• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی اور تمل ناڈو کے درمیان رنجی ٹرافی کا سیمی فائنل،آج نظریں شریاس ایّر پر مرکوز

Updated: March 02, 2024, 10:29 AM IST | Agency | Mumbai

تمل ناڈو کی اسپن بولنگ کے خلاف ممبئی کی بیٹنگ کی ذمہ داری بڑی حد تک ایّر پر ہوگی۔تمل ناڈو کے پاس اچھے بلے بازوں کی کمی نہیں۔ ممبئی میں نوجوان بلے باز مشیر خان کو بھی موقع مل سکتاہے۔

Mumbai batsman Tanush Kotian scored a century in the previous match. Photo: INN
ممبئی کے بلے باز تنوش کوٹیان نے پچھلے میچ میں سنچری بنائی تھی۔ تصویر : آئی این این

جدوجہد کرنے والے ہندوستانی بلے باز شریاس ایّر سنیچر کو تمل ناڈو کے خلاف شروع ہونے والے رنجی ٹرافی سیمی فائنل میں ۴۱؍ بار کے چمپئن ممبئی کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کرتے وقت اپنی قابلیت کو ثابت کرنے کا ہدف طے کریں گے۔ ایّر ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم سے باہر ہونے کے ساتھ ہی رنجی ٹرافی کوارٹر فائنل نہ کھیلنے کی وجہ سے بی سی سی آئی کا مرکزی معاہدہ کھو چکے ہیں۔ وہ کمر کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد اب سیمی فائنل کھیلنے کیلئے فٹ ہیں۔ 
 تمل ناڈو کی اسپن بولنگ کے خلاف ممبئی کی بیٹنگ کی ذمہ داری بڑی حد تک ایّر پر ہوگی۔ تمل ناڈو کے کپتان آر سائی کشور(۴۷؍ وکٹ) اور بائیں ہاتھ کے اسپنر ایس اجیت رام(۴۱) اس سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند بازوں میں شامل ہیں۔ کپتان اجنکیا رہانے کے علاوہ تمام بلے بازوں نے ممبئی کیلئے اپنا حصہ ڈالا ہے۔ رہانے ۶؍ میچوں میں صرف ایک نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ 
 اس کے ساتھ ہی ممبئی کا ایک بھی گیند باز ٹاپ ۱۰؍ میں شامل نہیں ہے۔ موہت اوستھی ۳۲؍ وکٹ کے ساتھ۱۳؍ ویں نمبر پر ہیں لیکن گیند بازوں نے ایک یونٹ کے طور پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ممبئی نے کوارٹر فائنل میں بڑودہ پر پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر آخری ۴؍ میں جگہ بنائی تھی۔ نوجوان مشیر خان نے ناٹ آؤٹ ۲۰۳؍ رن بنائے تھے جبکہ۱۰؍ اور۱۱؍  نمبر کے بلے باز تنوش کوٹیان اور تشار دیش پانڈے نے بھی سنچریاں اسکور کی تھیں۔ 
 تمل ناڈو نے دفاعی چمپئن سوراشٹر کو شکست دی تھی۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ تمل ناڈو کے این جگدیسن (۸۲۱؍رن) اپنا کھوا ہوا فارم دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ناٹ آؤٹ ۲۴۵؍ اور۳۲۱؍ رن بنائے تھے لیکن آخری ۷؍ اننگز میں نصف سنچری بھی نہیں بنا سکے۔ بابا اندرجیت (۶۸۶؍رن) نے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کے آنے سے تمل ناڈو کا حملہ مزید مضبوط ہو گیا ہے۔ ممبئی کے پاس پرتھوی شا اور بھوپین لالوانی جیسے بلے باز ٹاپ آرڈر میں ہیں جبکہ آل راؤنڈر شاردُل ٹھاکر اور شمس ملانی نچلے آرڈر میں ہیں۔ تمل ناڈو کی بلے بازی جگدیسن، اندراجیت اور پردوش رنجن پال پر مبنی ہوگی جبکہ اسپنر سائی کشور اور اجیت تیز گیند باز سندیپ واریئر کو سپورٹ کریں گے۔ 

ودربھ اور مدھیہ پردیش کے درمیان سیمی فائنل 
سنیچر سے شروع ہونے والے رنجی ٹرافی کے سیمی فائنل میں جب مدھیہ پردیش کی ٹیم ودربھ کا سامنا کرے گی تو اس کیلئے حریف ٹیم کے ہی گڑھ میں پراعتماد میزبان کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ دو بار کی چمپئن ودربھ نے اس سیزن میں وی سی اے اسٹیڈیم میں ۴؍ میچ کھیلے ہیں، ۳؍ میں جیت اور سوراشٹر کے خلاف واحد میچ ہارا ہے۔ اس نے کوارٹر فائنل میں آرمی کو ۷؍ وکٹ سے، ہریانہ کو۱۱۵؍ رن سے اور کرناٹک کو۱۲۷؍ رن سے شکست دی۔ ودربھ کی طاقت اس کے بلے بازوں کے بہترین فارم پر رہی ہے۔ کرون نائر (۵۱۵؍ رن)، دھرو شورے (۴۹۶؍رن)، اتھروا تائیڈے (۴۸۸؍رن) اور کپتان اکشے واڈکر (۴۵۲؍رن ) سب نے رن بنائے ہیں۔ ناگپور کی پچ بلے بازوں کیلئے مددگار رہی ہے لیکن ودربھ کے دو گیند بازوں تیز گیند باز آدتیہ ٹھاکرے اور بائیں ہاتھ کے اسپنر آدتیہ سروتے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ایک ساتھ۶۸؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ دوسری طرف۲۰۲۲ء کی چمپئن مدھیہ پردیش کی ٹیم نے ۸؍ لیگ میچوں میں ۳؍کامیابی حاصل کی ہے اور باقی میں پہلی اننگز کی برتری حاصل کی۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK