پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن دوسرے وکٹ کیلئے ۲۵۳؍رن کی ریکارڈ شراکت قائم کی
EPAPER
Updated: October 07, 2024, 10:23 PM IST | Multan
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن دوسرے وکٹ کیلئے ۲۵۳؍رن کی ریکارڈ شراکت قائم کی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے انگلینڈ کے خلاف پیر کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن دوسرے وکٹ کیلئے ۲۵۳؍رن کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔ شان نے شفیق کے ساتھ اننگز کوسنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے انگلینڈ کے گیند بازوں کو کوئی موقع دیئے بغیر اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں۔ شان نے۱۵۱؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ شفیق نے۱۰۲؍ رن بنائے۔
یہ پاکستان کی جانب سے دوسرے وکٹ کیلئے چوتھی سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل۱۹۷۱ء میں مشتاق محمد اور ظہیر عباس نے انگلینڈ کے خلاف ۲۹۱؍رن کی شراکت کی تھی۔ اس کے بعد۲۰۱۲ء میں اظہر علی اور محمد حفیظ نے سری لنکا کے خلاف۲۸۷؍ رن بنائے۔ اسی طرح ۱۹۹۶ءمیں اعجاز احمد اور سعید انور نے آسٹریلیا کے خلاف۲۶۲؍ رن کی شراکت کی تھی۔
اس سے قبل شان مسعود(۱۵۱؍رن) اور عبداللہ شفیق (۱۰۲؍رن) کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے پیر کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر ۴؍ وکٹ پر۳۲۸؍ رن بنا لئے ہیں۔ اگرچہ آخری سیشن میں انگلینڈ نے ۳؍ وکٹوں کے نقصان کے بعد میچ میں واپسی کی۔ایک وقت پاکستان چائے کے وقت تک ایک وکٹ پر۲۳۳؍رن بنا کر بڑے اسکور کی طرف بڑھ رہا تھا، آخری سیشن میں انگلینڈ نے شاندار کم بیک کیا اور میچ میں پاکستان کے ۳؍ وکٹ لئے۔۶۰؍ویں اوور میں گس ایٹکنسن نے عبداللہ شفیق (۱۰۲؍رن) کو آؤٹ کر کے دوسرے وکٹ کیلئے۲۵۳؍ رن کی شراکت کو توڑا۔۶۴؍ ویں اوور میں جیک لیچ نے شان مسعود(۱۵۱؍رن) کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر کے پویلین بھیجا۔ بحیثیت کپتان شان مسعود نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی سنچری اسکور کی ہے۔ یہ ان کی بحیثیت کھلاڑی۵؍ویں ٹیسٹ سنچری ہے۔ دوسری جانب عبداللہ شفیق نے اپنی سنچری (۱۰۲؍ رن) کیلئے ۱۸۴؍ گیندوں کا سامنا کیا۔ اس کے بعد بابر اعظم (۳۰) کو ووکس نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پیر کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور پانچویں اوور میں گس ایٹکنسن نے صائم ایوب (۴؍رن) کو وکٹ کیپر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کروا کر انگلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی۔ کھیل کے اختتام پر سعود شکیل ناٹ آؤٹ ۳۵؍رن ) اور نسیم شاہ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کے گیند بازوں نے میچ کے آخری سیشن میں ۳؍ وکٹ لے کر پاکستان کو بڑاا سکور کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔ انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن نے۱۵؍ اوورس میں۷۰؍ رن دے کر۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔