رنجی ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے میچ جب جمعرات کو شروع ہوئے تو سب کی نگاہیں روہت شرما، رِشبھ پنت، شبھمن گل، یشسوی جیسوال اور رویندر جڈیجہ جیسے اسٹار کھلاڑیوں پر تھیں۔
EPAPER
Updated: January 24, 2025, 4:07 PM IST | Agency | New Delhi
رنجی ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے میچ جب جمعرات کو شروع ہوئے تو سب کی نگاہیں روہت شرما، رِشبھ پنت، شبھمن گل، یشسوی جیسوال اور رویندر جڈیجہ جیسے اسٹار کھلاڑیوں پر تھیں۔
رنجی ٹرافی کے دوسرے مرحلے کے میچ جب جمعرات کو شروع ہوئے تو سب کی نگاہیں روہت شرما، رِشبھ پنت، شبھمن گل، یشسوی جیسوال اور رویندر جڈیجہ جیسے اسٹار کھلاڑیوں پر تھیں۔ آسٹریلیا میں ناکامی کے بعد یہ کھلاڑی گھریلو کرکٹ میں فارم حاصل کرنے کیلئے کھیل رہے تھے۔ روہت تقریباً۱۰؍برس اور پنت تقریباً ۷؍ سال بعد واپسی کررہے تھے۔
۲۰۱۵ء میں یوپی کے خلاف آخری رنجی میچ کھیلنے والے روہت شرما گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ میں رن کیلئے جدوجہد کر رہے تھے، لیکن رنجی میں ان کی واپسی بھی مایوس کن رہی۔ ممبئی کے بی کے سی میدان پر جموں کشمیر کے خلاف میچ میں روہت ۱۹؍ گیندوں میں صرف ۳؍رن بنا سکے اور ایک بار پھر پُل شاٹ پر پھنس گئے۔ عمر نذیر کی شارٹ پچ گیند پر وہ کیچ دے بیٹھے۔ صرف روہت ہی نہیں، بلکہ ممبئی میں ان کے ساتھی یشسوی جیسوال اور شریس ایرنے بھی بلےبازی میں مایوس کیا۔ یشسوی صرف ۴؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو شریس ۱۱؍رن ہی بنا سکے۔ بلےبازوں کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ممبئی کی ٹیم پہلی اننگز میں ۳۳ء۲؍ اوورمیںصرف۱۲۰؍رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ جموں کشمیر نے بلے بازی کرتے ہوئے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر۷؍وکٹ پر ۱۷۴؍رن بنالئے تھے۔
رشبھ پنت بھی ہوئے ناکام
دوسری جانب راجکوٹ میں سوراشٹر کے خلاف دہلی کی طرف سے میدان میں اترنے والے رِشبھ پنت بھی کچھ خاص نہیں کرسکے۔ پنت ۱۰؍ گیندوں میں صرف ایک رن بنا کر بائیں ہاتھ کے اسپنر دھرمندرسنگھ جڈیجہ کا شکار بن گئے۔ پنت نے دہلی کیلئے آخری رنجی ٹرافی میچ ۲۰۱۸ء میں کھیلا تھا۔ تاہم اسی میچ میں رویندر جڈیجہ نے ۵؍ وکٹ لے کر شاندار مظاہرہ کیا۔ جڈیجہ بھی۲۰۲۳ء کے بعد رنجی میچ کھیل رہے ہیں۔ دہلی نے کپتان آیش بدونی (۶۰) کی نصف سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں ۱۸۸؍ رن بنائے۔ سوراشٹر نے دن کے اختتام تک ۵؍ وکٹ پر۱۶۳؍رن بنا لئے ہیں۔ تاہم سینئر بلے بازچتیشور پجار ایک پھر فلاپ رہے اور صرف ۶؍رن ہی بنا سکے۔