فائنل کی پہلی اننگز میں ودربھ کی ٹیم ۱۰۵؍رن پر سمٹ گئی۔ ممبئی کی ٹیم نے ۲۶۰؍ رن کی برتری حاصل کرلی۔ مشیر اور رہانے کی اچھی بلے بازی۔
EPAPER
Updated: March 12, 2024, 9:54 AM IST | Agency | Mumbai
فائنل کی پہلی اننگز میں ودربھ کی ٹیم ۱۰۵؍رن پر سمٹ گئی۔ ممبئی کی ٹیم نے ۲۶۰؍ رن کی برتری حاصل کرلی۔ مشیر اور رہانے کی اچھی بلے بازی۔
: ۴۱؍بار کی چمپئن ممبئی نے ۲۴۔ ۲۰۲۳ءرنجی ٹرافی کے فائنل میں ودربھ کے خلاف۲۶۰؍ رن کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ٹیم نے دوسری اننگز میں ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۴۱؍ رن بنا لئے تھے۔ کپتان اجنکیا رہانے۵۸؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ لوٹے اور سرفراز خان کے بھائی مشیر خان۵۱؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کے درمیان۱۰۷؍رن کی ناقابل شکست شراکت ہوچکی ہے۔
ودربھ نے پیر کو۳؍وکٹ پر ۳۱؍رن کے اسکور کے ساتھ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیل شروع کیا اور اس کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف ۱۰۵؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس سے قبل اتوار کو ودربھ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا انتخاب کیا تھااور ممبئی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ۲۲۴؍ رن بنائے تھے۔
ممبئی کو ابتدائی جھٹکا، شا اور لالوانی آؤٹ
ممبئی کو دوسری اننگز میں ابتدائی دھچکا لگا۔ ٹیم کے اسٹار اوپنر پرتھوی شا۱۱؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور بھوپین لالوانی۱۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ودربھ کی جانب سے اب تک یش ٹھاکر اور ہرش دوبے نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا ہے۔ ممبئی کی جانب سے کپتان اجنکیارہانے او ر مشیر خان محاذ سنبھال لیا ہےاور وہ دونوں ٹیم کیلئے بہت زیادہ محنت کررہے ہیں۔ مشیر خان اور رہانے محتاط انداز میں بلے بازی کررہے ہیں اور وہ ٹیم کی سبقت میں مسلسل اضافہ کررہے ہیں۔ منگل کو بھی اگر یہ دونوں بلے باز ٹک جاتے ہیں تو ودربھ کی شکست یقینی ہوجائے گی۔
ودربھ کیلئے کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہیں کھیل سکا
ودربھ کو پہلا جھٹکا دھرو شور ے کی شکل میں لگا۔ وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ ٹیم کا دوسرا وکٹ۲۰؍ رن کے اسکور پر گرا۔ یہاں امن موکھڑے ۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کرون نائر بھی کھاتہ نہیں کھول سکے۔ ٹیم کی جانب سے یش راٹھور نے سب سے زیادہ۲۷؍ رن بنائے۔ ان کے علاوہ اتھروا ٹائیڈے نے۲۳؍ اور آدتیہ ٹھاکرے نے۱۹؍ رن کا تعاون دیا۔ کپتان اکشے واڈکر نے ۵؍ رن بنائے اور انہیں شمس ملانی نے آؤ ٹ کیا۔ ہرش دوبے ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ یش ٹھاکر نے ۱۶؍ رن کا تعاون دیا۔ امیش یاد و بھی ۲؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ آدتیہ سروتے صفر پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
ممبئی کی جانب سے دھول کلکرنی، شمس ملانی اور تنوش کوٹیان نے ۳۔ ۳؍ وکٹ لئے۔ شاردُل ٹھاکر نے بھی ایک وکٹ حاصل کیا۔
شاردُل کی نصف سنچری
شاردُل ٹھاکر نے ممبئی کے لئے پہلی اننگز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ممبئی کے کپتان اجنکیا رہانے اور شریاس ایّر دونوں ناکام رہے۔ شاردُل نے۷۵؍ رن کی اننگز کھیلی۔ اس دوران انہوں نے ۸؍ چوکے اور۳؍ چھکے لگائے۔ ان کے علاوہ پرتھوی شا نے۴۶؍ رن بنائے۔ بھوپین لالوانی نے ۳۷؍ رن کی شراکت ہوئی۔ ان تینوں کے علاوہ کوئی اور بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ رہانے اور ایّر نے۷۔ ۷؍ رن بنائے۔ ودربھ کی جانب سے یش ٹھاکر اور ہرش دوبے نے۳۔ ۳؍وکٹ حاصل کئے۔ امیش یادو نے ۲؍ وکٹ لئے۔ آدتیہ ٹھاکرے نے بھی ایک وکٹ حاصل کیا۔