• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یورپ کے کلب فٹبال پر ریئل میڈرڈ کا غلبہ

Updated: June 03, 2024, 11:46 AM IST | London

اسپین کے مضبوط فٹبال کلب ریئل نے ڈورٹمنڈ کو ۰۔ ۲؍گول سے شکست دے کر ریکارڈ ۱۵؍ویں مرتبہ خطاب جیتا۔

The Real Madrid team can be seen with the trophy. Photo: PTI.
ریئل میڈرڈ کی ٹیم ٹرافی کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

فٹبال کی دنیا کی سب سے بڑی لیگ چمپئن لیگ کے ۳۲؍ویں سیزن کا فاتح سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب مل گیا۔ ریئل میڈرڈفٹبال کلب نے ریکارڈ ۱۵؍ویں مرتبہ فائنل جیتا۔ اس طرح ریئل میڈرڈ نے یورپ کے کلب فٹبال پر اپنا غلبہ برقرار رکھا۔ خطابی مقابلے میں ہسپانوی فٹبال کلب نے جرمن کلب بوروشیا ڈورٹمنڈ کو صفر۔ ۲؍گول سے شکست دے دی۔ 
سنیچر کی دیر رات کھیلے جانے والے میچ میں لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں  ریئل میڈرڈکلب کیلئے وینیسیئس جونیئر نے۸۴؍ویں منٹ میں اور ڈینی کاروایل نے۷۳؍ویں منٹ میں ایک ایک گول کیا۔ یوئیفا چمپئن لیگ میں ہر سیزن میں ۳۲؍ ٹیمیں شرکت کرتی ہیں جنہیں ۸؍ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بوروشیا ڈورٹمنڈ کلب اپنا تیسرا فائنل کھیل رہا تھا، اس سے قبل۹۷۔ ۱۹۹۶ء کے سیزن میں چمپئن بن چکا تھا۔ اس سےقبل یہ ٹیم۱۳۔ ۲۰۱۲ء اور اس سیزن میں فائنل میں پہنچی۔ 
پہلے ہاف میں ڈورٹمنڈ بھاری
میچ کے پہلے ہاف میں ڈورٹمنڈکلب کو برتری حاصل تھی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے کوئی نیا چمپئن بننے والا ہے۔ ڈورٹمنڈ نے مسلسل گول کرنے کے مواقع پیدا کئے جنہیں وہ گول میں تبدیل نہ کر سکے۔ فائنل کے پہلے ہاف میں ریئل میڈرڈ کلب نے جو بدترین کھیل کھیلا وہ اس سیزن میں ان کی سب سے شرمناک کارکردگی تھی۔ پہلے ہاف میں ہدف پر صرف ۲؍ شاٹس لگے۔ ڈورٹمنڈ کے ریئل کے گول پر۸؍ شاٹس تھے جن میں سے ۲؍ محفوظ ہو گئے۔ 
ریئل میڈرڈ کا ایک بار پھر جوابی حملہ
میچ کے دوسرے ہاف میں ریئل میڈرڈ نے جارحانہ انداز اپنایا اور مسلسل حملے کے مواقع پیدا کئے۔ پہلا گول ۷۳؍ویں منٹ میں ریئل میڈرڈ کے محافظ ڈینی کاروایل کے ہیڈر سے ہوا۔ ان کی معاونت ٹونی کروس نے کی جوکہ ریئل میڈرڈ کی جانب سے اپنے کریئر کا آخری میچ کھیل رہے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں فٹبال سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔ کاروایل کے گول کے ۹؍منٹ بعد ونیسیئس جونیئر نے گول کیا۔ ونیسیئس جونیئر نے باکس کے بائیں جانب سے گیند لے کر گول کیپر کوبیل کو چکمہ دیتےہوئے اپنی ٹیم کو۰۔ ۲؍گول کی برتری دلا دی۔ گول کرنے میں ان کی مدد انگلش کھلاڑی جیڈ بیلنگھم نے کی۔ ۹۰؍ منٹ کے بعد ۵؍ منٹ کا انجری ٹائم دیا گیا لیکن ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ اس طرح ریئل میڈرڈ نے۰۔ ۲؍ گول سے کامیابی حاصل کی اور ریکارڈ ۱۵؍ویں مرتبہ یوئیفا چمپئن لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ خیال رہے کہ اسپینی کلب نے اسپین کی گھریلو فٹبال لیگ لالیگا میں بھی اس سال خطاب جیتا ہے اور وہ اگلے سال بھی ایسی ہی کارکردگی کو دُہرانے کا ہدف رکھتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK