• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

روہن بوپنا ’ٹی پی ایل‘ میں شرکت کریں گے

Updated: September 13, 2024, 12:54 PM IST | Agency | Mumbai

۴۴؍سالہ ہندوستانی کھلاڑی پہلی بار’ ٹینس پریمیر لیگ‘ میں کھیلنے کے تعلق سے پُرجوش ہیں،لیگ کے منتظمین نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔

India`s star tennis player Rohan Bopanna will be seen playing in the `Tennis Premier League`. Photo: INN
ہندوستان کے اسٹار ٹینس کھلاڑی روہن بوپنا’ ٹینس پریمیر لیگ‘ میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ تصویر : آئی این این

ٹینس پریمیرلیگ(ٹی پی ایل) کا چھٹا ایڈیشن آنے والا ہے اور سابق عالمی نمبر ایک روہن بوپنا دسمبر میں ممبئی میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گے۔ فی الحال بوپنا مردوں کے ڈبلز میں دنیا کے چھٹے نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کے سب سے مشہور اور مقبول ٹینس کھلاڑیوں میں سے ایک، روہن بوپنا ٹینس پریمیر لیگ میں پہلی بار شرکت کریںگے۔ ٹی پی ایل نے ۵؍انتہائی کامیاب سیزن مکمل کر لئے ہیں اور چھٹے سیزن کے لئے تیار ہو رہا ہے۔
۴۴؍سالہ روہن بوپنا، جنہوں نے ۲؍ گرینڈ سلیم خطاب جیتے ہیں (مردوں کے ڈبلز میں ۲۰۲۴ء میں آسٹریلین اوپن اور مکسڈ ڈبلز میں ۲۰۱۷ءمیں فرینچ اوپن)۔ انہوں نے ۳؍ اولمپک کھیلوں میں بھی ہندوستان کی نمائندگی کی ہے جہاں ان کی بہترین کارکردگی ۲۰۱۶ء ریو میں چوتھے نمبر پر رہی۔ 
بوپنا کے پاس دنیا کے معمر ترین کھلاڑی ہونے کا ریکارڈ بھی ہے
 بنگلور سے تعلق رکھنے والے اس لیجنڈری ہندوستانی ٹینس کھلاڑی کے پاس گرینڈ سلیم خطاب جیتنے کا دنیا کے معمر ترین کھلاڑی ہونے کا ریکارڈ بھی ہے۔ انہوں نے اسی سال جنوری کے آخر میں  آسٹریلین اوپن میں ڈبلز خطاب جیت کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے اپنے کرئیر میں ۲۵؍سے زیادہ  خطابات جیتے ہیں اور وہ  لیانڈر پیس، مہیش بھوپتی اور ثانیہ مرزا کے بعد ٹینس رینکنگ میں سرفہرست رہنے والے چوتھے ہندوستانی ٹینس کھلاڑی ہیں۔ یہ چاروں ہندوستانی گرینڈ سلیم فاتح ہیں اور اس لیگ(ٹی پی ایل) کو سپورٹ بھی کر رہے ہیں۔
روہن بوپنا، جو تقریباً ۲؍ دہائی سے اے ٹی پی ٹور کا حصہ ہیں، اب ٹی پی ایل میں ٹینس کے ایک نئے انداز میں داخل ہوں گے۔ تمام فرنچائزی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے مجموعی طورپر ۵؍میچ کھیلیں گی۔۲؍ فرنچائزی ٹیموں کے درمیان تمام میچوں میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مکسڈ ڈبلز اور مینز ڈبلز شامل ہوں گے۔ ٹیموں کے درمیان ہر میچ میں ۱۰۰؍ پوائنٹس داؤ پر ہوں گے، ہر کیٹیگری کے ۲۵؍ پوائنٹس ہوں گے۔پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ ۴؍ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ روہن بوپنا جو کہ انتہائی تجربہ کار ہیں اور کئی ممالک کا سفر کرچکے ہیں، پہلے انعام کے لئے سمیت ناگل، فرانس کے ہیوگو گیسٹن اور آرمینیا کی ایلینا ایوانیشین کے ساتھ اپنی ٹیم کی رہنمائی کریںگے۔
ٹی پی ایل کا حصہ بننے پر بہت پُرجوش ہوں
روہن بوپنا نے کہا کہ میں ٹینس پریمیر لیگ (ٹی پی ایل) کا حصہ بننے پر بہت پُرجوش ہوں، خاص طور پر اس کے جدید ۲۵؍پوائنٹس کے فارمیٹ کے ساتھ۔ یہ سال ختم کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ٹی پی ایل جیسے ٹورنامنٹ جو کہ زمینی سطح پر کھیل کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، مزید نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
اس موقع پر ٹینس پریمیر لیگ کے شریک بانی کنال ٹھاکر نے کہا کہ ہمارے ساتھ انتہائی متحرک اور تجربہ کارروہن بوپنا کا ہونا بہت اچھا ہے۔ ان کی کارکردگی اور صلاحیتیں ایسی ہیں کہ ہمیں مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ان کی موجودگی نہ صرف ٹی پی ایل کے چھٹے سیزن کو فروغ دے گی بلکہ دوسرے کھلاڑیوں کو بھی زیادہ متاثر کرے گی جب کورٹ پر سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی موجود ہو۔ ٹینس پریمیر لیگ کے دیگر شریک بانی مرنال جین نے کہا کہ روہن بوپنا ہندوستانی ٹینس کے آئیکن میں سے ایک ہیں اور ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ وہ سیزن ۶؍میں ٹی پی ایل میں کھیلیں گے۔ اس سے نہ صرف ممبئی بلکہ ٹینس کی دنیا میں بھی سب کی توجہ مبذول ہو گی۔ ہم روہن اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کچھ زبردست ٹینس میچوں کے منتظر ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK