• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ نے پچوکا کو ہراکر انٹر کانٹی نینٹل کپ جیت لیا

Updated: December 20, 2024, 10:59 AM IST | Agency | Doha

یکطرفہ فائنل مقابلے میں ریئل نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی،ایمباپے،روڈریگو اورونیشیئس نے ایک ایک گول کیا۔کارلو اینسلوٹی سب سے زیادہ ٹرافی جیتنے والے کوچ بن گئے۔

Real Madrid players and coach celebrate after winning the title. Photo: INN
ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی اور کوچ خطاب جیتنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

اسپین کے ریئل میڈرڈ نے میکسیکو کی ٹیم پچوکا کو تین صفرسے شکست دے کر انٹر کانٹی نینٹل کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔ بدھ کو لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پچوکا نے شروع میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ لیکن کوئی گول نہ کرسکے۔ اس کے بعد ریئل میڈرڈ کےلئے کائلین ایمباپے نے ۳۷؍ ویں منٹ میں ٹیم کا پہلا گول کر کے پچوکا پر دباؤ ڈال دیا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں روڈریگو نے گول کر تے ہوئے اسکور دوصفرکر دیا۔ 
 ونیشیئس نے تیسرا گول کھیل کے آخری لمحات میں پنالٹی کے ذریعے کر کے ریئل میڈرڈ کی آسان فتح کو یقینی بنایا۔ یہ تیسرا موقع ہے جب ریئل میڈرڈ نے فیفا انٹر کانٹی نینٹل کپ کا خطاب جیتا ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی ریئل میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسلوٹی کلب کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹرافیاں جیتنے والے کوچ بن گئے ہیں۔ سب سے زیادہ خطاب جیتنے والے کوچ بننے پر اینسلوٹی نے کہاکہ ’’یہ ایک اچھا لمحہ ہے۔ یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ میڈرڈ وہ کلب ہے جس سے تربیت ہر کوئی چاہتا ہے کیونکہ یہ دنیا کا بہترین کلب ہے۔ پچوکا کے خلاف ہمارا آغاز اچھا نہیں تھا لیکن ہم نے میچ کا اختتام شاندار طریقے سے کیا۔ ‘‘واضح رہے کہ پچوکا نے کھیل کی شروعات شاندار طریقے کی تھی۔ اس شکست کے باوجود کھلاڑی سر اٹھاکر میدان سے باہر نکلے کیوں کہ انہوں نے فائنل تک پہنچنے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ فائنل میں حالانکہ انہیں یکطرفہ انداز میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ریئل میڈرڈ نے اس سیزن میں دوسرا خطاب حاصل کیا ہے۔ یاد رہے کہ اسی سال اگست میں ٹیم نے یوئیفا سپر کپ خطاب پر بھی قبضہ کیا تھا۔ 
  واضح رہے کہ ریئل میڈرڈ نے بطور کوچ کارلو اینسلوٹی کی قیادت میں اپنا ۱۵؍واں خطاب جیتا ہے۔ اینسیلوٹی نے اس طرح میگوئل منوز کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے ۱۹۶۰ءاور ۷۰ءکی دہائی میں ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے کوچ کی حیثیت سے ۱۴؍خطاب جیتے تھے۔ 
 میچ کے بعد ریئل میڈرڈ کے اسٹار کھلاڑی ایمباپے نے خوشی کا اظہا ر کرتےہوئے کہا کہ میں اس میچ میں گول کرکے خوش ہوں۔ خطاب جیتنا خوش آئند احساس ہوتا ہے۔ کوچ کیلئے بھی ہم سب بہت خوش ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK