• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

راجر بنّی: کھلاڑی سے کرکٹ بورڈ کے صدر بننے تک کا سفر شاندار رہا

Updated: July 19, 2024, 11:54 AM IST | Agency | New Delhi

گیند کو دونوں طرف سوئنگ کرانے میں انہیں مہارت حاصل تھی،۱۹۸۳ء کے عالمی کپ میں انہوںنے سب سے زیادہ ۱۸؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔

Roger Binny, the current President of the Board of Cricket in India (BCCI), is considered one of the best bowlers of his time. Photo: INN
ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے موجودہ صدر راجر بنی کا شمار اپنے وقت کے بہترین گیندبازوں میں ہوتا ہے۔ تصویر : آئی این این

راجر بنی کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے طور پر جانا جاتا ہے۔ بنی اپنی کھیل کی مہارت اور میدان میں حکمت عملی کیلئے جانے جاتے ہیں۔ راجر بنی ہندستانی ٹیم میں ایک جارح بلے باز اور ایک بہترین فیلڈر رہے ہیں، لیکن یہ ان کی گیندبازی ہی تھی جس نے انہیں قومی ٹیم میں برقرار رکھا۔ کرکٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے راجر بنی آج ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کے صدر ہیں۔ 
نئی گیند کو دونوں طرف سے سوئنگ کرنے کی ان کی صلاحیت مشہور تھی۔ راجر بنی ہندوستان کے پہلے اینگلو انڈین کرکٹر ہیں جو ۱۹۸۳ءکا ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔ اس ورلڈ کپ میں ان کا بہت بڑا تعاون رہا ہے۔ کپتان کپل دیو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ہندوستان نے پہلی بار ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ان کے کرکٹ کریئر کا سب سے شاندار مرحلہ یہی ۱۹۸۳ءکا ورلڈ کپ تھا، جس میں انہوں نے ہندوستان کی فاتحانہ مہم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہیں اس ٹورنامنٹ میں ۱۸؍وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا۔ 
 راجر بنی ۱۹؍ جولائی ۱۹۵۵ءکو بنگلور میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان اصل میں اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھتا ہے۔ بعد میں وہ ہندوستان آکر آباد ہوئے۔ راجر بنی کا پورا نام راجر مائیکل ہمفری بننی ہے۔ انہوں نے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کریئر کا آغاز بنگلور کے اپنے ہوم گراؤنڈ ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف کیا تھا۔ ان کے کرکٹ کیریئر کا آغاز ۱۹۷۹ءکی ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ سے ہوا۔ بنی دائیں ہاتھ کے بلے باز تھے اور رائٹ آرم فاسٹ میڈیم بولنگ کرتے تھے۔ راجر سب سے پہلے اس وقت سرخیوں میں آئے جب انہوں نے۱۹۷۷ءمیں کیرالا کے خلاف سنجے دیسائی کے ساتھ ۲۱۱؍رن بنائے اور پہلی وکٹ کےلئے۴۵۱؍ رنوں کی ریکارڈ شراکت داری کی۔ ۱۹۸۶ءمیں ہیڈنگلے میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شاندار گیند بازی دیکھنے کو ملی۔ انہوں نے ۵۸؍رن دے کر ۷؍وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستان کو۳؍میچوں کی سیریز میں دو صفرکی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے میں راجر بننی کا اہم کردار رہا۔ اسی طرح ۱۹۸۵ء میں آسٹریلیا میں ورلڈ سیریز کرکٹ چمپئن شپ میں انہوں نے ۱۷؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔ راجر بننی اپنے وقت کے مڈل آرڈر گیند بازوں میں سب سے بہترین گیند باز تھے۔ ان کے پاس گیند کو سوئنگ کرنے کا کمال کا ہنر تھا۔ قابل ذکر ہے کہ وہ ایک ایسے دور کے گیند باز تھے جہاں تیز گیند بازوں کا کام صرف گیند سے چمک نکال کر اسپنرز کے حوالے کرنا تھا۔ 
  بنی نے جنوری ۲۰۰۰ءمیں سری لنکا میں منعقدہ انڈر۔ ۱۹؍کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کی۔ ۲؍ سال بعد وہ انڈر ۱۶؍ٹیم کی کوچنگ کیلئے گراس روٹ لیول پر چلے گئے اور امباتی رائیڈو، رابن اتھپا اور عرفان پٹھان جیسے نوجوان کھلاڑیوں کے ابھرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ راجر بنی کےبیٹے اسٹورٹ بنی نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کرناٹک کرکٹ ٹیم کے لئے ریاستی کرکٹ اور ہندوستان کی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کھیلی۔ 
 بین الاقوامی کرکٹ کی بات کریں تو راجر بنی نے اپنے کریئر میں ۲۷؍ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں انہوں نے ۱۵۳۴؍ رن دے کر ۴۷؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے ۲؍ مرتبہ ۵؍ وکٹ بھی لیں۔ راجر بنی نے ۷۲؍ون ڈے میچ کھیلے جن میں انہوں نے ۷۷؍وکٹیں حاصل کیں۔ ۲۷؍ ٹیسٹ میچوں میں راجر بنی نے ۸۳۰؍ رن بنائے۔ جن میں ۵؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ یک روزہ میچوں میں بلے بازی کرتے ہوئے راجر بنی نے۶۲۹؍ رن بنائے جبکہ فرسٹ کلاس میچوں میں انہوں نے ۱۳۶؍میچ کھیل کر۶؍ ہزار ۵۷۹؍ رن بنائے۔ ان کا بہترین اسکور ۲۱۱؍ ناٹ آؤٹ ہے۔ 
 راجر بنی ۲۰۱۲ء میں بی سی سی آئی سلیکٹر منتخب ہوئے تھے۔ وہ ۲۰۱۹ءسے ۲۰۲۲ءتک کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر رہے۔ راجر بنی بنگال کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ راجر بنی نے سورو گنگولی کی جگہ لی اور وہ بی سی سی آئی کے ۳۶؍ویں صدر بنے۔ راجر بنی کا ایک کھلاڑی، کوچ سلیکٹر اور بی سی سی آئی کے صدر بننے کا اب تک کا سفر کافی شاندار رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK