• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’گوتم گمبھیر مستقبل کے بارے میں سوچتے ہیں‘‘

Updated: July 26, 2024, 2:09 PM IST | Skanta Saurabh | New Delhi

رابن اتھپا نے انقلاب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے کوچ گمبھیر کی یہ خاصیت ہے کہ وہ آگے کے بارے میں سوچتے ہیں اور یہ بات ہندوستانی ٹیم کےلئےفائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔

Robin Uthappa. Photo: INN
رابن اتھپا۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی رابن اتھپا ٹیم انڈیا کے نئے کوچ گوتم گمبھیر کے ماتحت کھیل چکے ہیں۔ سری لنکا کا دورہ گمبھیر کا ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر پہلا دورہ ہے۔ اتھپا کا خیال ہے کہ یہ دورہ نوجوانوں کے لئے بہت اہم اور خود کو ثابت کرنے والا ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی کوچ گوتم گمبھیر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل کے بارے میں سوچتے ہیں اور یہی بات انہیں مختلف بناتی ہے۔ انقلاب نے رابن اتھپا کے ساتھ خصوصی گفتگو کی جو اس طرح ہے۔ 
سوال :ٹی۔ ۲۰؍میں الگ کپتان، ون ڈے میں دوسرا اور ایک نئے کوچ کی قیادت سری لنکا کے دورے سے ہندوستانی کرکٹ کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے۔ آپ اسے کیسے دیکھتے ہیں؟
 جواب : یہ بہت دلچسپ وقت ہے۔ نوجوانوں کے لئے یہ دورہ بہت اہم ہے۔ وہ ٹیم میں اپنی جگہ مستقل کرنے کیلئے کوشش کریں گے۔ نوجوانوں پر اچھی کارکردگی دکھانے کا دباؤ ہوگا۔ ہمیشہ جب کوئی نیا کپتان اور نیا کوچ آتا ہے تو کھلاڑی جانتے ہیں کہ حالات بدل جائیں گے۔ ایک دو دوروں کے بعد پتہ چلے گا کہ مستقل ٹیم کون سی ہوگی اس لیے یہ سیریز بہت اہم ہے۔ اگر میں گوتم گمبھیر کی بات کرتا ہوں تو وہ تھوڑا آگے کا سوچتے ہیں۔ یہاں تک کہ جب میں ان کی قیادت میں کھیلا ہوں تو وہ ایک یا ۲؍ اوور آگے کا سوچتے تھے۔ کوچ کے طور پر بھی وہ مستقبل کو ذہن میں رکھ کر فیصلے کریں گے۔ یہی چیز انہیں مختلف بناتی ہے۔ 
سوال: سوریہ کمار ٹی۔ ۲۰؍ ٹیم کے نئے کپتان ہیں۔ ہاردک پانڈیا کو نہ تو کپتانی ملی اور نہ ہی ون ڈے میں جگہ۔ آپ کے مطابق کیا اس کا اثر ٹیم پر پڑے گا؟
 جواب : سوریہ کمار ٹی۔ ۲۰؍ ٹیم میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ بہت سمجھدار ہیں۔ گوتم گمبھیر کے ساتھ بھی ان کے تعلقات بہت اچھے رہے ہیں۔ وہ اپنی ذمہ داری بخوبی نبھاتے ہیں۔ میرے خیال سے یہ ایک مثبت اقدام ہے۔ ہاردک کے کام کے بوجھ کو بھی ذہن میں رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ہاردک کی ذمہ داری کم ہونے والی ہے لیکن انتظامیہ انہیں کپتانی کا اضافی دباؤ نہیں دینا چاہتی۔ ہندوستان میں تیز گیند باز آل راؤنڈر بہت کم رہے ہیں اور ان پر کافی دباؤ رہتا ہے۔ ہاردک پانڈیا کو چوٹ لگنے کا زیادہ خطرہ ہے، اس بات کو بھی ذہن میں رکھا گیا ہے۔ جہاں تک انہیں یکروزہ ٹیممیں جگہ نہ ملنے کی بات ہے تو میرا خیال ہے کہ ورک لوڈ کو دیکھتے ہوئے انہیں آرام دیا گیا ہوگا۔ 
سوال: کیا گوتم گمبھیر پر ہندوستانی ٹیم کا کوچ بننے کا اضافی دباؤ ہوگا؟ ان کی کوچنگ میں ٹیم کو کئی بڑے ٹورنامنٹ کھیلنے ہیں۔ کیا ہم بہت ساری تاریخیں بنتے دیکھیں گے؟ 
جواب: میرے خیال میں ناظرین کے طور پر ہمیں بھی اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔ ہمارے کھلاڑیوں اور کوچز کو بھی کافی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ اگر آپ حالیہ ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ کو ایک طرف چھوڑ دیں تو ہم نے اس سے پہلے تک راہل بھائی (دراوڑ) کے بارے میں زیادہ اچھی باتیں نہیں کیں۔ میرے خیال سے ہمیں صبر رکھنا چاہیے۔ اس نئی ٹیم، کوچ اور کپتان سب کو استحکام حاصل کرنے کے لئے وقت دینا چاہیے کیونکہ جب بھی قیادت کی تبدیلی ہوتی ہے تو یہ انسانی فطرت ہے کہ اسے سنبھلنے میں وقت لگتا ہے۔ ہم بہترین کی امید کریں گے لیکن انہیں کچھ وقت دینا سب سے اہم ہے۔ 
سوال: سری لنکا کے دورے پر رتوراج اور ابھیشیک کے منتخب نہ ہونے کو آپ کیسے دیکھتے ہیں ؟ کیا ٹیم میں اپنی جگہ بنانا مشکل ہے ؟
جواب: جب بھی قیادت تبدیل ہوتی ہے تو آپ سب کو خوش نہیں کر سکتے؟ مجھے یقین ہے کہ رتوراج اس بات کو سمجھ سکتے ہیں کیونکہ وہ خود کپتان ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ وہ دوڑ سے باہر ہیں۔ انہوں نے زمبابوے میں دکھایا ہے کہ ان کی کلاس کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ٹیم میں واپس آئیں گے اور گوتم گمبھیر اور روہت شرما اچھے کھلاڑیوں کو زیادہ دیر تک ٹیم سے باہر نہیں رکھتے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لئے ایک اچھا مسئلہ ہے کہ ہمارے پاس اتنے اچھے کھلاڑی ہیں ۔ ہمارے بیک اپ میں بھی بہت سے اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ یہی بات ابھیشیک شرما پر بھی نافذ ہوتی ہے۔ وہ بھی جلد ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ تاہم اگر آپ چاروں اوپنرز کا موازنہ کریں تو ہم جانتے ہیں کہ شبمن گل اور یشسوی جیسوال ہماری پہلی پسند ہوں گے۔ شبھمن ہندوستان کا مستقبل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK