• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رنجی ٹرافی: محمد سمیع کی شاندار گیندبازی، ۴؍وکٹیں حاصل کیں

Updated: November 15, 2024, 1:51 PM IST | Agency | New Delhi

مدھیہ پردیش (ایم پی) اور بنگال کے درمیان کھیلے جارہے رنجی ٹرافی میچ کے  دوسرے دن محمد سمیع نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔

Indian fast bowler Mohammad Sami. Photo: INN
ہندوستان کے تیز گیندباز محمد سمیع۔ تصویر : آئی این این

مدھیہ پردیش (ایم پی) اور بنگال کے درمیان کھیلے جارہے رنجی ٹرافی میچ کے  دوسرے دن محمد سمیع نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سمیع ۳۶۰؍دنوں کے بعدبدھ کو میدان میں واپس آئے تھے۔ یکروزہ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ءکے فوراً بعد ان کی سرجری ہوئی تھی۔ محمد سمیع  میچ کے پہلے دن اپنا اثر دکھانے میں ناکام رہے تھے۔ بدھ کو انہوں نے ۱۰؍اوور گیندبازی کی اور ۳۴؍رن دئیے لیکن انہیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ تاہم دوسرے دن سمیع نے اپنی بولنگ سے ایم پی کے بیٹنگ آرڈر کو تباہ کردیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میچ میں  سمیع کے ساتھ ان کے چھوٹے بھائی محمد کیف بھی کھیل رہے تھے۔
 بنگال کو ۲۲۸؍رنوں پر آؤٹ کرنے کے بعد میزبان ٹیم نے ایک وکٹ پر ۱۰۳؍ رنوں سے آغاز کیا اور رجت پاٹیدار اور سبھرانشو سیناپتی نے اچھی بلے بازی کی۔ تاہم سورج جیسوال نے پاٹیدار کا وکٹ لے کر اس شراکت کو توڑ دیا۔ اس کے بعد وکٹوں  کے گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا  ۔ایک وقت میں مدھیہ پردیش کا اسکور ۳؍ وکٹ پر ۱۰۹؍ تک پہنچ گیا تھا۔  محمد سمیع کو اپنی پہلی وکٹ شبھم شرما کی شکل میں ملی۔ انہوں نے شبھم کو کلین بولڈ کیا۔اس کے بعد جب مدھیہ پردیش کا اسکور ۷؍ وکٹ پر ۱۶۴؍رن تھا تو  سمیع بولنگ کرنے آئے۔ اس تیز گیند باز نے پھر سارانش جین کو کلین بولڈ کر۔ اس کے بعد اننگز کے ۵۹؍ویں اوور میں مدھیہ پردیش کے آخری ۲؍ بلے بازوں کمار کارتیکیا اور کلونت کھجرولیا کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کر کے ۱۶۷؍رن پر روک دیا۔
  محمد سمیع نے ۱۹؍اوور میں ۵۴؍رن دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کیں اور ۴؍ میڈن اووربھی پھینکے۔ ان کے بھائی کیف نے بھی ۲؍ وکٹیں حاصل کیں اور بنگال کو پہلی اننگز کی بنیاد پر ۶۱؍ رنوں کی اہم برتری مل گئی۔سمیع کی اس کارکردگی نے انہیں ایک بار پھر روشنی میں لاکر کھڑا کردیا ہے۔ بارڈر ۔گاوسکر ٹرافی کھیلے جانے کی ان کی امیدیں برقرار ہیں۔ ہندوستان ۲۲؍نومبر سے پرتھ میں اپنی مہم شروع کرنے والا ہے۔ محمد سمیع  نے وراٹ کوہلی کی قیادت میں ۱۹۔۲۰۱۸ءمیں ہندوستان کی جیت میں بڑا کردار ادا کیا تھا۔ محمد سمیع نے آسٹریلیا میں ۸؍ میچوں میں ۳۱؍وکٹیں حاصل کی ہیں لیکن وہ ہندوستان کی جانب سے آئندہ سیریز کے لئے اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ تاہم کسی کی انجری کی صورت میں انہیں ٹیم میں بلایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK