• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رنجی ٹرافی کے میچ میں مہاراشٹر نے میگھالیہ کو۱۰؍ وکٹ سے شکست دی

Updated: October 30, 2024, 11:35 AM IST | Aurangabad

گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد مرتضیٰ ٹرنک والا (ناٹ آؤٹ ۷۸؍رن) کی اننگز کی بنیاد پر مہاراشٹر نے کامیابی حاصل کی۔ ہرشل کاٹے پلیئر آف دی میچ رہے۔

Maharashtra`s Ranji team after defeating Meghalaya for a photo after the match. Photo: INN.
میگھالیہ کو شکست دینے والی مہاراشٹر کی رنجی ٹیم میچ کے بعد تصویر کھنچواتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد مرتضیٰ ٹرنک والا (ناٹ آؤٹ ۷۸؍رن) کی اننگز کی بنیاد پر مہاراشٹر نے رنجی ٹرافی کے گروپ اے میچ میں میگھالیہ کو ۱۰؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ میچ میں ۱۲۸؍رن کی سنچری اننگز کھیلنے والے ہرشل کاٹےکو میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔ دوسری اننگز میں مہاراشٹر کی اوپننگ جوڑی مرتضیٰ ٹرنک والا اور سدھیش ویر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور۲۱ء۱؍ اوورس میں ۱۰۴؍ رن بنا کر اپنی ٹیم کو ۱۰؍ وکٹ سے فتح دلائی۔ مرتضیٰ ٹرنک والا (ناٹ آؤٹ ۷۸؍رن) اور سدھیش ویر ۲۴؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
دوسری اننگز میں بلے بازی کیلئے آئے میگھالیہ کی شروعات اچھی نہیں تھی اور ان کے بلے باز مکیش چودھری کی گیند بازی کے سامنے بے بس نظر آئے۔ ایک وقت جب اسکور۵۰؍رن تھا تب تک میگھالیہ نے ۵؍ وکٹ گنوا دیئے تھے۔ سمیت کمار نے سب سے زیادہ ۴۵؍ رن بنائے۔ بالاچندر انیرودھ ۳۶؍ رن، آکاش چودھری ۲۶؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ میگھالیہ کی پوری ٹیم۵۵ء۵؍ اوور میں ۱۸۵؍ کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ مہاراشٹر کو جیت کیلئے ۱۰۰؍رن کا ہدف ملا۔ مہاراشٹر کی طرف سے مکیش چودھری نے ۴؍ وکٹ لئے۔ رجنیش گربانی اور پردیپ داڈھے نے ۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ہتیش والونج نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
میگھالیہ کے۲۷۶؍ رن کے جواب میں مہاراشٹر نے ہرشل کاٹے (۱۲۸؍رن)، عظیم قاضی (۶۶؍رن)، مندار بھنڈاری (۷۳؍رن )، رجنیش گربانی (۲۶؍رن) اور سدھیش ویر (۲۶؍ رن) کی شراکت سے۱۰۶ء۲؍ اوور میں ۳۶۱؍ رن بنائے۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر کو پہلی اننگز کی بنیاد پر۸۵؍ رن کی برتری حاصل ہوگئی۔ میگھالیہ کی طرف سے آکاش چودھری نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ اجے دوہان نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ چینگکم سنگما، دیپو سنگما اور آرین بورا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل مہاراشٹرنے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کے اپنے فیصلے کو صحیح ثابت کرتے ہوئے میگھالیہ کی ٹیم کو پہلی اننگز میں ۸۸ء۳؍ اوور میں ۲۷۶؍ رن تک محدود کر دیا۔ بالاچندرا انیرودھ نے ۱۴۲؍ رن کی سنچری اننگز کھیلی۔ اجے دوہان (۳۴؍ رن)، بی شانگپلانگ۳۳؍رن، کشن لنگڈوہ نے ۲۲؍رن کی اننگز کھیلی تھی۔ مہاراشٹر کی طرف سے مکیش چودھری نے ۴؍ وکٹ لئے۔ رجنیش گربانی نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ پردیپ ، سدھیش ویر اور ہتیش والونج نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
میچ کے بعد مین آف دی میچ ہرشل کاٹے نے کہاکہ ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرکے بہت خوشی ہورہی ہے۔ ہم امید کررہے ہیں کہ اس بار ہم لوگ سیمی فائنل تک آسانی سے پہنچ جائیں گے اور اس سے آگے بھی جائیں گے۔ 
رنجی ٹرافی: ہماچل نے آندھرا پردیش کو اننگز اور۳۸؍رن سے شکست دی 
رشی دھون کی آل راؤنڈ کارکردگی اور ونے گلیٹیا (۵؍ وکٹ) اور مینک ڈاگر (۴؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کی بنیاد پر ہماچل پردیش نے رنجی ٹرافی کےگروپ بی میں آندھرا پردیش کو اننگز اور۳۸؍ رن سے شکست دے دی۔ رشی دھون، جنہوں نے ہماچل کیلئے ۱۹۵؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی اور۸۰؍ رن کے عوض ۳؍ وکٹ حاصل کئے، کو `پلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا۔ 
دوسری اننگز میں بلے بازی کیلئے آنے والی آندھرا پردیش کی شروعات خراب رہی اور اس نے ۷۸؍رن کے اسکور تک ۵؍ وکٹ گنوا دیئے۔ مہیپ کمار ۵؍رن، ابھیشیک ریڈی ۲، منیش گولامارو ۲۳، شیخ رشید ۳۴؍ اور ہنوما وہاری۲۰؍ رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اشون ہیبر۱۷؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ گلیٹیا اور ڈاگر کی گیند بازی کے سامنے آندھرا پردیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں ۳۲ء۱؍اوور میں ۱۱۸؍رن کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ ہماچل پردیش نے یہ میچ ایک اننگز اور۳۸؍ رن سے جیت لیا۔ آندھرا پردیش کے۳۴۴؍ رن کے جواب میں ہماچل پردیش نے پہلی اننگز میں ۵۰۰؍ رن کا بڑا اسکور بنا کر ۱۵۶؍رن کی برتری حاصل کی۔ رشی دھون نے ہماچل کیلئے ۱۹۵؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ آکاش وشیشتھا ۸۵، انکت کلسی۵۳، مکل نیگی ۴۲؍ اور ارپت گلیریا نے۳۳؍ رن بنائے۔ ہماچل پردیش نے ۱۵۸؍ اوور میں ۵۰۰؍ رن بنائے۔ اس سے قبل ہماچل پردیش نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ آندھرا پردیش کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۹۲ء۴؍ اوور میں ۳۴۴؍ رن بنائے۔ کپتان شیخ رشید ۶۹، ہنوما وہاری ۶۶، سریکر بھرت ۶۵، منیش گولامارو ۴۲؍ اور تریپورانا وجےنے۳۳؍رن کا تعاون دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK