میزبان ٹیم نے سہ ملکی سیریز کے میچ میں جنوبی افریقہ کو ۶؍وکٹ سے مات دی۔ رضوان نے کپتانی اننگز کھیلی۔ سلمان کا بھی تعاون۔
EPAPER
Updated: February 14, 2025, 1:24 PM IST | Agency | Karachi
میزبان ٹیم نے سہ ملکی سیریز کے میچ میں جنوبی افریقہ کو ۶؍وکٹ سے مات دی۔ رضوان نے کپتانی اننگز کھیلی۔ سلمان کا بھی تعاون۔
محمد رضوان (ناٹ آؤٹ ۱۲۲؍رن) اور آغا سلمان (۱۳۴؍رن) کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے ۲۶۰؍ رن کی ریکارڈ شراکت کی بدولت پاکستان نے سہ رخی سیریز کے میچ میں جنوبی افریقہ کو۶؍ وکٹ سے شکست دی۔
سہ فریقی سیریز کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی شاندار سنچریوں کی بدولت جنوبی افریقہ کو۶؍وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں رسائی کی۔ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سہ فریقی سیریز کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ ۵۰؍ اوورس میں ۵؍ وکٹ کے نقصان پر۳۵۳؍ رن بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا تاہم مڈل آرڈر میں آنے والے بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا کے سیکڑوں کی بدولت مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے ہی حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اسٹاربلے بازبابراعظم اور فخرزمان نے اچھا آغاز کیا لیکن پہلا وکٹ گرتے ہی دیگر۲؍ وکٹ بھی جلد گر گئے۔
بابراعظم بدھ کو پراعتماد نظر آئے لیکن وہ ۱۹؍ گیندوں پر۲۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے، کامران غلام کی جگہ ٹیم میں شامل کئے جانے والے سعود شکیل بھی ۱۵؍ رن ہی بناسکے جب کہ فخر زمان ۲۸؍ گیندوں پر۴۱؍ رن کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔بعد ازاں، کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سست روی سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں لانے کے بعد دونوں نے باؤنڈریز مارنا شروع کئے۔
اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے پہلے اپنی نصف سنچریاں اور پھر سنچریاں بھی مکمل کیں جب کہ کپتان اور نائب کپتان نے پاکستان کےلئے چوتھے وکٹ کیلئے ۲۶۰؍ رن کی شراکت کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
سلمان علی آغا نے ون ڈے کریئر کی پہلی اور محمد رضوان نے چوتھی سنچری اسکور کی، سلمان علی آغا آخری لمحات میں۱۰۳؍ گیندوں پر۱۳۴؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں۲؍ چھکے اور۱۶؍ چوکے شامل تھے۔ کپتان محمد رضوان ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے ۱۲۸؍ گیندوں پر۱۲۲؍ رن کی اننگز کھیلی جس میں۳؍ چھکے اور ۹؍ چوکے شامل تھے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باؤما نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ویان ملڈر کے علاوہ تمام کھلاڑیوں نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں پر جرمانہ
پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل اور کامران غلام پر کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سہ فریقی سیریز کے میچ کے دوران آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول وَن کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ان ۳؍پاکستانی کھلاڑیوں کو بدھ کو کراچی میں جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے خلاف سہ رخی سیریز کے دوران آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول وَن کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا ہے۔ شاہین پر میچ فیس کا ۲۵؍ فیصد جبکہ سعود اور کامران پر میچ فیس کا۱۰؍ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ شاہین کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ برائے پلیئرس اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے آرٹیکل ۱۲:۲؍ کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جبکہ سعود اور کامران کوڈ کے آرٹیکل ۵:۲؍کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔ یہ واقعہ جنوبی افریقہ کی اننگز کے۲۸؍ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب شاہین جان بوجھ کر بلے باز میتھیو بریٹزکے کے راستے میں اس وقت آئے جب وہ رن لینے کیلئے بھاگ رہے تھے۔