Inquilab Logo Happiest Places to Work

ای پی ایل میں سرخ پرچم لہرایا

Updated: April 29, 2025, 10:57 AM IST | Agency | Liverpool

لیورپول فٹبال کلب نے اتوار کی رات  انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) فٹبال ٹورنامنٹ کے میچ میں ٹوٹنہم ہاٹسپر کو ۱۔۵؍ گول  سے شکست دی اور۲۰؍ویں بار ٹائٹل جیت کر مانچسٹر یونائٹیڈفٹبال کلب کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

لیورپول فٹبال کلب نے اتوار کی رات  انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) فٹبال ٹورنامنٹ کے میچ میں ٹوٹنہم ہاٹسپر کو ۱۔۵؍ گول  سے شکست دی اور۲۰؍ویں بار ٹائٹل جیت کر مانچسٹر یونائٹیڈفٹبال کلب کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ ڈومینک سولانکے کے۱۲؍ ویں منٹ کے گول سے پیچھے رہنے کے باوجود لیورپول فٹبال کلب نے شائقین کو مایوس نہیں کیا اور ہاف ٹائم تک۱۔۳؍گول کی برتری حاصل کر کے جشن منانے کا موقع فراہم کیا۔ 
 لوئس ڈیاز نے میچ کے۱۶؍ویں منٹ میں گول کر کے برابری کی جبکہ ۸؍ منٹ بعد الیکسس میک ایلسٹرنے ٹیم کو برتری دلا دی۔ کوڈی گوپیکو نے۳۴؍ویں منٹ میں لیورپول کو ۱۔۳؍گول  سے آگے کردیا۔ وقفہ کے بعد بھی ٹیم کا دبدبہ برقرار رہا۔ تجربہ کار محمد صلاح نے۶۳؍ویں منٹ میں گول کر کے مہمان ٹیم کو۱۔۴؍گول کی برتری دلا دی۔ 
 ڈیسٹینی یوڈوگی کے اپنے گول نے ٹوٹنہم  ہاٹسپر کی واپسی کا دروازہ بند کر دیا، جس میں لیورپول۱۔۵؍گول سے آگے رہا۔ اس جیت کے ساتھ ہی لیور پول کے۳۴؍ میچوں میں۸۲؍ پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر موجود آرسنل کے اتنے ہی میچوں میں۶۷؍ پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ اب آرسنل کے لئے بقیہ میچوں میں لیورپول کا مقابلہ کرنا ناممکن ہے۔ اگر آرسنل اپنے سبھی۴؍ میچ جاتاہے تو اسے ۱۲؍ پوائنٹس ملیں گے اور ۶۷ ؍ اور ۱۲؍ پوائنٹس کو جمع کیا جائے تو ۷۹؍ پوائنٹس ہوتے ہیں جبکہ لیورپول کے ۸۲؍ پوائنٹس ہوگئےہیں۔ لیورپول نے ۴؍ میچ باقی رہتے  چمپئن شپ پر قبضہ کرلیاہے۔ 
 لیورپول کے کھلاڑیوں نے کوچ آرنے سلاٹ کے ساتھ گانا گا کر۲۰۲۰ء کے بعد اپنے پہلے پریمیر لیگ ٹائٹل کا جشن منایا۔ اس دوران  محمد صلاح نے مداحوں کے ساتھ سیلفیز  (تصاویر) لیں۔ جب ٹیم نے۲۰۲۰ء میں ۳۰؍ سالہ ٹائٹل کی خشک سالی ختم کی تو کووڈ ۱۹؍ وبائی امراض کی وجہ سے اسٹیڈیم میں شائقین موجود نہیں تھے لیکن اس بار ٹیم کی سرخ جرسی میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شائقین نے بڑے بڑے فلاسکس اٹھا رکھے تھے جن پر ۲۰؍ نمبر لکھا ہوا تھا، جو ٹیم کے۲۰؍ ویں ٹائٹل کی نمائندگی کرتے تھے۔  
 میچ کے بعد محمد صلاح نے کہاکہ ہم خطاب جیت کر بہت خوش ہیں۔ سب سے زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ ہم اپنے شائقین کے ساتھ اس کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم لیورپول کے شائقین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں پورا سیزن سپورٹ کیا اور ہم آئندہ بھی ان سے ایسے ہی سپورٹ کی امید کرتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK