• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ نے سیمی فائنل کا دعویٰ مضبوط کیا

Updated: April 14, 2023, 2:21 PM IST | Madrid

چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں چیلسی کو دو صفر سے ہرادیا،کریم بینزیما اور ایسنسیو نے گول کئے

Karim Benzema scores the first goal for his team Real Madrid against Chelsea.
کریم بینزیما اپنی ٹیم ریئل میڈرڈ کیلئے چیلسی کے خلاف پہلا گول کرتے ہوئے۔

کریم بینزیما اور مارکو  ایسنسیوکے گول کی بدولت ریئل  میڈرڈ نے بدھ کی دیر رات چیلسی کے خلاف چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں دوصفرکی برتری حاصل کر لی۔ریئل میڈرڈ نے چیلسی کے خلاف یکطرفہ کامیابی حاصل کی اور سیمی  فائنل میں پہنچنے کا اپنا دعویٰ مضبوط کر لیا۔  چیلسی کے خلاف حالانکہ  ریئل میڈرڈ مزید گول نہیں کر سکا ۔اگر ٹیم اور گول کرنے میں کامیاب ہوتی تو دوسرے مرحلے کے مقابلے میں چیلسی کیلئے کوئی موقع نہ ہوتا۔ 
 ریئل میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے چیلسی کے خلاف اسی ٹیم کو میدان پر اتارا جس نے  گزشتہ ہفتے کوپا ڈیل رے میںبارسلونا کے خلاف چار صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔دوسری جانب چیلسی کے کوچ فرینک لمپارڈ انجیلو کانٹے، اینزو فرنانڈس اور میٹیو کوواکچ کے ساتھ میدان پر اترے تھے۔کریم بینزیما نے چیلسی کے خلاف ایک بار پھر گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔کریم بینزیما کا یہ چیلسی کے خلاف گزشتہ ۵؍مقابلوں میں چھٹا گول تھا۔ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی وینیشیس جونیئر نے دونوں گول میں تعاون دیا۔ کریم بینزیما نے کھیل کے ۲۱؍ویں منٹ میں جبکہ مارکو ایسنسیو نے ۷۴؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو چیلسی کے خلاف دو صفر سے کامیابی دلانے میں اہم رول ادا کیا۔
 اس مقابلے میں آخر کے تقریباً آدھے گھنٹے تک چیلسی کو ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا کیوںکہ بین سلویل کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا اور وہ میدان سے باہر کر دئیے گئے۔فرینک لمپارڈ کے ذریعے چیلسی کے کوچ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ لگاتار دوسری شکست ہے۔چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کا مقابلہ آئندہ ہفتے اسٹینڈ فورڈ بریج میں کھیلا جائےگا۔
  دونوں ٹیموں نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا تھا۔ ریفری نے چیلسی کے ویسلے فوفانا اور میڈرڈ کے ایڈوارڈ کاماونگا کو  یلو کارڈ دکھائے جس کے بعد میڈرڈ نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔   چیلسی کےگول کیپر کیپا نے ۱۲؍ویں منٹ میں وینیشیس جونیئر  کے شاٹ کو شاندار طریقے سے روکا ۔۲۱؍ویں منٹ میں وینیشیس نے ڈینی کارواجل کے پاس کو بھی گول پوسٹ کی طرف مارا لیکن کیپا نے اسے بھی روک لیا۔ تاہم چیلسی کے گول کیپر بینزیما کو گول کرنے سے نہ روک سکے۔  رحیم  اسٹرلنگ نے چیلسی کیلئے  بہترین موقع پیدا کیا لیکن تھیباٹ کورٹوائس نے شاندار  دفاع کرتے ہوئے چیلسی کو گول کرنے سے محروم رکھا۔ ریئل  میڈرڈ و ہاف ٹائم تک میدان پر حاوی رہا۔ تھیاگو سلوا نے پہلی سیٹی سے قبل وینیشیس کو اپنا پہلا گول کرنے سے روک دیا جبکہ کیپا نے روڈریگو اور بینزیما کی ۲۔۲؍ کوشش کو ناکام کر دیا۔ 
 چیلسی کے منیجر لمپارڈ نے وقفے کے بعد کچھ مزاحمت کی امید کی ہو گی لیکن ریئل میڈرڈ نے دوسرے ہاف میں بھی  حملے جاری رکھے۔ لوکا موڈرک کی پہلی بار کی کوشش گول پوسٹ سے باہر نکل گئی۔ کھیل کے ۶۰؍ویں منٹ پربین سلویل کو
   روڈریگو کے ساتھ تصادم کے بعد باہر بھیج دیا گیا ۔
میلان نے نیپولی کو ہرایا
 اے سی میلان  نے اسماعیل بنیسر کے گول کی بدولت چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں نیپولی کو ایک صفر سے شکست دے دی۔اسماعیل بنیسر نے کھیل کے ۴۰؍ویں منٹ میں گول کیا۔

madrid Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK