ٹیم انڈیا پہلی اننگز میں ۲۹۶؍ رن پر آؤٹ ۔ رہانےکی ۸۹؍رن کی کارآمد اننگز۔ شاردُل ٹھاکر بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب۔ کپتان کمنس نے ۳؍ وکٹ لئے
EPAPER
Updated: June 10, 2023, 1:24 PM IST | London
ٹیم انڈیا پہلی اننگز میں ۲۹۶؍ رن پر آؤٹ ۔ رہانےکی ۸۹؍رن کی کارآمد اننگز۔ شاردُل ٹھاکر بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب۔ کپتان کمنس نے ۳؍ وکٹ لئے
تجربہ کار بلے باز اجنکیا رہانے (۸۹؍ رن) اور شاردُل ٹھاکر (۵۱؍رن) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے جمعہ کو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے خلاف۲۹۶؍رن بنائے۔ آسٹریلیا نے بھلے ہی پہلی اننگز میں۱۷۳؍ رن کی برتری حاصل کی ہو، لیکن رہانے اور شاردل کی جدوجہد نے ہندوستان کو چیلنجنگ اسکور تک پہنچانے میں مدد کی۔ دونوں نے ساتویں وکٹ کیلئے ۱۰۹؍رن جوڑے، جو انگلینڈ میں ساتویں وکٹ کیلئے ہندوستان کی چھٹی سنچری شراکت ہے۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک آسٹریلیانے ۲؍وکٹ پر ۳۱؍رن بنالئے تھے اور ان کی مجموعی برتری ۲۰۴؍رن ہوگئی تھی۔ پیٹ کمنس نے ۳؍ وکٹ لئے تھے۔
ہندوستان کیلئے دن کا آغاز مایوس کن تھا اور اسکاٹ بولینڈ نے دوسری گیند پر شریکر بھرت (۵) کو بولڈ کیا۔ صرف ۱۵۲؍ رن پر ۶؍ وکٹ گرنے کے بعد شاردل اور رہانے نے ہندوستانی اننگز کو مضبوط کیا ۔ شاردل کو صفر پر اس وقت زندگی ملی جب بولینڈ کی گیند پر عثمان خواجہ ان کا کیچ نہ پکڑ سکے۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے بولینڈ کے دوسرے ہی اوور میں ۲؍ چوکے لگائے۔ شاردل کو دوسری زندگی اس وقت ملی جب کیمرون گرین نے پیٹ کمنس کی گیند پر سلپ میں ان کا کیچ چھوڑا۔ اس دوران دوسرے سرے پر کھڑے رہانے نے کمنس کو چھکا لگایا اور۹۲؍ گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کچھ وقت کےبعد انہوں نے کیمرون گرین کی گیند پر۲؍ رن لے کر ٹیسٹ کرکٹ میں۵۰۰۰؍ رن مکمل کر لئے۔ رہانے جب۷۱؍رن کے اسکور پر کھیل رہے تھے تو ڈیوڈ وارنر نے ان کا کیچ سلپ میں چھوڑ دیا تھا۔
اجنکیا رہانے اور شاردُل نے آسٹریلیا کی ان غلطیوں کا فائدہ اٹھایا اور۵۹؍ویں اوور میں ۱۰۰؍ رن کی شراکت مکمل کر کے ہندوستان کو۲۵۰؍ رن سے آگے پہنچادیا۔ شاردُل اس کے فوراً بعد پویلین لوٹ سکتے تھے لیکن کمنس نے جس گیند کو ایل بی ڈبلیو کیا وہ نو بال نکلی۔
ہندوستان کی ٹیم نے لنچ سے قبل ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۶۰؍رن بنائے۔ ہندوستان سیشن کے اختتام تک اچھی حالت میں نظر آرہا تھا لیکن رہانے اور شاردل کے بعد کوئی بلے باز نہیں بچا تھا۔ لنچ کے بعد دوسرے اوور میں گرین نے شاندار کیچ لے کر رہانے کو۸۹؍ رن پر پویلین بھیج دیا۔ اجنکیارہانے نے تقریباً۱۸؍ ماہ بعد ٹیم میں لوٹتے ہوئے اپنی۱۲۹؍ گیندوں کی اننگز میں۱۱؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا، حالانکہ ان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی ہندوستان کی ٹیم کی جدوجہد بھی ختم ہوگئی۔
رہانے کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا نے آخری ۳؍ وکٹ لینے میں زیادہ وقت ضائع نہیں کیا۔ شاردل نے کمنس کو چوکا لگا کر۱۰۸؍ گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن گرین نے۵۱؍ رن پر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ اس دوران کمنس نے اُمیش یادو کو آؤٹ کیا جبکہ مشیل اسٹارک نے محمد سمیع کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی اننگز ختم کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے کمنس نے سب سے زیادہ ۳؍ وکٹ لئے جبکہ اسٹارک، بولینڈ اور گرین نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ناتھن لاین نے صرف ۴؍ اوورس میں ایک کامیابی حاصل کی۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں بھی خواجہ عثمان زیادہ دیر تک کریز پر ٹک نہیں سکے اور ۱۳؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیوڈ وارنر بھی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد سراج اور امیش یادو نے اچھی گیندبازی کرتے ہوئے ایک ایک وکٹ لینے میں کامیابی حاصل کرلی ۔