• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں روہت اور کوہلی کے پاس تاریخ رقم کرنےکا موقع

Updated: December 25, 2023, 12:03 PM IST | Agency | New Delhi

شرما سنچری بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں تو سچن اور کوہلی کے بعد جنوبی افریقہ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے کپتان بن جائیں گے، وراٹ کے پاس دراوڑ سے آگے نکلنے کا موقع۔

Virat Kohli and Rohit Sharma can hold records in batting and R Ashwin in bowling. Photo: INN
وراٹ کوہلی اور روہت شرما بلے بازی میں جبکہ آر اشون گیندبازی میں ریکارڈس اپنے نام کر سکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ باکسنگ ڈے(۲۶؍ دسمبر) کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ۲؍ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ میں اب ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ ایسے میں اس بار ٹیم انڈیا ٹیسٹ سیریز جیتنے کی پوری کوشش کرے گی۔ اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کُل۴۲؍ ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں ہندوستانی ٹیم ۱۵؍ میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم ۱۷؍جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔۱۰؍ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے ہیں ۔ٹیم انڈیا ایک بار ہی ۱۱۔۲۰۱۰ء میں جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریزڈرا کرانے میں کامیابی حاصل کر سکی ہے۔
اس بار ہندوستانی ٹیم تاریخ بدلنے کے ارادے سے ٹیسٹ سیریز میں اترے گی۔ اس کے ساتھ ہی ٹیسٹ سیریز کے دوران وراٹ کوہلی اور روہت شرما کو تاریخی کارنامہ انجام دینے کا موقع رہےگا۔روہت شرما بطور کپتان یہ ریکارڈ بنا سکتے ہیں۔ اگر روہت شرما اس ٹیسٹ سیریز کے دوران سنچری بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ جنوبی افریقہ میں کھیلتے ہوئے سنچری بنانے کا کارنامہ انجام دینے والے تیسرے ہندوستانی کپتان بن جائیں گے۔ اب تک ایسا کارنامہ سچن تینڈولکر اور وراٹ کوہلی انجام دے چکے ہیں ۔ اس کا مطلب ہے کہ روہت کے پاس سچن اور کوہلی کا ریکارڈ برابر کرنے کا موقع ہوگا۔
واضح رہے کہ ماسٹر بلاسٹر سچن تینڈولکر نے جنوبی افریقہ میں بطور کپتان ۱۶۹؍رنوں کی اننگز کھیلی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ میں بحیثیت کپتان ۱۵۳؍رنوں کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں۔ روہت شرمانے جنوبی افریقہ کے خلاف ۹؍ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور اس دوران انہوں نے ۱۶؍ٹیسٹ اننگز میں ۶۷۸؍ رن بنائے ہیں ۔ روہت جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میں ۳؍سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں اور ۲۱۲؍ رن ان کا بہترین اسکور ہے۔ کپتان روہت شرما کی کوشش ہوگی کہ وہ سچن اور کوہلی کے ریکارڈ کی برابری کر لیں۔
کوہلی کے پاس دراوڑکو پیچھے چھوڑنے کا موقع 
ٹیم انڈیا کے سابق کپتان وراٹ کوہلی کے پاس راہل ڈراوڑ کو پیچھے چھوڑنے کا موقع ہوگا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں سچن تینڈولکر پہلے نمبر پر ہیں ۔ سچن نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ایک ہزار ۷؍۴۱؍ رن بنائے ہیں ۔جبکہ راہل ڈراوڑ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ۱۲۵۲؍رن بنائے ہیں ۔ وراٹ کوہلی کی بات کریں تو ان کے نام اب تک کُل۱۲۳۶؍ رن درج ہیں ۔جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جیسے ہی وہ ۱۷؍ رن بنا لیتے ہیں تووہ راہل دراوڑ سے آگے نکل جائیں گے۔
اشون کے پاس ۵۰۰؍وکٹیں مکمل کرنے کا موقع
ٹیم انڈیا کے اسپن گیندبازآر اشون نے ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک ۴۸۹؍وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ۲؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اگر وہ ۱۱؍وکٹیں لینے میں کامیابی حاصل کرے ہیں تو ان کے نام ٹیسٹ کرکٹ میں ۵۰۰؍وکٹیں ہو جائیں گی۔ آر اشون ۵۰۰؍ وکٹیں لینے والے دوسرے ہندوستانی گیند باز بننے سے ۱۱؍وکٹوں کی دوری پر ہیں ۔ انل کمبلے نے ٹیسٹ میں ۶۱۹؍وکٹیں حاصل کی ہیں ۔امید کی جا سکتی ہے کہ ٹیم انڈیا کے اسٹار اسپن گیندبازاپنی وکٹوں کی تعداد کو ۵۰۰؍تک پہنچانے میں کامیاب ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK