کو۱۵ء۴؍ اوور میں ۳؍ وکٹ پر ۷۷؍ رن بنا کر ۷؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ میچ میں ۱۰؍ وکٹ لینے والے عاقب نبی کو ان کی عمدہ گیندبازی کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ میگھالیہ کی جانب سے آکاش چودھری نے ۲؍ وکٹ لئے۔ دیپو سنگما نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل جموں و کشمیر نے ٹاس جیت کر میگھالیہ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ بامنبھا شانگپلانگ اور ارپت بھٹیورا کی اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۵۳؍ رن جوڑے۔ بامنبھا(۲۱؍رن) پہلے وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئے اور ان کے بعد ارپت (۲۴؍رن) آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد عاقب نبی اور عابد مشتاق کی خطرناک گیندبازی کے سامنے میگھالیہ کی پوری ٹیم صرف۷۳؍ رن پر سمٹ گئی۔ میگھالیہ کے ۵؍ بلے بازوں کا اسکور صفر رہا اور۴؍ بلے باز دُہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ جموں و کشمیر کی جانب سے عاقب نبی اور عابد مشتاق نے ۵۔۵؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
اس کے بعد جموں و کشمیر نے عابد مشتاق۳۷، عبدالصمد ۳۴، ساحل لوتھرا ۲۶،احمد بانڈے ۲۴ ؍ اور شبھم کھجوریا ۱۹؍رن کی مدد سے۵۱ء۴؍ اوورس میں۱۹۴؍ رن بنایا۔ اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کو پہلی اننگز کی بنیاد پر۱۲۱؍ رن کی برتری حاصل ہوگئی۔ میگھالیہ کی جانب سے آرین بورا نے ۵؍ وکٹ لئے۔ آکاش چودھری کو ۳؍ وکٹ ملے۔دوسری اننگز میں بلے بازی کرنے اتری میگھالیہ ارپت بھٹیورا (۷۴)، سمیت کمار (۳۶) اور آکاش چودھری (ناٹ آؤٹ۲۹؍رن) کی اننگز سے۱۹۵؍ رن بنائے۔ اس طرح جموں و کشمیر کو جیت کیلئے ۷۵؍ رن کا ہدف ملا۔ جموں و کشمیر کی جانب سے عاقب نبی نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔
ہریانہ نے پنجاب کو۳۷؍ رن سے شکست دی
نشانت سندھو (۱۱؍ وکٹ) اور ہمانشو رانا (۶۸؍ رن) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہریانہ نے رنجی ٹرافی کے گروپ سی کے میچ میں پنجاب کو۳۷؍ رن سے شکست دے دی۔۲۱۷؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کی ٹیم ہریانہ کی گیندبازی کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹک سکی۔ دوسرے ہی اوور میں جسکرن سنگھ (۲؍ وکٹ) کو کمبوج نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ہریانہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد نشانت سندھو نے پکھراج مان (۱۱؍رن)، انمول پریت سنگھ (۱۶؍ رن) کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ساحل اروڑہ (۵۷؍رن) نے کچھ دیر جدوجہد کی۔ پربھسمرن سنگھ ۲۳، نہال وڈھیرا۳۳؍ اور جسیندر سنگھ ۱۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پنجاب کے ۵؍ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ ہریانہ کے گیند بازوں نے پنجاب کی پوری ٹیم کو۳۹ء۴؍ اوور میں ۱۷۹؍رن پر سمیٹ دیا اور میچ۳۷؍ رن سے جیت لیا۔ نشانت سندھو نے ۵، جینت یادو نے ۳، ہرش پٹیل اور انشول کمبوج نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل پہلی اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ہریانہ نے دھیرو سنگھ ۳۴، کپل ہڈا ۱۹، ہمانشو رانا ۱۶، لکشیا دلال ۱۱؍ کی شراکت سے ۱۱۴؍ رن بنائے تھے۔ پنجاب کی جانب سے جسیندر سنگھ نے ۴، امنجوت سنگھ چہل نے ۳، مینک مارکڈے نے ۲؍ اور جی برار نے ایک وکٹ لیا۔
بنگال نےبرتری کے ساتھ میچ پر گرفت مضبوط کی
ایشان پوریل (۴؍ وکٹ)، سورج سندھ جیسوال (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بنیاد پر بنگال نے رنجی ٹرافی گروپ سی کے میچ میں جمعہ کوکرناٹک کو ۲۲۱؍رن کے اسکور پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز میں ۳؍ وکٹ پر۱۲۷؍ رن بناکر ۲۰۷؍رن کی سبقت کے ساتھ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔کرناٹک نے ۵؍ وکٹ پر ۱۵۵؍ رن کی برتری کے ساتھ جمعہ کو کھیلنا شروع کیا اور جمعرات کے اسکور میں۶۶؍ رن کا اضافہ کرنے کے بعد اس کی ۵؍ وکٹ گر گئیں۔ ابھینو منوہر (۵۵)، شریاس گوپال (۲۸)، ودیادھر پاٹل ۳۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہاردک راج اور واسوکی کوشک ۱۱۔۱۱؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ کرناٹک کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں۸۲ء۲؍ اوور میں۲۲۱؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پہلی اننگز کی بنیاد پر بنگال کو۸۰؍ رن کی برتری حاصل ہوگئی۔ بنگال کی جانب سے ایشان پوریل نے ۴، سورج سندھ جیسوال نے ۳؍ اور رشبھ وویک نے ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد دوسری اننگز میں بیٹنگ کیلئے آنے والی بنگال نے دن کا کھیل ختم ہونے تک ۳؍ وکٹ پر۱۲۷؍ رن بنالئے اور اس کی برتری۲۰۷؍ رن تک پہنچ گئی۔ سوم دوبے ۳۰، سدیپ چٹرجی ۴۸؍ اور کپتان اے مجمدار ۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔