• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ نے اٹلانٹا کو ہراکر سپر کپ خطاب جیت لیا

Updated: August 16, 2024, 11:45 AM IST | Agency | Warsaw

فرانسیسی کھلاڑی ایمباپے نے ریئل کیلئے اپنے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گول کیا،ٹیم نے چھٹی مرتبہ خطاب پر قبضہ جمایا،فیڈریکو نے بھی ایک گول کیا۔

Real Madrid players can be seen celebrating with the trophy after beating Atalanta to clinch the title. Photo: Courtesy X
ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی اٹلانٹا کو شکست دے کر خطاب پر قبضہ جمانے کے بعد ٹرافی کے ساتھ خوشی مناتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر:بشکریہ۔ایکس

فرانسیسی اسٹرائیکر کائلان ایمباپے نے ریئل میڈرڈ کیلئے اپنے ڈیبیو میچ میں گول کرکے اٹلانٹا کو دو صفر سے شکست دینے میں اہم رول ادا کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی ریئل میڈرڈ نے یوروپی سپر کپ خطاب جیت لیا۔ یوروگوئے کے فیڈریکو والورڈے نے ۵۹؍ویں منٹ میں گول کر کے یوروپی چمپئن ٹیم ریئل میڈرڈ کو ایک صفر سے آگےکر دیا تھا۔ اس کے چند چند منٹ بعد جوڈ بیلنگم سے ملنے والے پاس پر۶۸؍ویں منٹ میں ایمباپے نے گول کرتے ہوئے ریئل میڈرڈ کیلئے اپنے پہلے میچ کو یادگار بنا دیا۔ 
 ریئل میڈرڈ نے ریکارڈ چھٹی بار سپر کپ خطاب پر قبضہ جمایا ہے۔ بارسلونا اور اے سی میلان نے چمپئن لیگ اور یوروپا لیگ کے فاتح ٹیموں سے۵۔ ۵؍بارخطاب جیتے ہیں۔ جون میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی)سے ریئل میڈرڈ میں شامل ہونے والے ایمباپے کے پاس کھیل کے ۱۵؍ویں منٹ میں ہی گول کرنے کا موقع تھالیکن ان کی پہلی کوشش کو اٹلانٹا کے دفاعی کھلاڑی نے روک دیا۔ اس مقابلے میں اٹلانٹا بھلے ہی کوئی گول نہیں کیا لیکن انہوں نے اپنے کھیل سے سب کو متاثر کیا۔ 
 میچ کے بعد پی ایس جی سے ریئل میڈرڈ میں شامل ہونے والے ایمباپے نے ٹیم کیلئے پہلے میچ میں اپنی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کھیل سے خوش ہیں۔ انہوں نےکہا’’ریئل کےلئے یہ میرا ڈیبیو میچ تھا۔ میرا دیرینہ خواب تھا کہ میں اس کلب کےلئے کھیلوں۔ آج جب میں ٹیم کی نمائندگی کےلئے میدان پر اترا تو عجیب جذبات تھے۔ میں خود پر اور اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پا رہا تھا۔ پہلے ہاف میں شاید میں نے اچھا نہیں کھیلا لیکن دوسرے ہاف میں خود پر قابو پایا اور ٹیم کیلئے گول کرنے میں کامیاب رہا۔ ریئل کیلئے اپنے پہلے ہی میچ میں گول کرنا اور ٹیم کو خطاب سے ہمکنار کرنے میں اپنا رول ادا کرنے سے مجھے کافی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ امید ہے کہ میں ٹیم کےلئے آئندہ بھی اچھی کارکردگی پیش کرتا رہوں گا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK